صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
ڈاکٹر ہرش وردھن نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (آئی آئی ایم سی) کے طلباء کو ڈیجیٹل طریقے سے خطاب کیا
’’پولیو کے خلاف ہماری جنگ کا مرکزی نقطہ صحت کے متعلق صحافت رہی ہے‘‘
ڈاکٹر ہرش وردھن نے 2025 تک ملک سے ٹی بی کی بیماری کو ختم کرنے کے لئے ابھرتے ہوئے صحافیوں سے مدد مانگی
Posted On:
27 NOV 2020 5:45PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 27 /نومبر 2020 ۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونی کیشن (آئی آئی ایم سی) کے طلباء کو آج ڈیجیٹل طریقے سے خطاب کیا۔
سب سے پہلے انھوں نے ابھرتے ہوئے صحافیوں کا خیرمقدم کیا اور ادارے کا انھیں طلباء سے خطاب کرنے کے لئے مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے چوتھے ستون کی شکل میں کام کرنے والا میڈیا لوگوں کے رویے کو ڈھالنے میں کافی اہم رول ادا کرتا ہے، لہٰذا صحافیوں کے کندھوں پر سماج کا بھلا کرنے کی بہت بڑی ذمے داری ہے۔
کورونا کی وبا کے اس مشکل وقت میں تقریباً 11 مہینوں سے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر کام کررہے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ صحافیوں نے گراؤنڈ زیرو سے مسلسل لوگوں کو کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے سخت محنت کی ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ جو جنوری 2020 میں شروع ہوئی تھی، اپنے گیارہویں مہینے میں پہنچ چکی ہے اور اس سفر میں میڈیا ایک اہم شراکت دار رہا ہے۔ کورونا کے خلاف مہم کے دوران اپنی جان گنوا چکے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا جانبازوں کی میری فہرست میں صحافی بھی شامل ہیں۔
پولیو مائی لائٹس کے خلاف جنگ کے دوران صحافیوں کے تعاون کو یاد کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ صحت سے متعلق صحافت پولیو کے خلاف ہماری جنگ کا مرکزی نقطہ تھی۔ اس وقت جب بھارت 60 فیصد پولیو متاثرہ افراد کا گھر تھا، پولیو سے پاک بھارت کے بارے میں سوچنا بھی کسی خواب جیسا تھا۔ صحافیوں کے مثبت تعاون نے اسے ایک کامیاب قومی پروگرام بنانے میں مدد کی ہے۔
2025تک تپ دق (ٹی بی) کے خاتمے میں صحافیوں کی مدد طلب کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ میں آپ سبھی سے اپنے دل اور اپنی روح کو ٹی بی کے خاتمے کے پروگرام میں لگانے اور اس خواب کو سچ ثابت کردینے کی اپیل کرتا ہوں۔ صحافیوں کی سرگرم شراکت داری سے عوام کے درمیان بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو غیر معتبر معلومات کی اشاعت سے خود کو باز رکھنا چاہئے۔ لوگوں نے قابل اعتبار معلومات کے حصول کے لئے میڈیا پر بھروسہ کیا ہے۔ عوام کو قابل اعتبار اور مصدقہ معلومات فراہم کرنا ہر صحافی کے ذمے داری ہے۔ عوامی منظرنامے میں آنے والی غیر مصدقہ خبریں خطرناک ہیں اور اس سے بہت نقصان ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس میڈیا ادارے اور وزارت کو شراکت داری پر مبنی ایک پروگرام شروع کرنے کی پیشکش کی، جو صحت اور سائنس کے شعبے میں ایک ابھرتے ہوئے صحافی کے لئے سیکھنے کا ایک اچھا تجربہ ہوگا۔
اس تقریب کے دوران آئی آئی ایم سی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر سنجے دویدی، آئی آئی ایم سی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ایڈمن) جناب کے ستیش نمبودری پاد، پروگرام کی کنوینر پروفیسر سربھی دہیا اور پروگرام کے معاون کنوینر پروفیسر (ڈاکٹر) پرمود کمار موجود تھے۔
*********
م ن۔ م م۔ م ر
U-NO. 7637
27.11.2020
(Release ID: 1676640)
Visitor Counter : 151