وزارت خزانہ

نرملا سیتارمن نے برکس کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں کی پہلی میٹنگ میں شرکت کی

Posted On: 09 NOV 2020 6:53PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  10نومبر 2020: خزانے اور کارپوریٹ اُمور کی مرکزی وزیر محترمہ نرملا سیتارمن نے آج روسی صدارت کے تحت برکس کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں (ایف ایم سی بی جی) کی پہلی میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ کے ایجنڈے میں 2020 میں جی-20 کی سعودی صدارت کے نتائج، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی ہمت افزائی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور نیوڈیولپمنٹ بینک کی رکنیت میں توسیع پر تبادلہ خیال شامل تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ گروپ 20 نے ، جس میں برکس کے تمام ممالک شامل ہیں، اس سال کئی بہت اہم اقدامات کیے ہیں جس میں کووڈ-19 سے متعلق  جی-20 ایکشن پلان شامل ہے ، جس نے اس بحران کے لئے مشترکہ عالمی اقدامات کی خاطر ایک وسیع رہنمائی فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ جی۔20 کی قرض کی خدمات کی معطلی سے متعلق پہل نے کم آمدنی والے ملکوں کی نقد رقم کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فوری امداد کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برکس ارکان نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اہم رول ادا کیا ہے کہ ان اقدامات میں اُبھرتی ہوئی معیشتوں کی تشویشات کو مناسب طور پر پیش کیا گیا ہے۔

ڈیجیٹل معیشت کے ٹیکس سے متعلق اُمور کاحل تلاش کرنے کیلئے جاری بین الاقوامی کوششوں کے بارے میں محترمہ سیتارمن نے  کہا کہ ٹیکس نظام میں انصاف ، برابری اور پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے اتفاق رائے سے تلاش کیا جانے والا حل اہم رول ادا کریگا۔

برکس کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں نے نیو ڈیولپمنٹ بینک (این ڈی بی) کی رکنیت میں توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے این ڈی بی کی رکنیت میں توسیع کی حمایت کی اور علاقائی توازن کی اہمیت پر زور دیا۔ محترمہ سیتارمن نے ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم  (ڈاٹا روم) تیار کرنے کی روس کی پہل سے متعلق اپنا نظریہ بھی پیش کیا۔

*************

  م ن۔و ا ۔ م ع

U-7113



(Release ID: 1671693) Visitor Counter : 214