قبائیلی امور کی وزارت

اساتذہ کے قومی ایوارڈ 2020ء کے لئے ایکلویہ  ماڈل رہائشی اسکول کے استاد کا انتخاب


اس سال  کے نمایاں 47 اساتذہ کی فہرست میں ای ایم آر ایس-کلسی دہرادون کی وائس پرنسپل محترمہ سدھا پینولی بھی شامل

Posted On: 28 AUG 2020 11:56AM by PIB Delhi

نئی دہلی ،28اگست2020:  اس سال کا قومی ایوارڈ برائے اساتذہ(این اے ٹی)2020ء وزارت قبائلی امور کے ذریعے قائم کردہ ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول  (ای ایم آر ایس) کے لئےخاص طور سے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ  اپنے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ ای ایم آر ایس –کلسی دہرا دون ، اتراکھنڈ کی وائس پرنسپل محترمہ سدھا پینولی نے این اے ٹی انعام یافتگان کی فہرست  میں جگہ بنائی ہے۔

مرکزی وزارت تعلیم (سابق وزارت برائے  ترقیات انسانی وسائل)، محکمہ برائے اسکولی تعلیم و خواندگی نے سال 2020ء کا قومی ایوارڈ برائے اساتذہ دینے کے لئے قومی سطح پر ایک آزاد جیوری تشکیل دی تھی۔محترمہ سدھا پینولی نے  تین سطحی آن لائن  شفاف کارروائی کے بعد منتخب ہونے والے 47 نمایاں اساتذہ کی فہرست میں جگہ بنائی۔ان کی سب سے انوکھی مہم جوئی کی خصوصیات میں اختراعی تجربات شامل ہیں، جیسے کہ ایکلویہ برتھ ڈے گارڈن ، تعلیم میں تھیٹر، ایکلویہ قبائلی میوزیم ، اسکل ڈیولپمنٹ ورکشاپ وغیرہ۔ان کی حصولیابی میں وزارت قبائلی امور کی وہ تمام کوششیں بھی شامل ہیں، جنہیں قبائلی طلباء کی تعلیم اور ان  کی ہمہ جہت  ترقی کے درمیان مناسب توازن بنانے کے لئے صحیح سمت دی گئی تھی۔

وزیر برائے قبائلی امور ، جناب ارجن مُنڈا نے محترمہ سدھا پینولی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘حقیقت میں یہ ای ایم آر ایس کے لئے ایک بڑی حصولیابی ہے۔ایکلویہ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ ای ایم آر ایس کی ٹیچر محترمہ سدھا پینولی کو قومی ایوارڈ کے لئے منتخب کیاگیا ہے’’۔ ان کی یہ حصولیابی قبائلی طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی سرکاری کوششوں کا نتیجہ ہے۔یہ حصولیابی ای ایم آر ایس کے تمام اساتذہ کو تعلیم کے میدان میں اپنی مہارت دکھانے کا جذبہ فراہم کرے گی۔

 

 

 ای ایم آر ایس کی شروعات 98-1997 میں دور دراز علاقوں میں  درج فہرست قبائل کے بچوں کو معیاری تعلیم  فراہم کرنے کے لئے کی گئی تھی، تاکہ انہیں اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنے اور متعدد شعبوں میں روزگار پانے کا موقع مل سکے۔2011ء کی مردم شماری کے مطابق ملک بھر میں اس قسم کے 564 سب ڈسٹرکٹ ہیں، جن میں سے 102 میں ای ایم آر ایس موجود ہے۔اس کی توسیع کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے 2022ء تک 462 نئے اسکول کھولے جائیں گے۔ ترمیم شدہ 2018 ای ایم آر ایس اسکیم کے مطابق 2022 ء تک ہر اس بلاک میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول کھولاجائے گا، جہاں پر درج فہرست قبائل کی آبادی 50 فیصد سے زیادہ ہے اور جہاں کم از کم 20ہزار قبائلی افراد رہتے ہیں۔ان اسکولوں کو نودیہ ودیالیہ  کی طرز پر بنایا جائے گا اور ان میں کھیل کود اور ہنرمندیوں کے فروغ کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی فن و ثقافت کو محفوظ کرنے کی خصوصی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول قبائلی طلباء کو معیاری تعلیم حاصل کرنے میں مدد تو کرہی رہا ہے، لیکن اس قسم کی کامیابیاں آنے والے دنوں میں اسے مزید تعلیمی بلندیوں کو حاصل کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔

 

********

 

م ن۔ق ت۔ن ع

 (U: 4870)



(Release ID: 1649173) Visitor Counter : 208