وزیراعظم کا دفتر

عالمی اقتصادی فورم کے داووس ڈائیلاگ میں وزیر اعظم کے خطاب کا متن

Posted On: 28 JAN 2021 7:52PM by PIB Delhi

نمسکار،

میں سب سے پہلے پروفیسر کلاس شواب اور عالمی اقتصادی فورم کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عالمی معیشت کے اس اہم پلیٹ فارم کو آپ نے اس مشکل دور میں بھی زندہ رکھا ہے۔ ایسے وقت میں، جب سب سے بڑا سوال یہ ہو کہ دنیا کی معیشتیں کیسے آگے بڑھیں گی، سبھی کی نظریں اس فورم پر ٹکی رہنا لازمی امر ہے۔

 

ساتھیو،

 

تمام تر خدشات کے درمیان آج میں آپ سبھی کے سامنے 1.3 بلین سے زائد بھارتیوں کی جانب سے دنیا کے لئے یقین، اثبات اور امید کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ جب کورونا آیا، تو مشکلیں بھارت کے سامنے بھی کم نہیں تھیں۔ مجھے یاد ہے گذشتہ برس فروری۔مارچ۔اپریل میں دنیا کے متعدد نامور ماہرین اور بڑے  بڑے اداروں نے کیا کہا تھا۔ پیشن گوئی کی گئی تھی کہ پوری دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بھارت ہوگا۔ کہا گیا کہ بھارت میں کورونا بیماری کی سونامی آئے گی، کسی نے 800۔700 ملین بھارتیوں کو کورونا ہونے کی بات کہی تو کسی نے 2 ملین سے زیادہ لوگوں کے ہلاک ہونے کا خوف ظاہر کیا تھا۔

دنیا کے بڑے بڑے اور جدید صحتی بنیادی ڈھانچے کے حامل ممالک کا اس وقت جو حال تھا، وہ دیکھ کر بھارت جیسے ترقی پذیر ملک کے لئے دنیا کی فکر کی بھی فطری تھی۔ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ تب ہماری کیا حالت رہی ہوگی۔ لیکن بھارت نے خود پر مایوسی کو مسلط نہیں ہونے دیا۔ بھارت فعالیت اور عوامی شراکت داری کی سوچ کے ساتھ آگے بڑھتا رہا۔

ہم نے کووِڈکے لئے مخصوص صحتی بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے پر زور دیا، ہم نے اپنے انسانی وسائل کو کورونا سے لڑنے کے لئے تربیت فراہم کی، جانچ اور پتہ لگانے کے لئے تکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا۔

اس لڑائی میں بھارت کے ہر ایک فرد نے صبر کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دیا، کورونا کے خلاف لڑائی کو ایک عوامی تحریک میں تبدیل کیا۔ آج بھارت دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جو اپنے زیادہ سے زیادہ شہریوں کی زندگی بچانے میں کامیاب رہا ہے اور جہاں آج کورونا سے متاثر لوگوں کی تعداد، جیسا کہ پربھو سر نے بتایا، تیزی سے گھٹ رہی ہے۔

 

ساتھیو،

 

بھارت کی کامیابی کا کسی ایک ملک کی کامیابی سے مقابلہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ جس ملک میں دنیا کی 18 فیصد آبادی رہتی ہے، اس ملک نے کورونا پر مؤثر انداز میں قابو پاکر نہ صرف پوری دنیا کو، بلکہ انسانیت کو بھی بڑے سانحہ سے بچایا ہے۔

کورونا شروع ہونے کے وقت ماسک، پی پی ای کٹ، ٹیسٹ کٹ ہم باہر سے منگاتے تھے۔ آج ہم نہ صرف اپنی گھریلو ضرورتیں پوری کر رہے ہیں بلکہ انہیں دیگر ممالک بھیج کر وہاں کے شہریوں کی خدمت بھی کر رہے ہیں۔ اور آج بھارت ہی ہے جس نے دنیا کا سب سے بڑا کورونا ٹیکہ کاری پروگرام بھی شروع کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں ہم اپنے 30 ملین صحتی اور ہراول دستے کے کارکنان کی ٹیکہ کاری کر رہے ہیں۔ بھارت کی رفتار کا اندازہ آپ اسی سے لگا سکتے ہیں کہ محض 12 دنوں میں بھارت اپنے 2.3 ملین سے زائد صحتی کارکنان کی ٹیکہ کاری کر چکا ہے۔ آئندہ چند مہینوں میں ہم اپنے تقریباً 300 ملین بزرگ اور ایک سے زیادہ بیماریوں کے شکار مریضوں کی ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کر لیں گے۔

 

ساتھیو،

 

