وزارت دفاع
جناب راج ناتھ سنگھ نے این سی سی کے جیالوں کو رکشا منتری پدک اور توصیف نامہ سے نوازا
Posted On:
21 JAN 2021 5:07PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 21/جنوری 2021 ۔ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 21 جنوری 2021 کو نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) یوم جمہوریہ کیمپ 2021 کے اپنے دورے کے دوران، نئی دہلی میں واقع دہلی کینٹ میں منعقدہ ایک پراثر ’تقسیم انعامات تقریب‘ کے دوران غیرمعمولی کارکردگی اور اپنے فرائض کے تئیں خودسپردگی کے لئے این سی سی کیڈٹوں کو رکشا منتری پدک اور توصیف نامہ سے نوازا۔
این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ترون کمار آئچ نے جناب راج ناتھ سنگھ کا خیرمقدم کیا۔ فوج کی تینوں شاخوں بری، بحری اور فضائی سے منتخب این سی سی کے ایک دستہ نے وزیر دفاع کو گارڈ آف آنر دیا۔
بہار و جھارکھنڈ ڈائریکٹوریٹ کے سینئر انڈر آفیسر (ایس یو او) پرشانت کمار تیواری اور اترپردیش ڈائریکٹوریٹ کے لیفٹیننٹ کمانڈر جتیندر پال سنگھ کو رکشا منتری پدک سے نوازا گیا۔ اس پدک کا قیام 1989 میں عمل میں آیا تھا۔ اس سال سے یہ پدک ہر سال شجاعت یا غیرمعمولی کارکردگی کے لئے سب سے زیادہ مستحق کیڈٹ کو دیا جاتا ہے۔ جموں، کشمیر اور لداخ ڈائریکٹوریٹ کی لیفٹیننٹ شیوانی شرما، کرناٹک اور گوا ڈائریکٹوریٹ کے ایس یو او شریشما ہیگڑے، مغربی بنگال و سکم ڈائریکٹوریٹ کے کیڈٹ سید شجید اور دہلی ڈائریکٹوریٹ کی سینئر جی سی آئی نیوا سنگھ کو رکشا منتری توصیف نامہ سے نوازا گیا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے اپنی تقریر میں ’ایکسرسائز این سی سی یوگدان‘ کے توسط سے صف اوّل کے کورونا جانبازوں کے طور پر تعاون کے لئے این سی سی کی ستائش کی، جس میں متعدد سرگرمیوں کے ذریعے کووڈ-19 کی وبا کی روک تھام کی خاطر ملک بھر کے 139961 کیڈٹوں اور 21380 اسٹاف نے حصہ لیا۔ ان سرگرمیوں میں ٹریفک مینجمنٹ، کھانا اور ضروری اشیاء کی تقسیم، قطار بندوبست، ضرورت مند لوگوں کے لئے ماسک کی تیاری و تقسیم وغیرہ شامل ہیں۔ وزیر دفاع نے این سی سی ٹریننگ ایپ اور اپنے سبھی کیڈٹوں نیز این سی سی افسروں کے فائدے کے لئے ڈیجیٹل فورم شروع کرکے ڈیجیٹل کاری کی سمت میں قدم بڑھانے کے لئے بھی این سی سی کی تعریف کی۔
15اگست 2020 کو لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اعلان کے مطابق سرحدی اور ساحلی علاقوں میں این سی سی کی تعداد کو بڑھاکر ایک لاکھ کرنے کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے سرحدی اور ساحلی علاقوں میں واقع 1104 اسکولوں اور کالجوں میں مختصر مدت کے دوران ایک لاکھ کیڈٹوں کے اندراج کے ہدف کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا اور این سی سی کی ستائش کی۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کثیر جہتی سرگرمیوں کے توسط سے ڈیجیٹل انڈیا، آتم نربھر بھارت، قومی یکجہتی اور قوم کی تعمیر کے سلسلے میں گراں قدر تعاون کے لئے بھی این سی سی برادری کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو ایک مربوط اور نظم و ضبط کی پابند قوت میں تبدیل کرنے کے ذریعے این سی سی قوم کی گراں قدر خدمت انجام دے رہا ہے۔

******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 669
(Release ID: 1691086)