وزارت دفاع

رکشا منتری راجناتھ سنگھ نے صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند کی منتخب تقاریر –‘لوک تنتر کے سور’اور ‘دی ریپبلکن ایتھک والیومIII’کا اجراء کیا


صدر جمہوریہ ہند جناب کووند عوامی خدمت کو سب سے بڑا مذہب تصور کرتے ہیں، یہ ان کی تقاریر سے بھی بخوبی مترشح ہے:راجناتھ سنگھ

Posted On: 19 NOV 2020 6:53PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے آج نئی دہلی میں ماحولیات، جنگلات، آب وہوا  کی تبدیلی ، اطلاعات و نشریات اور بھاری صنعتوں و سرکاری صنعتوں  کے مرکزی وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر اور دیگر معززین  کی موجودگی میں صدر جمہوریہ ہند جناب رامناتھ کووند کی منتخب تقاریر کی  تیسری  جلد  بعنوان‘لوک تنتر کے سور’ اور‘دی ریپبلکن ایتھک’کا اجراء کیا ۔ 

اس موقع پر اظہار اظہار خیال کرتے ہوئے جناب راجناتھ سنگھ نے کہا صدرجمہوریہ جناب رامناتھ کووند کی تقریروں کا یہ مجموعہ، ان کے کام ، ان کی شخصیت اور ان کی قدروں کی ایک جامع تصویر پیش کرتا ہے۔ ان تقاریر میں ایک حساس اور حقیقت پسند عوامی خدمت گار ، اخلاقیات  کی بنیاد پر زندگی بسر کرنے والے ایک ایماندار نیک شخص کی ترجیحات دیکھی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ عوامی خدمت کو سب سے بڑا مذہب تصور کرتے ہیں، جوکہ ان کی متعدد تقاریر سے بھی بخوبی واضح اور مترشح  ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  صدر جمہوریہ نے اپنی تقریروں میں ہندوستانی اقدار کو بھی اُجاگر کیا ہے، جس کے وسیع اثرات ہوتے ہیں۔  یہ اقدار ان کی ذاتی زندگی کا حصہ ہیں۔

صدر جمہوریہ ہند کی شخصیت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کے قول اور فعل  میں کوئی تضاد نہیں ہے، جو کہ عظیم شخصیتوں کی علامت ہے۔ بات چیت کے دوران سامعین پر وہ اکثر نہایت گہرے اثرات مرتسم کرتے ہیں۔ان کی تقریریں فطری اور ایک آسان زبان میں   ہوتی ہیں، جو عاجزی ، انکساری، غریبوں کی خدمت، ہمدردی اور تمام جانداروں کے ساتھ ہمدردی کی بنیادی اقدار کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ امیدوں اور آرزوؤں کے ساتھ  مستقبل کے ہندوستان کا تصور اور ان کو حاصل کرنے کا طریقہ بھی ان کی تقریروں میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے متنوع معاشرے اور ثقافت کی تمام آوازیں اور ہماری  متحرک اور روشن جمہوریت کے ہر ایک پہلو کا اظہار ملک کے پہلے شہری کی تقریروں کے ذریعے ہوتاہے۔جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ تقاریر کا یہ مجموعہ معاصر ہندوستان کو سمجھنے کے لئے ایک بیش قیمتی دستاویز ثابت ہوگا ۔

جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ صدر جمہوریہ ہند کی تقریروں پر سرسری نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم ، خواتین کو بااختیار بنانے،کمزورطبقات کی فلاح و بہبود جیسے امور کی طرف ان کی خاص نظر ہے، جس سے ان کے بلند ذہن کی عکاسی ہوتی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصے سے جناب کووند کو جانتے تھے اور ہمیشہ انہیں ایک بڑے دل اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا حامل شخص پایا۔بلند ترین جنگی میدان سیاچن سمیت  آگے کی فوجی  چوکیوں کا دورہ کرنے کی صدر جمہوریہ ہند کی خواہش کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کی  یہ کوشش ملک کی سرحدوں پر لڑ رہے  فوجیوں کے حوصلے اور جذبے کو بڑھانےکو واضح کرتی ہے۔

ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے جب صدر جمہوریہ ہند نے اپنے سابق اساتذہ کے پاؤں چھوئےجناب  راجناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ اپنے گروؤں کے  تئیں نہ صرف عزت و احترام کو بیان کرتا ہے،بلکہ طالب علموں کے لئے ایک مثال بھی فراہم کرتا ہے۔

 اطلاعات  و نشریات کے مرکزی وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر نے صدر جمہوریہ کی تقریروں پر مشتمل کتاب  کے ای-ورژن کا اجراء کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ ہند کی تقریروں  کا یہ مجموعہ ملک کے اعتماد کو بیان کرتا ہے۔ یہ کتاب ان لوگوں کے لئے حوالہ جاتی حیثیت کی حامل ہوگی، جو اس زمانے میں  ہندوستان کا مطالعہ کرنے کی خواہش کریں گے۔علاوہ ازیں یہ کتاب افراد کے ساتھ ساتھ اداروں کے کتب خانوں کے لئے بھی ایک قابل قدر اضافہ ہوگی۔

اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سیکریٹری جناب امت کھرے نے ان  جلدوں کی اشاعت اور اجراء میں تعاون فراہم کرنے کے لئے  وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ اور اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کتاب کی ترتیب و پروڈکشن میں پبلی کیشن ڈویژن کے رول کی بھی ستائش کی۔

اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل وپن راوت ، بری فوج کے سربراہ جنرل ایم ایم نرونے،فضائیہ کے نائب سربراہ  ایئر مارشل ہرجت سنگھ اروڑہ، صدر جمہوریہ سیکریٹریٹ اوروزارت اطلاعات و نشریات  کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

پبلی کیشن ڈویژن ، وزارت اطلاعات و نشریات ، حکومت ہند کے ذریعے شائع کردہ ‘لوک تنتر کے سور’اور بُک ‘دی ریپبلکن ایتھک’ صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند کی ہندی اور انگریزی میں بالترتیب منتخب تقاریر کے مجموعہ کتب کی سیریز ہے۔آج جاری کردہ  تیسری جلد صدر جمہوریہ ہند کی 57منتخب تقاریر پر مشتمل ہے۔صدر جمہوریہ ہند نے یہ تقریریں اپنے دورہ صدارت کے  تیسرے سال کی ہیں۔

 

********

م ن۔م ع۔ن ع

 (U: 7382)



(Release ID: 1674309) Visitor Counter : 118