امور داخلہ کی وزارت
مر کزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے پولیس کے یادگاری دن کے موقع پر نیشنل پولیس میموریل میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو گلہائے عقیدت پیش کیے
میں ملک کی حفاظت، سالمیت اور اتحاد کے لیے ہمارے پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کے لیے ان کا احسان مند ہونے کے لیے پورے ملک کی طرف سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں
پولیس میموریل پر یہ صرف ہمارے شہیدوں کے نام ہی کندہ نہیں ہیں، بلکہ یہ ہم 130 کروڑ ہندوستانیوں کے احساسات بھی ہیں
شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خون کے ہر ایک قطرہ نے ملک کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے
یہ ہمارےلافانی ہیرو کی عظیم قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم آرام سے سو رہے ہیں
پولیس اہلکاروں کو تہواروں کے دوران بھی 365 دن 24X7 کام کرنا پڑتا ہے
ہمارے پولیس اہلکاروں نے کورونا وبا ئی مرض کے دوران سامنے آکر مورچہ سنبھالا جس کی وزیراعظم سمیت پورے ملک نے تعریف کی
کووڈ ۔19 کے خلاف لڑائی میں اب تک 343 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانیں گنوا دیں، ان کی یہ قربانی سنہرے حروف میں لکھی جائے گی
مرکزی حکومت نے نئی چنوتیوں سے نمٹنے کے لئے ایک منظم پولیس ماڈرنائزیشن پروگرام شروع کیا ہے
مودی حکومت ملک کی سرحدوں کو پوری طرح چاق و چوبند کرنے کے لئے افرادی قوت کے ساتھ ٹکنالوجی کو مربوط کرنے میں مصروف ہے
Posted On:
21 OCT 2020 6:15PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 21 اکتوبر2020: مرکزی وزیرداخلہ جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں پولیس کے یادگاری دن کے موقع پر نیشنل پولیس میموریل میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اپنے خطاب میں جناب امت شاہ نے کہا کہ میں ملک کی حفاظت ، سالمیت اور اتحاد کے لئے ہمارے پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کے لئے پورے ملک کی طرف سے ان کے تئیں احسان مندی کا اظہار کرتا ہوں ۔ مرکزی وزیرداخلہ نے وزیراعظم جناب نریندر مودی اور وزرا کی کونسل کی طرف سے بھی شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ 2014 میں جب جناب نریندر مودی ملک کے وزیراعظم بنے تھے تو انہوں نے میموریل بنانے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ لوگوں کو پولیس اہلکاروں کی قربانیاں یاد آتی رہے۔ 21 اکتوبر 2018 کو وزیراعظم نے اس میموریل کوملک کے نام وقف کیا تھا۔ نیشنل پولیس میموریل کی تعمیر مودی حکومت کی بامعنی اور سنجیدہ کوشش ہے تاکہ پولیس دستہ کی طرف عوام ، خاص کر مستقبل کی نسلوں کے برتاؤ میں تبدیلی لائی جاسکے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو بتانا چاہتے ہیں کہ پولیس میموریل پر یہ صرف شہیدوں کے نام ہی لکھے ہوئے نہیں ہیں بلکہ 130 کروڑ ہندوستانیوں کے جذبات ہیں۔ یہ یادگار صرف اینٹوں، پتھروں اور سیمنٹ سے ہی بنی ہوئی نہیں ہیں بلکہ یہ ہمیں ان بہادر پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ دلاتی رہتی ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کو استقامت بخشی ۔ مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خون کے ہر ایک قطرہ نے ملک کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے ۔ اس نے متعدد نوجوانوں کا مستقبل طے کیا ہے اور ملک کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ جناب امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ یہ ہمارے لافانی ہیرو کی عظیم قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم لوگ آرام سے سوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال 264 سی اے پی ایف اور پولیس اہلکاروں کی شہادت ہوئی ہے اور ملک کے لئے 35398 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو سال میں 365 دن ، تہواروں کے دوران بھی ہفتے میں چوبیسوں گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ جب کورونا وبائی مرض شروع ہوا تھا، تو دنیا حیران تھی کہ اس سے کیسے نمٹا جائے ۔ وزیراعظم نے اس سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا اور پولیس اہلکاروں اور سی اے پی ایف نے کلیدی رول ادا کیا۔ جناب شاہ نے کہا کہ ملک کے وزیرداخلہ کے طور پر انہیں یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ پولیس دستہ نے لاک ڈاؤن کو موثر طریقے سے نافذ کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ چاہے یہ لاکھوں مہاجر مزدوروں کی مدد کرنے کا معاملہ ہو ، بیماروں کو اسپتال لے جانا ہو یا خون یا پلازما کا عطیہ دینا ہو، پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریوں سے کبھی منھ نہیں موڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف لڑائی میں ہمارے پولیس اہلکاروں نے سامنے آکر مورچہ سنبھالا ، جس کی تعریف وزیراعظم سمیت پورے ملک نے کی ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ کووڈ ۔19 کے خلاف لڑائی میں 343 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں اور ان کی یہ قربانی تاریخ میں سنہرے حریف سے لکھی جائے گی۔
جناب امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے وہ پولیس اہلکاروں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ انہیں اندرونی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے ملک کی خدمت کرنی چاہیے اور حکومت انہیں اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کرنے کے لئے ہمیشہ پابند عہد ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ آج پولیس کے سامنے بہت سی نئی چنوتیاں ہیں ۔ مثال کے طور پر دہشت گردی ، نقلی نوٹ ، منشیات پر کنٹرول ، ہتھیاروں کی اسمگلنگ ، انسانوں کی اسمگلنگ ، سائبرکرائم اور عورتوں کے خلاف جرائم ۔مرکزی حکومت نے نئی چنوتیوں سے نمٹنے کے لئے ایک منظم پولیس ماڈرنائزیشن پروگرام شروع کیا ہے۔ جناب امت شاہ نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پولیس وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہر چنوتی کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہے گی۔ مرکزی وزیرداخلہ نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت ملک کی سرحدوں کو چاق و چوبند بنانے کے لئے افرادی قوت کے ساتھ ٹکنالوجی کو مربوط کرنے کے لئے لگاتار کام کررہی ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ بھارت میں ہر ایک لاکھ لوگوں پر پولیس اہلکاروں کی تعداد دیگر ممالک کے مقابلے کم ہے لیکن وہ پولیس دستہ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں متعدد اسکیموں پر غور کیا جارہا ہے ۔ مرکزی وزیرداخلہ نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس کے دوران رکشا شکتی یونیورسٹی اور فارنسک سائنس یونیورسٹی سے متعلق دو بل پاس کئےگئے۔ رکشا شکتی یونیورسٹی طلبا کو اس شعبے میں کیریر بنانے میں مدد کرے گی۔ اسی طرح فارنسک سائنس یونیورسٹی کے ذریعہ سائنس دانوں کی کمی کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پولیس کا یادگاری دن ہر سال 21 اکتوبر کو ان دس پولیس اہلکاروں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 1959 میں اسی تاریخ کو لداخ کے ہاٹ اسپرنگس میں بھاری اسلحوں سے لیس چینی فوجیوں کے ذریعہ گھات لگاکر کئے گئے حملے میں شہید ہوئے تھے۔
اس مو قع پر وزیرمملکت برائے امور داخلہ جناب جی کشن ریڈی، قومی سلامتی کے صلاح کار جناب اجیت ڈوبھال ، ہوم سکریٹری جناب اے کے بھلا، انٹلی جنس بیورو کے ڈائرکٹر جناب اروند کمار اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے ڈائرکٹر جنرل اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
****
(م ن ۔ ق ت ۔ م ص)
U- 6609
(Release ID: 1666722)
Visitor Counter : 191