وزارت خزانہ

انکم ٹیکس کے محکمے نے تمل ناڈو میں تلاشی کی کارروائیاں انجام دیں

Posted On: 12 NOV 2020 1:47PM by PIB Delhi

نئی دہلی،12 نومبر ،           انکم ٹیکس کے محکمے نے چنئی سے کام کرنے والے سونے اور سونے کے زیورات کے  سرکردہ تھوک کاروباری کے ٹھکانوں کی  10 نومبر 2020 کو  تلاشیاں لیں۔ یہ تلاشیاں چنئی، ممبئی، کولکتہ، کوئمبٹور، سیلم، تریچی، مدورئی اور تیرونلویلی میں 32 مقامات پر  لی گئیں۔

جو ثبوت حاصل کیے گئے ہیں ان میں مختلف مقامات پر متعلقہ شخص کی طرف سے رکھا گیا اسٹاک شامل تھا جس کا کوئی حساب کتاب نہیں تھا۔ تقریباً 400 کروڑ روپئے کی مالیت کا حساب کتاب سے زائد قریب قریب 814 کلو گرام اسٹاک کی نشاندہی کی گئی جس پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ چونکہ یہ کاروباری اسٹاک تھا اس لیے اسے ضبط نہیں کیا گیا کیونکہ انکم ٹیکس قانون 1961 کے مطابق کاروباری اسٹاک کو ضبط نہیں کیا جاسکتا۔ گروپ نے جو سسٹم (کمپیوٹر) قائم کیا ہے اس سے ملنے والی معلومات سے اکیلے مالی 2018-19 میں  102 کروڑ روپئے کی ایسی خالص آمدنی کا پتہ چلتا ہے جس کا  کتابوں میں کوئی اندراج نہیں تھا۔ سسٹم میں  مالی برسوں 2019-20 اور 2020-21 کے سلسلے میں جو اعداد وشمار دیئے گئے ہیں ان کی تفصیل فورنسک ا ٓلات کی مدد سے  جمع کی جارہی ہے۔ اسی طرح متعلقہ شخص کے کاروباری احاطے میں 50 کلو گرام کا جو زائد اسٹاک ملا ہے اسے بھی ضبط نہیں کیا گیا لیکن بے حساب کتاب والی آمدنی کے سلسلے میں اس  کی قیمت کا تعین کیا جارہا ہے۔

یہ گروپ اپنے کاروبار کے اصل حقائق کوچالاکی کے ساتھ چھپانے کے لیے ایک کسٹم کا پیکیج جے پی اے سی استعمال کر رہا تھا۔ سامان کو  رف تخمینے کے طور پر بل/ انوائس بناکر  ٹرانسپورٹ کیا جاتا تھا اور ان بلوں کو سامان کی ڈلیوری کے بعد ضائع کردیا جاتا تھا۔ اس طرح جو معلومات حاصل ہوئی ہے اسے دیگر فریقوں کے بے حساب کتاب والے لین دین کا پتہ لگانے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔فورنسک ماہرین خصوصی آلات کے ذریعے مزید اعداد وشمار جمع کر رہے ہیں تاکہ  بے حساب کتاب والی آمدنی کا قطعی تعین کیا جاسکے۔

اب تک کی تلاشیوں کے نتیجے میں 500 کروڑ روپئے سے زیادہ کی ایسی آمدنی کا پتہ چلاہے جس کا حساب کتاب نہیں رکھا گیا تھا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ متعلقہ شخص نے اُس آمدنی میں سے جس کا اب پتہ چلاہے 150 کروڑ روپئے کا رضاکارانہ طور پر انکشاف کیا تھا۔ گروپ کی غیر کاروباری سرمایہ کاری کے سلسلے میں بھی تحقیقات ہو رہی ہے اور منافع کو کم کرکے دکھانے کے لیے  درج کیے گئے حساب کتاب کا پتا لگایا جارہا ہے۔

***************

م ن۔ اج ۔ ر ا   

U:7181      

 



(Release ID: 1672379) Visitor Counter : 143