وزارتِ تعلیم
مرکزی وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال ’نشنک‘ نے بھٹنڈہ میں پنجاب سینٹرل یونیورسٹی کے نئے کیمپس اور نوتعمیر شدہ عمارتوں کا ورچول طریقے سے افتتاح کیا
Posted On:
12 OCT 2020 4:56PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 12 /اکتوبر 2020 ۔ مرکزی وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال ’نشنک‘ نے بھٹنڈہ ضلع کے گڈا گاؤں میں سینٹرل یونیورسٹی آف پنجاب، بھٹنڈہ (سی یو پی بی) کے انتہائی جدید نئے کیمپس اور نوتعمیر شدہ عمارتوں کا آج ورچول طریقے سے افتتاح کیا۔ اس موقع پر بھٹنڈہ سے لوک سبھا کی رکن پارلیمنٹ محترمہ ہرسمرت کور بادل بھی موجود تھیں۔
نئے یونیورسٹی کیمپس میں مرکزی وزیر نے 203.78 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر شدہ کل 10 عمارتوں، جس میں یونیورسٹی اِنسگنیا مونومنٹ (’جے جوان، جے کسان، جے وگیان اور جے انوسندھان‘ کے لئے وقف) عمارت بھی شامل ہے، کا افتتاح کیا۔ ان عمارتوں کی تعمیر یونیورسٹی کیمپس کے ترقیاتی منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت کی گئی ہے۔ ان عمارتوں کا سنگ بنیاد 7 ستمبر 2015 کو اس وقت کی فروغ انسانی وسائل کی مرکزی وزیر محترمہ اسمرتی ژوبن ایرانی اور اس وقت کے پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار پرکاش سنگھ بادل کے ذریعے رکھا گیا تھا۔ ان عمارتوں میں آریہ بھٹ اکیڈمک بلاک، نیتاجی سبھاش چندر بوس گیسٹ ہاؤس، شہید بھگت سنگھ پی جی بوائز ہاسٹل، ماتا گجری پی جی گرلس ہاسٹل، اناپورنا بھوجنالیہ بھون، رائے بہادر سر گنگا رام واٹر ٹریٹمنٹ اینڈ سپلائی سینٹر، سر ایم وسویس وریا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، رادھا کرشنن ریزیڈنشیل کمپلیکس، اے پی جے عبدالکلام ریزیڈنشیل کمپلیکس، سوامی دیانند سرسوتی ریزیڈنشیل کمپلیکس شامل ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم نے کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات ہمیں یہ سبق دے رہے ہیں کہ خودکفیل بھارت (آتم نربھر بھارت) ہی آگے بڑھنے کی واحد راہ ہے اور ’قومی تعلیمی پالیسی‘ (این ای پی – 2020) بھارت کو دنیا کا ’گلوبل نالیج اینڈ اینوویشن سینٹر‘ بنانے کے ہمارے مقصد کے حصول کے لئے ہماری رہنمائی کرے گی۔ جناب پوکھریال نے تعلیم و تحقیق کے شعبے میں قابل ذکر کام کے لئے سینٹرل یونیورسٹی آف پنجاب کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن ان طریقوں کو دیگر یونیورسٹیوں میں بھی نافذ کرنے پر غور کررہا ہے۔ یہ پنجاب کے لئے فخر کی بات ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ نے امریکہ، کناڈا، جرمنی، انگلینڈ، اسرائیل، جاپان اور آسٹریلیا جیسے ملکوں کی بہترین یونیورسٹیوں سے ٹریننگ حاصل کی ہے۔ یونیورسٹی میں ملک کی 28 ریاستوں کے طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ یہاں 19 ریاستوں سے آئے اساتذہ اور 12 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین بھی کام کرتے ہیں۔
جناب نشنک نے یونیورسٹی کیمپس کے افتتاح کے موقع پر پنجاب اور بھارت کے سبھی شہریوں کو مبارک باد دی۔ انھوں نے کیمپس کے اندر 40 ہزار سے زیادہ پیڑ (زیادہ تر دیسی) لگاکر اسے ماحولیات کے موافق اور ایک سرسبز و شاداب کیمپس بنانے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کے سبھی لوگوں کی ستائش کی۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ انتہائی جدید کیمپس اور یہاں کے طلباء، اکیڈمک اور کو-اکیڈمک ایکسیلنس میں بنیادی ڈھانچہ جاتی ترقی کا اعلیٰ معیار قائم کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
