نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

ترقی کو کسی تاخیر، تخفیف یا انحراف کے بغیر لوگوں تک پہنچنا چاہیے- نائب صدر جمہوریہ


پارلیمنٹ کے ممبروں کو دیگر عوامی نمائندوں کے لیے رول ماڈل بننا چاہیے- نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ نے ریاستی حکومتوں اور مقامی حکام سے کہا ہے کہ وہ ایم پی ایل اے ڈی ایس پروجیکٹوں کی بروقت عمل آوری کو یقینی بنائیں

نائب صدر جمہوریہ نے پارلیمانی ماہرین پر زور دیا ہے کہ وہ ماڈل گاؤوں کو فروغ دینے کے لیے ایم پی ایل اے ڈی ایس فنڈز کا استعمال کریں

ایم پی ایل اے ڈی اسکیم عوامی نمائندوں کو اپنے حلقوں کی خدمت کے قابل بنا کر لوگوں کو بااختیار بناتی ہے

نائب صدر جمہوریہ نے ایک کتاب کا اجرا کیا جس کا عنوان تھا’’پارلیمنٹری میسنجر ان راجستھان‘‘

نائب صدر جمہوریہ نے ایک پارلیمانی ماہر کے طور پر یہ کتاب تحریر کرنے کے لیے ڈاکٹر ابھیشیک سنگھوی کی ستائش کی

Posted On: 05 FEB 2021 6:37PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،5 فروری ،2021، نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج عوامی نمائندوں اور حکومتوں پر زور دیاہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ترقی بغیر کسی تاخیر، تخفیف یا انحراف کے لوگوں تک پہنچے۔ انھوں نے پارلیمنٹ ممبروں سے یہ چاہا کہ وہ عوامیت سے احتراز کریں اور لوگوں کی ان کی ترقیاتی ضرورتوں کے سلسلے میں رہنمائی کریں۔

’’پارلیمنٹری میسنجر ان راجستھان‘‘ نامی کتاب کا اجرا کرنے کے بعد ایک ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے پارلیمانی ماہرین پر یہ زور بھی دیا کہ وہ ایم پی ایل اے ڈی ایس فنڈز کو سنسد آدرش گرام یوجنا کے لیے استعمال کریں تاکہ گاؤوں کو ماڈل گاؤوں کے طور پر فروغ دیا جاسکے۔ یہ کتاب ڈاکٹر کے این بھنڈاری نے لکھی ہے اور اس میں راجستھان میں گزشتہ 12 برسوں یعنی 2006 سے 2018 تک ڈاکٹر ابھیشیک سنگھوی کی سفارش پر ایم پی ایل اے ڈی اسکیم کے ذریعے شروع  کئے گئے صحت اور تعلیم کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایم پی ایل اے ڈی اسکیم کا مقصد عوامی نمائندوں کوبااختیار بنانا ہے اور یہ کام اپنے حلقوں کی خدمت کرنے کے ذریعے کیا جانا چاہیے، جناب نائیڈو نے کہا کہ 1993 میں اس اسکیم کی شروعات سے 19 کروڑ اور 47 ہزار سے زیادہ کام مکمل کئے جاچکے ہیں اور اس اسکیم نے پورے ملک میں اثاثوں کی تشکیل میں مدد دی ہے۔

اسکیم پر عملدرآمد کے سلسلے میں جائزہ رپورٹوں میں ظاہر کی گئی بعض خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اسکیم کے بہت سے مثبت پہلوؤں پر توجہ دلائی مثلاً کاموں کی شناخت میں مقامی طبقوں کی بڑے پیمانے پر شرکت وغیرہ۔

انھوں نے حکومت کے اس فیصلے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ ایم پی ایل اے ڈی ایس کاموں کی نگرانی کے لیے تیسرے فریق کو مقرر کیا جائے تاکہ کام شفاف طریقے پر انجام پائے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا ’’مجھے یقین ہے کہ تیسرے فریق کی نگرانی کے طریقہ کار جس میں ممبران پارلیمنٹ کی دانشمندی اور تجربہ بھی شامل ہوگا، اس عمل کو معقول بنانےمیں مددگار ثابت ہوگی جس سے اس اسکیم کے ذریعے اثاثے پیدا کئے جاسکیں گے‘‘۔

نائب صدر جمہوریہ نے اسکیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے پارلیمانی کمیٹیوں کی طرف سے پیش کی گئیں بہت سی تجاویز کا ذکر کیا مثلاً فنڈز کی بروقت فراہمی اور ان کا مناسب استعمال، کاموں/ پرجیکٹوں کےمعیار کے جائزے کا طریقہ کار اور ان کی بروقت تکمیل نیز پارلیمنٹ ممبروں اور انتظامیہ حکام کے درمیان مؤثر تال میل کی ضرورت۔

جناب نائیڈو نے ریاستی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ سے یہ بھی کہا کہ وہ ممبران پارلیمنٹ کی سفارشات پر قول وفعل کے ساتھ عمل کے ذریعے ایم پی ایل اے ڈی ایس پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔

اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایوان میں ہونے والی بحثوں کی سطح اور سیاستدانوں کی شبیہ عوام کی آنکھوں میں گرتی جارہی ہے، نائب صدر جمہوریہ نے ممبران پارلیمنٹ سے چاہا کہ وہ  وقار اور شائستگی برقرار رکھیں اور اپنا فرض خلوص نیت کے ساتھ  ادا کریں۔ انھوں نے کہا ’’پارلیمنٹ کے ممبروں کو دیگر عوامی نمائندوں کے لیے یقینی طور پر رول ماڈل بننا چاہیے‘‘۔

ایک وکیل اور پارلیمانی ماہر کے طور پر کارنامے انجام دینے  کے لیے ڈاکٹر ابھیشیک سنگھوی کی تعریف کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے ان کے بہت سے کارناموں کا ذکر کیا جس میں کئی سال تک قانون اور انصاف سے متعلق پارلیمانی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر برقرار رہنا بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ  اس کتاب سے  ایم پی ایل اے ڈی  فنڈز کے صحیح استعمال اور  مقررہ نشانوں کے ذریعے عوامی بھلائی کے کام  کرنے کی صلاحیت کا اظہار ہوتاہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ایم پی ایل اے ڈی ایس کے تحت ترقیاتی کام میں مصروف تمام ساجھے داروں کے لیے اس سے رہنمائی ملے گی۔

راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش جی، مرکزی وزیر جناب تھاور چند گہلوت جی، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر جناب غلام نبی آزاد جی، ڈاکٹر ابھیشیک سنگھوی جی اور دیگر پارلیمنٹ ممبروں نے ورچوئل تقریب میں شرکت کی۔

*****

ش ح ۔اج۔را

U.No.1227



(Release ID: 1695802) Visitor Counter : 108