وزارتِ تعلیم

مرکزی وزیر تعلیم نے اساتذہ، والدین اور طلبہ کے ساتھ آنے والے مسابقتی اور بورڈ امتحانات کے سلسلے میں مجازی طور پر بات چیت کی


طلباء قومی تعلیمی پالیسی -2020 ء کے برانڈ سفیر ہیں : جناب رمیش پوکھریال ' نشنک'

بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا فیصلہ کرنے کے لئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے: مرکزی وزیر تعلیم

جے ای ای (مین) امتحان 2021 ایک سال میں چار بار منعقد کئے جانے کے مشورے پر مثبت طور پر غور کیا جائے گا:رمیش پوکھریال ' نشنک'

جے ای ای (مین 2021) کا نصاب پچھلے سال کی طرح ہی رہے گا اور ایک تجویز زیر غور ہے کہ کیا طلبا کو 100 سوالات میں سے 75 سوالات کے جوابات دینے کا متبادل دیا جائے: مرکزی وزیر تعلیم

Posted On: 10 DEC 2020 3:12PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی 10دسمبر  :

مرکزی وزیرتعلیم جناب رمیش پوکھریال 'نشنک' نے آئندہ مسابقتی اور بورڈ امتحانات کے سلسلے میں پورے ملک کے اساتذہ ، والدین اور طلباء کے ساتھ مجازی طور پر بات چیت کی۔ ایک گھنٹے کی بات چیت کے دوران وزیر موصوف نے اسکولوں کے امتحانات اور داخلہ امتحانات سے متعلق طلباء کے مختلف خدشات اور سوالات کے جوابات دیئے۔

اس موقع پر جناب پوکھریال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء قومی تعلیمی پالیسی -2020 کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہم سب کو پالیسی کو شاندار کامیابی دلانے کے لئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی ، انہوں نے پالیسی کے موثر نفاذ میں طلباء اور اساتذہ کا تعاون طلب کیا۔ اس امید کے ساتھ کہ طلباء جلد ہی اسکول کے معمول کے دنوں میں واپس آجائیں گے ، وزیر نے انھیں کووڈ سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر اور رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھنے کی بھی تاکید کی۔

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا کہ طالب علم اس وقت کا استعمال قلم دوست ثقافت کو زندہ کرنے کے لئے کرسکتا ہے جو دوستوں کو خطوط لکھ رہا ہے۔ ایس ایم ایس ، واٹس ایپ کے موجودہ رجحان سے آگے جاکر دوستوں کو خطوط لکھنے کا یہ عمل مزید خوشی لائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے طلبا کی تحریری صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

'' میری کتاب ، میری دوست مہم" میں طلبا کی فعال شراکت داری کو یاد کرتے ہوئے وزیر موصوف نے طلبا کو پڑھنے کی عادت جاری رکھنے کو کہا۔ انہوں نے طلباء سے دوستوں ، رشتہ داروں اور دیگر افراد کو سالگرہ کے تحفے میں کتاب دینے کو بھی کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پر عمل کرنے سے درس و تدریس کی ثقافت کی ترقی اور تعمیر ہوگی۔

انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی درس وتدریس کا عمل جاری رہا۔ وزارت تعلیم کی جانب سے کووڈ کے دوران تعلیم کی فراہمی کے لئے شروع کیے گئے مختلف اقدامات پر انہوں نے پی ایم وی۔ ودیا کے بارے میں جانکاری دی جو ڈیجیٹل / آن لائن / ریڈیو میڈیم کے ذریعہ کروڑوں طلباء کو مستفیض کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈکشا ، سوایم پربھا، آئی آئی ٹی پی اے ایل کا بھی ذکر کیا۔ ان پروگراموں سے تعلیم تک دسترس اور دستیابی کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزارت نے کووڈ کے دوران تمام طلبا کی تعلیم کو اہل بنانے کے لئے باقاعدہ ہدایات اور ایس او پیز جاری کیے ہیں جیسے پرگیتا رہنما خطوط ، تعلیمی کلینڈر وغیرہ۔

انہوں نے اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ این ای ای ٹی اور جے ای ای جیسے مسابقتی امتحانات کامیاب طور پر منعقد کرائے گئے اور امتحان میں شرکت کرنے والے ہر ایک طالب علم کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی خوشی ظاہر کی کہ طلبا کے لئے ٹول فری ٹیلی کاؤنسلنگ کی سہولت وزارت کے ذریعہ شروع کی گئی تھی ، جس میں ہندوستان او متعدد بیرون ممالک میں طلبا کو مشاورت کی خدمات فراہم کی گئیں۔

