وزارت سیاحت
لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے وزیرسیاحت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل کی موجودگی میں بھارت پرو 2021 کا افتتاح کیا
ہم پورے ملک کو سیاحت اور ثقافت کے ذریعہ جوڑنے کے لئے کام کررہے ہیں :لوک سبھا اسپیکر
سرکار کی طرف سے مثبت رویہ اور موثر منصوبہ بندی کی بناپر سیاحت کی صنعت کو کووڈ کے اثرات سے بہتر طریقہ سے ابھارنے میں مدد مل رہی ہے :وزیرسیاحت
بھارت پرو ‘ایک بھارت شریشٹھ بھارت ’کی روح کو اجاگر کرتا ہے
Posted On:
26 JAN 2021 10:05PM by PIB Delhi
لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے آج ایک ورچوئل قومی میلے ‘بھارت پرو 2021’ کا افتتاح کیا جس میں ملک کی متنوع ثقافت، مختلف قسم کے کاموں اور دستکاریوں کی نمائش کی گئی تھی۔ سیاحت اور ثقافت کے وزیرمملکت (آزادنہ چارج)جناب پرہلاد سنگھ پٹیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔مرکزی وزارتوں کے ساتھ مل کر سیاحت کی وزارت اس سال ورچوئل بھارت پرو میلا 26 سے 31 جنوری 2021 تک منعقد کررہی ہے۔ جس میں‘ ایک بھارت شریشٹھ بھارت’ کے جذبہ کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب اوم برلا نے ہر شخص کو ملک کے 72 ویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی ۔ ہندوستانی جمہوریت کی ستائش کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے اظہار خیال کیا کہ آئین کی رہنمائی میں ہمارے ملک میں جمہوریت پچھلی سات دہائیوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوئی ہے۔
سیاحتی شعبے کے حوالے سے جناب برلا نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایسی کوئی ریاست یا کوئی ضلع نہیں ہے جو اپنی کوئی اہم خصوصیت نہ رکھتا ہو اور اسی انفرادیت کی بنا پر ہندوستان عالمی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی بناہوا ہے۔ جناب اسپیکر نے کہا کہ ہم پورے ملک کو سیاحت اور ثقافت کے ذریعہ جوڑنے کے لئے کام کررہے ہیں۔
جناب برلا نے مزید کہا کہ بھارت پرو پروگرام کا انعقاد کرکے وزارت نے بھارت کی سیاحتی ،روحانی اور دیگر سرگرمیوں کو یکجا کرکے قابل تعریف کام انجام دیا ہے۔
یہ بتاتے ہوئے کہ کووڈ- 19 نےسیاحتی شعبے کے لئے سب سے بڑا چیلنج پیش کیا ہے، جناب برلا نے اظہار خیال کیا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود سیاحت کے شعبے نے اس چیلنج کو ایک موقع میں تبدیل کرنے کا بہترین کام کیا ہے۔ ہندوستان میں سیاحتی شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ سیاحت ہی وہ واحد شعبہ ہے جو سب سے زیادہ افراد کو روزگار مہیا کرتا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ اگر ہم ملک کی سماجی اور معاشی صورتحال کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو یہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دی جائے۔ جناب برلا نے مزید کہا کہ ہر ریاست نے سیاحت کے شعبے میں اپنی بہبود ، یوگا اور روحانیت سے متعلق اہداف کی ترقی کے لئے جدوجہد کی ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیرسیاحت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے کہا کہ ملک کے ثقافتی تنوع اور مالامال وراثت کی نمائش کے لئے سیاحت ایک بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سیاحت کی طرف سے ‘دیکھو اپنا دیش’ جیسے اقدام کا مقصد شہریوں کی ملک کے طول و عرض میں سفر کرنے کے لئے حوصلہ افزائی اور سیاحت کے میدان کو وسعت دینا ہے جس سے مقامی معیشت میں ترقی اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ یہ پہل وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ہے۔ جو ہر شہری سے گھریلو سیاحت کے فروغ کے لئے 2022 تک کم از کم 15 مقامات کی سیاحت کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے مزید کہا کہ اگرچہ کووڈ-19 وبا کے دوران سیاحت سب سے زیادہ متاثر ہونے والی صنعت تھی، لیکن حکومت مثبت اقدامات اور موثر منصوبہ بندی کے ذریعہ بہت عمدہ طریقہ سے اس صنعت کو دوبارہ ابھرنے میں مدد دے رہی ہے۔ وزیرمحترم نے کہا کہ ہندوستان کی متنوع ثقافت ہماری زبردست طاقت ہے جسے ہم دنیا کے سامنے سیاحت کے راستے سے پیش کرسکتے ہیں۔
سیاحت کے سکریٹری جناب یوگیندر ترپاٹھی نے بتایا کہ وزارت سیاحت حکومت ہندسال 2016 سےہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر 26 سے 31 جنوری تک لال قلعہ کے سامنے والے میدان میں منعقد کرتی آرہی ہے۔ یہ عظیم الشان پروگرام حب الوطنی کے جذبات کو ابھارتا ہے اور ملک کےثقافتی تنوع کو اجاگرکرتا ہے۔جناب سکریٹری نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت پرو ‘ہندوستان کی روح’ کے حوالے سے ایک جشن ہے تاہم کووڈ-19 سے پیدا ہونے والی صورتحال کی بنا پر اس سال اس کا انعقاد ورچوئل پلیٹ فارم سے کیا جارہا ہے۔
اس جشن کے دوران مختلف مرکزی وزارتیں اور دیگر تنظیمیں جن میں ثقافت کی وزارت، آیوش کی وزارت، امور صارفین کی وزارت ، ریلوے کی وزارت ، شہری ہوابازی کی وزارت، ڈیولپمنٹ کمشنر ہینڈلوم ، ڈیولپمنٹ کمشنر ہینڈی کرافٹ ، للت کلا اکیڈمی، بھارت کی محکمہ آثار قدیمہ ، نیشنل میوزیم ، نیشنل گیلری آف مارڈن آرٹ، اطلاعات و نشریات کی وزارت کے میڈیا اکائیوں ، کھادی اور دیہی صنعت کمیشن (کے وی آئی سی) وغیرہ شامل ہیں، ہندوستان بھر سے آنے والے فنکاروں کے ذریعہ دستکاری ، ہتھ کرگھا، موسیقی، رقص، پینٹنگ ،ادبی مواد اور دیگر بہت سی چیزوں کی نمائش کرتے ہیں۔
اس ورچوئل پلیٹ فارم پر یوم جمہوریہ پریڈ کی جھلکیاں اور مسلح افواج کے میوزک بینڈ کے ریکارڈیڈ پروگرام بھی دستیاب رہیں گے۔ ہوٹل منیجمنٹ کے مختلف مرکزی ادارے اور انڈین کیولینری انسٹی ٹیوٹ بھی ویڈیوز کے ذریعہ ملک بھر کے بہترین کھانے طباخی کے نمونوں کے طور پر پیش کریں گے۔
یہ منفرد ورچوئل بھارت پرو 2021 بہت سے ویڈیوز /فلموں ، تصویروں ، بروشرز کے علاوہ مختلف تنظیموں کے متعلق معلومات بھی پیش کرے گا۔ دنیا بھر کے لوگ اس بھارت پرو نام کے میلے کا لطف اٹھا سکتے ہیں اور ہندوستان کے اصل روح سے واقف ہوسکتے ہیں۔ اس کے لئے انہیں اپنے موبائیل فون، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر وغیرہ پر www.bharatparv2021.com پر لاگ آن کرنا ہوگا۔
****
(ش ح ۔ س ب ۔ م ص)
U- 854
(Release ID: 1692594)
Visitor Counter : 150