سروے سنتو نرامیا۔ پوری دنیا صحت مند رہے، بھارت کی اس ہزاروں برس قدیم پرارتھنا پر عمل کرتے ہوئے بحران کے اس دور میں بھارت نے اپنی عالمی ذمہ داری کو بھی آغاز سے ہی نبھایا ہے۔ جب دنیا کے متعدد ممالک میں ہوائی خدمات بند تھیں تب ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو ان کے ملک پہنچانے کے ساتھ ہی بھارت نے 150 سے زائد ممالک کو ضروری ادویہ بھی ارسال کیں۔ متعدد ممالک کے صحتی ملازمین کو بھارت نے آن لائن تربیت فراہم کی۔ بھارت کی روایتی ادویہ۔ آیوروید کیسے قوت مدافعت میں اضافہ کرنے میں مددگار ہے، ہم نے دنیا کی اس سلسلے میں بھی رہنمائی کی۔

آج بھارت، کووِڈ کا ٹیکہ دنیا کے متعدد ممالک میں بھیج کر، وہاں پر ٹیکہ کاری سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو تیار کرکے، دوسرے ممالک کے شہریوں کی بھی زندگی بچا رہا ہے اور یہ سن کر عالمی اقتصادی فورم میں سبھی کو تسلی ہوگی کہ ابھی تو محض دو میڈ اِن انڈیا کورونا ٹیکے دنیا میں آئے ہیں، آنے والے وقت میں کئی اور ٹیکے بھارت سے بن کر آنے والے ہیں۔ یہ ٹیکے دنیا کے ممالک کو مزید بڑے پیمانے پر، مزید تیزرفتاری سے مدد کریں گے۔

بھارت کی کامیابی کی اس تصویر، بھارت کی اہلیت کی اس تصویر کے ساتھ میں دنیا کی معیشتوں کو یہ یقین بھی دلا رہا ہوں کہ اقتصادی محاذ پر بھی صورتحال اب تیزی سے تبدیل ہوگی۔ کورونا کے دور میں بھی بھارت نے بنیادی ڈھانچہ سے متعلق لاکھوں کروڑ روپئے کے پروجیکٹس شروع کیے، روزگار کے لئے خصوصی اسکیمیں چلاکر، اقتصادی سرگرمیوں کو برقرار رکھا تھا۔ تب ہم نے ایک ایک زندگی کو بچانے پر زور دیا، اب بھارت کی ایک ایک زندگی ملک کی ترقی کے لئے پورے جی جان سے لگ گئی ہے۔

اب بھارت، آتم نربھر بننے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ بھارت کی خودکفالت کی یہ آرزو، گلوبلزم کو نئے سرے سے مضبوط کرے گی۔ اور مجھے پختہ یقین ہے کہ اس مہم کو صنعت 4.0 سے بھی بہت بڑی مدد حاصل ہوگی۔ اس کے پس پشت وجہ بھی ہے، اور اس یقین کی بنیاد بھی ہے۔

 

ساتھیو،

 

ماہرین بتاتے ہیں کہ صنعت 4.0 کے چار اہم عوامل ہوں گے۔ کنکٹیوٹی، آٹومیشن، آرٹیفیشل انٹلی جینس یا مشین لرننگ اور رئیل ٹائم ڈاٹا۔ آج بھارت دنیا کے ان ممالک میں سے ہے جہاں سب سے سستا ڈاٹا دستیاب ہے، جہاں کے دور دراز کے علاقوں میں بھی موبائل کنکٹیوٹی ہے، اسمارٹ فون ہے۔ بھارت کے آٹومیشن، ڈیزائن کے ماہرین کی بھی بڑی تعداد موجود ہے اور زیادہ تر عالمی کمپنیوں کے انجینئرنگ سینٹر بھی بھارت میں ہیں۔ آرٹیفیشل انٹلی جینس اور مشین لرننگ میں بھارت کے سافٹ ویئر انجینئرس، برسوں سے اپنی اہلیت دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔

 

ساتھیو،

 

گذشتہ 6 برسوں میں بھارت میں جس طرح ڈجیٹل بنیادی ڈھانچے کے لئے کام ہوا ہے، وہ عالمی اقتصادی فورم کے ماہرین کے لئے بھی ایک مطالعہ کا موضوع ہے۔ اس بنیادی ڈھانچے نے ڈجیٹل حل کو بھارت کے لوگوں کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنا دیا ہے۔ آج بھارت کے 1.3 بلین سے زیادہ لوگوں کے پاس یونیورسل آئی ڈی۔ آدھار ہے۔ لوگوں کے بینک کھاتے اور یونیورسل آئی ڈی، ان کے فون سے مربوط ہیں۔ ابھی دسمبر کے مہینے میں ہی بھارت میں 4 کھرب روپئے کے بقدر کا لین دین یوپی آئی سے ہوا ہے۔ یہاں جو بینکنگ شعبے کے لوگ ہیں، وہ جانتے ہیں کہ کس طرح سے دنیا کے بڑے بڑے ممالک، بھارت کے ذریعہ تیار کیے گئے یوپی آئی نظام کو اپنے یہاں دوہرانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 

