وزارت دفاع

نوجوانوں کو ذمہ دار شہری بنانے کے تئیں نیشنل کیڈٹ کور پابند  عہد، این سی سی کے تربیتی فلسفے میں نوجوانوں کو ایسی صلاحیتوں سے لیس کرنا شامل ہے جس کی بدولت وہ مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرسکیں: ڈائریکٹر جنرل این سی سی


این سی سی کیڈٹ یوم جمہوریہ کی پریڈ میں حصہ لیں گے

Posted On: 08 JAN 2021 6:03PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  8/جنوری 2021 ۔ نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل ترون کمار آئچ نے کہا کہ این سی سی نوجوانوں کو ذمہ دار شہری کے طور پر تیار کرنے کے لئے پابند عہد ہے، تاکہ وہ قوم کی تعمیر میں اہم تعاون دے سکیں۔ 8 جنوری 2021 کو نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ 26جنوری کو ہونے والی یوم جمہوریہ کی پریڈ میں این سی سی کیڈیٹس کے دو گروپ حصہ لیں گے، ان میں ایک لڑکوں کا اور ایک لڑکیوں کا گروپ ہوگا۔ ان کیڈیٹس کو ان لوگوں میں سے منتخب کیا جائے گا جو یوم جمہوریہ کیمپ، آر ڈی سی – 2021 میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ 4 جنوری 2021 سے کریپا پریڈ گراؤنڈ، دہلی کیمپ میں شروع ہوا تھا۔ 380 گرل کیڈیٹس سمیت کل 1000 کیڈیٹس اس میں شامل ہوئے تھے۔ ملک کی 28 ریاستوں اور 9 مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے این سی سی کیڈیٹس اس ایک ماہ طویل کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یوم جمہوریہ کیمپ کا مقصد اس میں حصہ لینے والے کیڈیٹس کو اپنے ملک کی خوش حال ثقافت اور روایات سے متعدد ثقافتی پروگراموں کے توسط سے روبرو کرانا ہے۔ یہ پروگرام یوم جمہوریہ کی تیاریوں کی شکل میں ہوگا اور خود وزیر اعظم 28 جنوری 2021 کو پی ایم ریلی کے لئے این سی سی کیمپ کا دورہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کیمپ کے سب سے شاندار انعقاد میں کیڈیٹس یہاں حاصل کی گئی کثیر جہتی صلاحیتوں کی 28 جنوری 2021 کو وزیر اعظم کے سامنے نمائش کریں گے۔ کیڈیٹس کے گروپ شاندار مارچ کرتے ہوئے اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ اور دفاعی امور کے وزیر مملکت جناب سریپد یسونائک 28 جنوری 2021 کو کیمپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔

کیمپ میں حصہ لینے والے کیڈیٹس متعدد پروگراموں میں حصہ لیتے ہیں، جن میں تحریری امتحان، آرمس ڈرل، مائکرولائٹ فلائنگ اور بہترین کیڈٹ کمپٹیشن شامل ہیں۔ اس دوران کئی مقابلے بھی ہوتے ہیں جن میں این این سی کے سبھی 17 ڈائریکٹوریٹس میں ’وزیر اعظم بینر‘ جیتنے کے لئے باہمی مقابلہ ہوتا ہے۔ یہ باوقار ایوارڈ خود وزیر اعظم 28 جنوری کو فاتحین کو دیتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ترون کمار آئچ نے یہ ذکر بھی کیا کہ ہمارے نوجوانوں کی بدلتی ہوئی امنگوں اور سماج کی توقعات کی تکمیل کے لئے کیڈیٹس کے تربیتی فلسفے کو اور بھی زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔ انھوں نے مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے کیڈٹ کو تیار کرنے کے مقصد سے اب ان میں شخصیت کے فروغ، قائدانہ صلاحیت اور دیگر ضروری ہنرمندیوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، قوم کی تعمیر، سماجی بیداری مہمات، کمیونٹی ترقیاتی پروگرام، ماحولیاتی تحفظ، کھیل اور جرأت مندانہ کاموں کے شعبے میں این سی سی کی اہم حصول یابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انھوں نے کووڈ-19 کی وبا کے دوران 139961 این سی سی کیڈیٹس اور 21380 ملازمین کے تعاون کی ستائش کی۔ سابقہ ’این سی سی یوگدان‘ کے ذریعے ٹریفک بندوبست، خوراک اور ضروری اشیاء کی تقسیم، قطار بندوبست اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے، سپلائی چین بندوبست، بزرگ شہریوں کی مدد، سی سی ٹی وی کنٹرول روم، کھانے کے پیکٹوں کی تیاری اور تقسیم، فیس ماسک کی تیاری اور ضرورت مندوں کے مابین ان کی تقسیم وغیرہ جیسی متعدد سرگرمیوں میں این سی سی کیڈیٹس نے صف اوّل کے کورونا جانبازوں کی شکل میں بہترین کام کیا ہے۔ این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل نے حال ہی میں کیرالہ اور بہار میں سیلاب راحت رسانی سے متعلق کام میں رضاکارانہ حصے داری کے لئے بھی این سی سی کیڈیٹس کی ستائش کی۔

 

******

 

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 227

08.01.2021



(Release ID: 1687253) Visitor Counter : 95