محترمہ ہرسمت کور بادل نے ضلع بھٹنڈہ کے گھڈا گاؤں میں سینٹرل یونیورسٹی آف پنجاب کے نئے کیمپس کے افتتاح کے موقع پرسی یو پی بی کے ملازمین، طلباء اور پنجاب کے لوگوں کو مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا کہ بھٹنڈہ شہر اب پنجاب کے تعلیمی مرکز کے طور پر جانا جائے گا اور ملک و بیرون ملک کے طلباء معیاری تعلیم کے حصول کے لئے یہاں آئیں گے۔
سینٹرل یونیورسٹی آف پنجاب کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) راگھویندر پی تیواری نے مہمان خصوصی جناب رمیش پوکھریال اور مہمان اعزازی کے طور پر جناب ہرسمرت کور بادل کا گرم جوشی سے خیرمقدم کیا۔ انھوں نے اس موقع پر یونیورسٹی کی نئی خصوصیات کا بھی ذکر کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کا سرسبز و شاداب نیا کیمپس 500 ایکڑ پر محیط ہے، جو ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا ایسا کیمپس ہے جسے جی آر آئی ایچ اے-پانچ معیارات کے مطابق ماحولیات دوست اور توانائی کی بچت کرنے والا بنایا ہے۔ کیمپس کے ماسٹر پلان کو ’جی آر آئی ایچ اے‘ کے فائیو-اسٹار ریٹنگ کے ساتھ سرٹیفائی کیا گیا ہے جو کہ حکومت ہند کی شہری ترقیات کی وزارت کے ذریعے مقررہ اعلیٰ ترین معیار ہے۔
اپنی استقبالیہ تقریب میں سی یو پی بی کے وائس چانسلر نے کہا کہ آج کا دن پنجاب، پنجابی اور پنجابیت کے لئے ایک تاریخی دن کے طور پر جانا جائے گا۔ ملک کے نوجوانوں کو پنجاب کی مقدس سرزمین پر واقع اس مرکزی یونیورسٹی کے انتہائی جدید کیمپس میں معیاری تعلیم سے مستفید کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ 2009 میں اپنے قیام سے لے کر اب تک کی گیارہ سال کی مختصر مدت میں پنجاب یونیورسٹی نے عارضی کیمپس سے کام کرتے ہوئے تعلیم و تحقیق کے شعبے میں نئے معیارات قائم کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی این اے اے سی سے ’اے گریڈ‘ کی منظوری حاصل کرچکی ہے۔ یہ یونیورسٹی سب سے زیادہ جواں سال یونیورسٹی ہے جس نے این آئی آر ایف انڈیا 2020 رینکنگ میں نئی مرکزی یونیورسٹیوں (2009 سے قائم) کے درمیان چوٹی کی 100 یونیورسٹیوں میں (87واں رینک) اپنی جگہ بنائی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی پندرہویں نیشنل یوتھ پارلیمنٹ چمپئن شپ کا بھی چمپئن بن چکی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 31 شعبوں کے توسط سے 42 پوسٹ گریجویٹ اور 35 پی ایچ ڈی پروگرام چلائے جارہے ہیں۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا کیمپس نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے تصور کو عملی شکل دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم دستیاب کرائے گی، تاکہ بھارت کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے خاطر خواہ مواقع دستیاب کراکر انھیں ملک کی ترقی میں تعاون دینے کے لئے بااختیار اور خودکفیل بنایا جاسکے۔
پروگرام کا آغاز یونیورسٹی کے نغمے سے ہوا اور قومی نغمے کے ساتھ اس کا اختتام ہوا۔ نئے کیمپس کے افتتاحی پروگرام کی لائیو – اسٹریمنگ میں یونیورسٹی کی فیکلٹی، ملازمین، طلباء اور ان کے والدین ملک بھر سے آن لائن شریک ہوئے۔
******
م ن۔ م م۔ م ر
U-NO. 6300
12.10.2020
(Release ID: 1663899)
Visitor Counter : 172