جے ای ای امتحان کے نصاب اور تاریخوں سے متعلق طلباء کی طرف سے اٹھائے جانے والے خدشات کے بارے میں جناب پوکھریال نے کہا کہ جے ای ای (مین امتحان) 2021 کے بارے میں یہ مشورہ ملا ہے کہ مذکورہ امتحان ایک سال میں چار بار منعقد کیا جائے۔ اس بارے میں مثبت طور پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ امتحان فروری کے آخر میں شروع ہو کر اس کے بعد مارچ، اپریل اور مئی۔ 2021 میں ہر بار 3۔4 دنوں میں منعقد کرنے کا مشورہ ملا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جے ای ای (مین 2021) کا نصاب پچھلے سال کی طرح ہی رہے گا اور اس تجویز پر غور کیا جا رہا ہے کہ کیا طلبا کو 90 سوالات (فزکس ، کیمسٹری اور ریاضی کے 30-30 سوالات) میں سے 75 سوالات (فزکس ، کیمسٹری اور ریاضی کے ہر ایک 25-25 سوال) کا جواب دینے کا متبادل دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جے ای ای (مین) 2020 میں 75 سوالات (فزکس ، کیمسٹری اور ریاضی میں 25۔25 سوالات) تھے جن کا امیدواروں کو جواب دینے کے لئے متبادل دیا گیا تھا۔

مرکزی وزیر نے بتایا کہ وزارت آنے والے تعلیمی سال میں داخلے کے لئے جے ای ای (مین) 2021 میں امیدواروں کے ایک/ دو/ تین/ چار بار شامل ہونے کا متبادل دینے کے لئے مثبت طور پر دئیے گئے مشورے پر غور وخوض کرے گی۔

این ای ای ٹی کے نصاب اور تاریخوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم نے وضاحت کی کہ وزارت برائے صحت وکنبہ بہبود اور نیشنل میڈیکل کمیشن ( این ایم سی) کے ساتھ صلاح ومشورہ کر کے این ای ای ٹی (یوجی) 2021 کے لئے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ این ای ای ٹی (یو جی) 2021، کے لئے نصاب کے سلسلے میں جناب پوکھریال نے کہا کہ نصاب پچھلے سال کی طرح ہی رہے گا۔ امتحان آن لائن یا آف لائن کرائے جانے کے طریقے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزارت برائے صحت وکنبہ بہبود اور نیشنل میڈیکل کمیشن ( این ایم سی) سے صلاح ومشورہ کیا جا رہا ہے۔

دسویں کلاس اور 12 ویں کلاس کے بورڈ امتحانات کے بارے میں مطلع کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا فیصلہ کرنے کے لئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے اور اسٹیک ہولڈرز کے تاثرات کی بنیاد پر جلد ہی اس کا اعلان کیا جائے گا۔

سی بی ایس ای پریکٹیکل امتحانات کی منسوخی یا التوا سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ پریکٹیکل سیمت بورڈ کے امتحانات کرائے جانے کی تاریخوں کے بارے میں ابھی سی بی ایس ای کو فیصلہ کرنا ہے۔ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر طلباء امتحانات سے پہلے کلاسوں میں پریکٹیکل نہیں کر پاتے ہیں تو پھر پریکٹیکل امتحانات کے متبادل طریقوں کا پتہ لگایا جائے گا۔

کلاس 12 کے ہٹائے گئے حصے کے بارے میں طلباء اور اساتذہ کے مابین پائے جانے والے شکوک و شبہات کو واضح کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سی بی ایس ای نے پہلے ہی اپنی ویب سائٹ پر نظر ثانی شدہ نصاب اپ لوڈ کیا ہے۔ نیز ہٹائے گئے حصے کی تفصیلات بھی سمری فارم میں دی گئی ہیں۔ کسی بھی شک وشبہ کے لئے اسکول سی بی ایس ای سے رابطہ کرسکتے ہیں یا سی بی ایس ای کی ویب سائٹwww.cbseacademic.nic.in دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ویب سائٹ پر ہر ایک باب کے ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے لئے وہ سی بی ایس ای کو ہدایت بھی دیں گے۔

بورڈ امتحانات میں شامل ہونے والے طلبا کے لئے اسکولوں کو پھر سے کھولنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کی حفاظت کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے جناب پوکھریا نے بتایا کہ اسکولی تعلیم اور خواندگی کے محکمہ ، وزارت تعلیم نے پہلے ہی اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لئے ایس او پی / گائیڈ لائن جاری کردی ہے جو اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لئے صحت اور حفاظتی پہلوؤں سے متعلق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتیں ریاستوں کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں۔

اختتام کے دوران وزیر موصوف نے طلباء سے بات چیت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ سے نہ گھبرانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت طلبہ کی حفاظت اور ان کی تعلیمی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے تئیں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امتحانات اور نصاب وغیرہ کے بارے میں تازہ ترین معلومات وقتا فوقتا وزارت اور اس کے خود مختار اداروں کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔

******

م ن۔ ن ا۔ م ف

U:7988


(Release ID: 1679891) Visitor Counter : 1479