صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

روی داس جی جیسے عظیم سنت پوری انسانیت  سے تعلق رکھتے ہیں  : صدر جمہوریہ کووند


صدرِ جمہوریۂ ہند نے   ‘شری گرو روی داس  وِشو مہا پیٹھ  راشٹریہ ادھیویشن – 2021’ میں شرکت کی

Posted On: 21 FEB 2021 2:13PM by PIB Delhi

نئی دلّی ، 21 فروری / صدرِ جمہوریۂ ہند جناب رام ناتھ کووند  نے کہا ہے کہ   سنت گرو روی داس جیسے  عظیم سنتوں کا تعلق  پوری  انسانیت سے ہوتا ہے۔ وہ  آج نئی دلّی میں ‘ شری گرو روی داس   وشو مہا پیٹھ راشٹریہ ادھیویشن  - 2021  ’ سے خطاب کر رہے تھے ۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ  شری گرو روی داس کسی خاص برادری ، ذات یا خطے  میں پیدا ہوئے ہوں  ، لیکن اُن جیسے سنت   ، اِن تمام حدود سے  بالا تر ہوتے ہیں ۔  سنت  کسی  خاص ذات ، برادری یا خطے  سے تعلق نہیں رکھتے  ۔ وہ ایسے اقدامات کرتے ہیں ، جو پوری انسانیت کی فلاح کے لئے ہوتے ہیں ۔  سنتوں    کا عمل  ہر قسم کے امتیاز اور     محدود ذہنیت   سے بالا تر ہوتا ہے ۔

          صدرِ جمہوریہ نے ، اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا   کہ  گرو روی داس جی   کے  فلسفے اور اقدار  جیسے   سماجی انصاف  ، برابری اور بھائی چارے کو   ہماری آئینی اقدار  میں   شامل کیا گیا ہے ۔ ہمارے آئین کے  معمار  ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے  گرو روی داس جی   کی تعلیمات     اور اصولوں  کو  آئین میں  سمو دیا ہے ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ سنت  روی داس جی  نے   سماج کے کسی بھی طبقے یا  کسی بھی  شخص کو  اپنی محبت  اور جذبے کے دائرے  سے باہر نہیں رکھا ۔  اگر کسی سنت کو  ، کسی خاص برادری   تک محدود رکھا جاتا ہے  تو یہ   شمولیت کے اصول   کے منافی ہو گا ، جس کی خود روی داس جی نے  تعلیم دی ہے ۔  اس لئے   لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ  اپنی سوچ اور رویے میں تبدیلی کریں ۔ کوششیں کی  جانی چاہئیں کہ اِن جیسی  تقریبات میں سماج کے سبھی طبقوں کی شرکت  کو یقینی  بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ   اس طرح کی کوششیں   ملک میں   سماجی برابری اور ہم آہنگی کو بڑھانے میں  مدد کریں گی ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ  گرو روی داس جی نے  ایک ایسے سماج  کا نظریہ  پیش کیا ہے ، جو  برابری کی بنیاد  پر ہو اور ہر قسم کے  امتیاز  سے پاک ہو ۔ انہوں نے اِسے  ‘ بے – غم پورہ ’ کا نام دیا ہے  یعنی ایسا شہر  جہاں   کسی خوف یا  پریشانی کے لئے کوئی جگہ نہ ہو ۔  ایسا  مثالی شہر  ہر قسم کے خوف ، پریشانی اور غم سے پاک ہو ۔ برابری اور سبھی کی بھلائی  کے نظریے پر  مبنی  قانون  کی بالا دستی  ، حکمرانی کا اصول ہو  اور  صرف ایسے  ہی  لوگ  ، جو اس طرح کے شہر  کے ویژن  کی حمایت کرتے ہیں  ، وہ گرو روی داس جی کے سچے ساتھی ہو سکتے ہیں ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ  حقیقت یہ ہے کہ  گرو روی داس جی نے  ‘ بے – غم پورہ ’ شہر کے طور پر   بھارت کا ویژن پیش کیا تھا ۔ وہ  اپنے ہم عصر سماج  کو تحریک   دے رہے تھے   کہ برابری اور  انصاف  پر مبنی ملک  تعمیر کیا جائے ۔ آج یہ تمام  شہریوں  کا فرض ہے کہ  وہ ایک ایسے سماج اور ملک  کی تعمیر کے لئے مل کر کام کریں اور سنت روی داس جی  کے سچے  عقیدت مند کہلانے کے قابل ہو سکیں ۔

         

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح  ۔ و ا ۔ ع ا ۔ 21.02.2021  )

U. No. 1789

 



(Release ID: 1699853) Visitor Counter : 193