ساتھیو،

 

ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ کورونا بحران کے دوران متعدد ممالک پریشان تھے کہ اپنے شہریوں تک براہِ راست معاشی مدد کیسے پہنچائیں؟ آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ اسی دوران بھارت نے 760 ملین سے زیادہ لوگوں کے بینک کھاتوں میں 1.8 کھرب روپئے سے زائد راست طور پر منتقل کیے۔ یہ بھارت کے مضبوط ڈجیٹل بنیادی ڈھانچے کی ہی طاقت کی مثال ہے۔

ہمارے ڈجیٹل بنیادی ڈھانچے نے پبلک سروس ڈلیوری کو مؤثر بھی بنایا ہے اور شفاف بھی۔ اب بھارت اپنے 1.3 بلین شہریوں کو حفظانِ صحت تک آسان رسائی کے لئے منفرد صحتی آئی ڈی دینے کی بھی مہم شروع کر رہا ہے۔

 

اور ساتھیو،

 

میں آج اس ممتاز فورم پر سبھی کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ بھارت کی ہر کامیابی، پوری دنیا کی کامیابی میں مدد کرے گی۔ آج ہم جو آتم نربھر بھارت ابھیان چلا رہے ہیں وہ بھی عالمی بھلائی اور عالمی سپلائی چین کے تئیں پوری طرح وقف ہے۔ بھارت کے پاس عالمی سپلائی چین کو مضبوط کرنے کے لئے صلاحیت بھی ہے، اہلیت بھی ہے اور سب سے بڑی بات بھروسہ بھی ہے۔ بھارت کے پاس آج بہت بڑا کنزیومر بیس ہے اور یہ جتنا وسیع ہوگا، اتنا ہی عالمی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔

 

ساتھیو،

 

پروفیسر کلاس شواب نے کبھی کہا تھا۔ بھارت امکانات سے بھرا عالمی کھلاڑی ہے۔ میں آج اس میں یہ اضافہ کروں گا کہ بھارت امکانات کے ساتھ ساتھ خوداعتمادی سے بھرا ہوا ہے، نئی توانائی سے بھرا ہوا ہے۔ گذشتہ برسوں میں بھارت نے اصلاحات اور مراعات پر مبنی محرک پر بھی زور دیا ہے۔

کورونا کے اس دور میں بھی بھارت نے تقریباً ہر شعبے میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی رفتار کو تیز کیا ہے۔ ان اصلاحات کو پیداوار سے مربوط مراعات سے مضبوط کیا جا رہا ہے۔ اب بھارت میں ٹیکس نظام سے لے کر ایف ڈی آئی معیارات تک ایک قابل پیشن گوئی اور دوستانہ ماحول ہے۔

بھارت میں کاروبار کرنا آسان بنانے کی صورتحال مسلسل بہتر ہو، اس سمت میں بھی کام جاری ہے۔ اور ایک بات یہ بھی ہے کہ بھارت اپنی نمو کو تبدیلی آب و ہوا کے ساتھ بہت تیزی سے موافق بنا رہا ہے۔

 

ساتھیو،

 

صنعت 4.0 کو لے کر ہو رہے اس مباحثے کے درمیان، ہم سبھی کو ایک اور بات یاد رکھنی ہے۔ کورونا بحران نے ہمیں انسانیت کی قدر پھر یاد دلائی ہے۔ ہمیں یاد رکھنا ہے کہ صنعت 4.0 بھی روبوٹس کے لئے نہیں بلکہ انسانوں کے لئے ہے۔ ہمیں اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ تکنالوجی، زندگی جینا آسان بنانے کا ذریعہ بنے نہ کہ کوئی جال۔ اس کے لیے پوری دنیا کو باہم مل کر قدم اٹھانے ہوں گے، ہم سب کو مل کر قدم اٹھانے ہوں گے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔

اسی یقین کے ساتھ اب میں سوال ۔ جواب کے سیشن کی طرف بڑھنا چاہوں گا اور ہم اس طرف آگے بڑھتے ہیں۔۔۔

 

شکریہ!

****

ش ح ۔اب ن

U-919


(Release ID: 1693086) Visitor Counter : 235