نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت

صدرِ جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند کل کھیل کود کے قومی دن کے موقع پر قومی اسپورٹس اور ایڈونچر ایوارڈ س - 2020 ورچوول طور پر عطا کریں گے

Posted On: 28 AUG 2020 7:37PM by PIB Delhi

نئی دلّی ،28 اگست / صدر جمہوریۂ ہند جناب رام ناتھ کووند کل کھیل کود کے قومی دن کے موقع پر  نیشنل اسپورٹس اینڈ ایڈونچر ایوارڈس – 2020 ورچوول طور پر عطا کریں گے ۔  نو جوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر  جناب کرن ریجیجو ، بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر  جناب نریندر  دھرو بترا  اور کئی دیگر اہم شخصیات   نئی دلّی کے وگیان بھون   سے  ، اس تقریب میں شرکت کریں گے ۔ امید ہے کہ اس تقریب میں  65 ایوارڈ پانے والے بھی شرکت کریں گے ۔  ایوارڈ پانے والے اس تقریب میں ملک کے مختلف حصوں ، بنگلورو ، پونے ، سونی پت ، چنڈی گڑھ ، کولکاتہ  ، لکھنؤ ، دلّی ، ممبئی ، بھوپال ، حیدر آباد اور ایٹا نگر  سے شرکت کریں گے ۔ یہ تقریب 29 اگست ، 2020 ء کو دن میں 11 بجے  شروع  ہو گی ۔ اس تقریب کو براہ راست دور درشن پر نشر کیا جائے گا اور  https://webcast.gov.in/myas/sportsawards/.  پر بھی نشر کیا جائے گا۔

          کھیل کود میں بہترین کار کردگی  کی شناخت اور انہیں ریوارڈ دینے کے لئے ہر سال  اسپورٹس ایوارڈ دیئے جاتے ہیں ۔   راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ   کسی بھی کھلاڑی کے ذریعے چار سال تک  شاندار  کار کردگی  کے لئے دیا جاتا ہے ، ارجن ایوارڈ  مسلسل چار سال تک  نمایاں کار کردگی کے لئے دیا جاتا ہے ، درونا چاریہ ایوارڈ ایسے کوچ  کو دیا جاتا ہے ، جو  بین الاقوامی کھیل کود مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی تیار  کرتے ہیں ، دھیان چند ایوارڈ   کھیل کود کے فروغ کے لئے  عمر بھر کے تعاون  کے لئے دیا جاتا ہے ، جب کہ راشٹریہ کھیل پروتساہن پرسکار کارپوریٹ اداروں (پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹر دونوں میں ) اور افراد کو دیا جاتا ہے ، جو  کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں ۔  بین یونیورسٹی مقابلوں میں مجموعی طور پر  بہترین کار کردگی   والی یونیورسٹی کو مولانا ابو الکلام آزاد ٹرافی دی جاتی ہے ۔ ان اسپورٹس ایوارڈ کے علاوہ ، ملک کے  لوگوں میں  مہم جوئی  کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے  ٹینزنگ نارگے   ایڈونچر ایوارڈ  دیا جاتا ہے ۔  یہ پہلا موقع ہے کہ پہلا نیشنل  اسپورٹس اینڈ ایڈونچر ایوارڈ – 2020 ، 29 اگست کو ورچوول طور پر منعقد کیا جا رہا ہے ۔

          کھیل کود کی شخصیات نے عالمی وباء کے دوران ورچوول طریقے سے ایوارڈ تقریب  منعقد کئے جانے پر  خوشی کا اظہار کیا ہے ۔

          ارجن ایوارڈ پانے والے ایک کھلاڑی سندیپ چودھری  نے کہا ہے کہ  مجھے بہت خوشی ہے کہ ایوارڈ کی تقریب   کووڈ کی صورتِ حال کے باوجود  نیشنل اسپورٹس ڈے پر منعقد کی جا رہی ہے ۔ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے  تمام مشکلوں کے باوجود ورچوول  طور پر تقریب منعقد کرنے کا ایک بہت مثبت فیصلہ کیا ہے ۔

          ٹیبل ٹینس کھلاڑی منیکا بترا   صدر سے ارجن ایوارڈ حاصل کرنے کے دو سال بعد گراں قدر کھیل رتن ایوارڈ حاصل کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اِس حقیقت کو قبول کر لیا ہے کہ عالمی وباء نے زندگی  کو  ایک جگہ  ٹھہرا دیا ہے  لیکن مجھے اِس تقریب  کے بارے میں بھی جوش میں کوئی کمی نہیں ہے ۔

          درونا چاریہ ایوارڈ پانے والے نیشنل ووشو  ٹیم کے کوچ کلدیپ  ہانڈو  نے کہا ہے کہ میں  کرن ریجیجو سر کو سلام پیش کرتا ہوں کہ  وہ  ایسے وقت میں بھی  ایک  اچھی تقریب   منعقد کر رہے ہیں  ۔ میں جب ڈریس ریہرسل میں تھا تو یہ بہت آسان لگتا تھا لیکن حقیقتاً اسے  تکنیکی درستگی کے ساتھ منعقد کرنا اتنا آسان نہیں ہے ۔

          بھارتی باکسنگ  کی آسام کی مکے باز لولینا بوربو ہین   نے ، جو صورتِ حال معمول  پر آنے کے بعد صدر جمہوریۂ ہند کے ساتھ فوٹو  کھنچوانے کی خواہش مند ہیں ، کہا کہ  میں  اولمپک میں میڈل جیتنے  کی متمنی ہوں اور  اس سے یقیناً صدر جمہوریہ ٔ ہند کے ساتھ فوٹو کھنچوانے کا میرا مقصد پورا ہو گا ۔

          بھارت ہر سال 29 اگست کو  کھیل کود کا قومی دن مناتا ہے ۔ یہ دن  ہاکی کے  مایۂ ناز  کھلاڑی میجر دھیان چند  کے احترام میں  منایا جاتا ہے ۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے وزیر جناب کرن ریجیجو ایوارڈس کی تقریب سے پہلے کل صبح نئی دلّی میں  دھیان چند  اسٹیڈیم میں  میجر دھیان چند کو  خراج عقیدت پیش کریں گے ۔   

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ) 

U. No.  4892



(Release ID: 1649378) Visitor Counter : 210