وزارت دفاع

دلّی میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کووڈ اسپتال میں آئی سی یو کی گنجائش میں اضافہ

Posted On: 29 NOV 2020 6:41PM by PIB Delhi

نئی لّی ، 30 نومبر  / دفاعی تحقیق  و ترقی  کی تنظیم ، ڈی آر ڈی او نے دلّی این سی آر میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر مرکزی حکومت کی صلاح پر دلّی کے سردار ولبھ بھائی پٹیل کووڈ اسپتال میں آئی سی یو  بستروں کی تعداد  بڑھا کر 500 کر دی ہے ۔ سبھی بستروں کے لئے آکسیجن فراہم کی گئی ہے ۔ مسلح افواج کی طبی خدمات کے سکریٹری جنرل  ( ڈی جی اے ایف ایم ایس ) لیفٹننٹ جنرل انوپ بنرجی  ایس ایم ، پی ایچ ایس ،  موجودہ اضافے کو پورا کرنے کی خاطر سہولیات میں اضافہ کرنے کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور دلّی حکومت  کے  پورٹل پر  تمام معلومات فراہم کر رہے ہیں ۔

          سردار ولبھ بھائی پٹیل کووڈ اسپتال ، ڈی آر ڈی او  کا 1000 بستروں  والا اسپتال ہے ، جسے دلّی اور  دوسری ریاستوں کے آنے والے  مریضوں کے لئے کووڈ – 19 کے علاج کے لئے 5 جولائی ، 2020 ء کو شروع کیا گیا تھا ۔ آئی سی یو بستروں میں اضافے کی خاطر آئی سی یو  مانیٹر ، ایچ ایف این سی مشینوں  اور آکسیجن  کی موجودہ  پائپ لائن  میں توسیع  کرنے کی ضرورت تھی ۔ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اے ایف ایم ایس نے  طبی سہولیات میں اضافہ کیا ہے ۔ آئی ٹی بی پی ، سی اے پی ایف اور دیگر فورسیز  کے ڈاکٹر اور نرسنگ کا عملہ  یہاں پہنچ گیا ہے اور دن رات کام کر رہا ہے ۔

          اسپتال میں اب تک 3271 مریض داخل کئے گئے ، جن میں 2796 مریض شفا یاب  ہو چکے ہیں  اور انہیں چھٹی دے دی گئی ہے ۔ سرِدست  اسپتال میں 434 مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ ان میں 356 عام شہری ہیں ، جب کہ 78 کا تعلق  فوج سے ہے ۔

          اسپتال میں پوری دلّی کے اور آس پاس کی ریاستوں ، جیسے  ہریانہ ، راجستھان ، اتر پردیش ، پنجاب اور مدھیہ پردیش  کے مریضوں کو داخل کیا جا رہا ہے ۔ مسلح افواج کی طبی خدمات  کے ڈائریکٹوریٹ  جنرل   ( ڈی جی اے ایف ایم ایس ) نے کووڈ – 19 کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹر ، نرسنگ عملہ ، نیم طبی عملہ اور جدید ترین طبی ساز و سامان  فراہم کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ، اسپتال کے  معمولات کے کاموں ، جیسے صفائی ستھرائی ، لانڈری ، کھانا، مشروبات وغیرہ کا بندوبست  مرکزی ڈی آر ڈی او  کے ڈی سی ڈبلیو اینڈ ای اور سی سی آر اینڈ ڈی  کے ذریعہ کیا جا رہا ہے ۔ ڈی آر ڈی او کے تعمیراتِ عامہ کے محکمے کے چیف انجینئر اجے سنگھ نے بتایا کہ یہ کووڈ – 19 سے متعلق آئی سی یو سہولیات کے ساتھ دلّی  کا سب سے بڑا اسپتال ہے اور اس طرح کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے کہ  ضرورت پڑنے پر آئی سی یو کے مزید بستر فراہم کئے جا سکتے ہیں ۔

          ڈی آر ڈی او نے اس اسپتال کو تیار کرنے کے لئے ڈیزائن ، تیاری اور چالو کرنے کی ذمہ داری  نبھائی ہے ، جب کہ اس اسپتال کو 12 دن کے ریکارڈ وقت  میں وزارتِ داخلہ اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارت  کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے ۔ اس میں ٹاٹا سنز  اور دیگر صنعتوں نے بھی تعاون کیا ہے۔ اس اسپتال میں ڈی آر ڈی او کے تیار کردہ کووڈ – 19 کے سامان جیسے پی پی ای کٹ ، این 95 ماسک ، سینیٹائزر  ٹرالیاں وغیرہ بھی استعمال کی جا رہی ہیں ۔ 

          اس اسپتال میں مریضوں کا مفت علاج  کیا جاتا ہے ، جس میں ادویات ، کھانا وغیرہ شامل ہیں ۔  اسپتال میں ، جن مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے ، انہوں نے یہاں کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  صفائی ستھرائی کی ستائش کی ہے ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ و ا ۔ ع ا )

U. No. 7677



(Release ID: 1677131) Visitor Counter : 128