وزارت خزانہ
انکم ٹیکس محکمہ نے کیرالہ میں تلاشی کارروائی کی
Posted On:
06 NOV 2020 3:12PM by PIB Delhi
نئی دہلی 06 نومبر :
انکم ٹیکس محکمہ نے 05.11.2020 کو کیرالہ کے تھروولا میں معروف خود ساختہ عیسائی مبلغ کے ٹھکانوں پر تلاشی اور ضبطی کی کارروائی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے کئی ٹرسٹ پر بھی محکمہ نے کارروائی کی ہے۔ محکمہ نے یہ کارروائی ان خیراتی ٹرسٹ اور دیگر مذہبی ٹرسٹوں پر کی ہے جو انکم ٹیکس، 1961 کے تحت ٹیکس سے ملی چھوٹ کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ یہ گروپ ملک کے مختلف حصوں میں کئی اسکول اور کالج چلا رہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ کیرالہ میں ایک کالج اور اسپتال بھی چلا رہا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ملک بھر کے 66 ٹھکانوں پر کارروائی کی ہے۔ یہ کارروائی کیرالہ ، تمل ناڈو ، مغربی بنگال ، کرناٹک ، چندی گڑھ ، پنجاب اور تلنگانہ میں گروپ کے مختلف ٹھکانوں پر کی گئی ہے۔
محکمہ انکم ٹیکس نے یہ کارروائی ان پختہ ثبوتوں کی بنیاد پر کی ہے جس میں یہ پتہ چلا تھا کہ گروپ بیرون ملک سے ملنے والے چندے کو غریبوں اور مسکینوں کے لئے استعمال کا جو دعویٰ کرتا ہے، اس میں بڑے پیمانے پر خرد برد کیا گیا ہے اور غیر قانونی طریقے سے ٹیکس چھوٹ کا فائدہ اٹھایا گیا ہے۔ اس کے تحت گروپ کے لوگوں نے چندے کا استعمال ذاتی استعمال کے لئے کیا ہے۔ اس کے علاوہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بھی کئی غیر قانونی لین دین کئے گئے ہیں۔
گروپ کے تحت پورے ملک میں تقریباً 30 ٹرسٹ رجسٹرڈ ہیں۔ لیکن ان میں سے زیادہ تر ٹرسٹ صرف کاغذوں میں ہی موجود ہیں، زمین پر ان کا کوئی وجود نہیں ہے۔ بیرون ملک سے ملے چندے کو ان ٹرسٹوں کے ذریعہ غیر قانونی طریقے سے استعمال کیا جاتا تھا۔
گروپ چندے کے غیر قانونی استعمال کے لئے دوسرے ساتھیوں کے تعاون سے اخراجات کو بڑھا چڑھا کر دکھاتا ہے۔ جوکہ ان کے کام کرنے کا بنیادی طریقہ بن گیا تھا۔ اس کے تحت بڑھا کر دکھائے گئے اخراجات کی رقم کو حوالہ کے ذریعہ گروپ کی مختلف اکائیوں تک پہنچاتا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے گروپ کے علاوہ اس کے دوسرے ساتھیوں پر بھی کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران یہ پایا گیا کہ بڑھا چڑھا کر خرچ کی گئی رقم کا استعمال تعمیراتی خرچ، رئیل اسٹیٹ میں، تنخواہ دینے اور مصنوعات وغیرہ خریدنے میں کیا گیا ہے۔
اس بات کے بھی پختہ ثبوت ملے ہیں کہ گروپ نے اس طرح سینکڑوں کروڑ روپئے کا خرد برد کیا ہے۔ اس کے علاوہ تلاشی کے دوران 6 کروڑ روپئے ایسے ملے ہیں جن کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے۔ جس میں3.85کروڑ روپئے دہلی میں پوجا پر کئے گئے خرچ کے طور پر دکھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی اہم الیکٹرانک ثبوت بھی ملے ہیں جس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی دوسری ضروری جانچ بھی جاری ہے۔
**************
م ن۔ ن ا۔ م ف
U: 7018
(Release ID: 1670873)
Visitor Counter : 260