وزارتِ تعلیم

وزیر تعلیم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جوہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کے ایگزام سینٹر کا ورچوول طورپر افتتاح کیا

Posted On: 27 AUG 2020 9:03PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،27اگست2020: وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال ‘نشنک’نے ویڈیو کانفرنسنگ  پلیٹ فارم کے ذریعے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)کے ایگزامینیشن  سینٹر کا افتتاح کیا۔ یہ ایگزامینیشن سینٹر حکومت کے ذریعے عطا کردہ تین کروڑ روپے کی مالی مدد سے تعمیر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر بولتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ آج جبکہ پوری دنیا کووڈ-19 کی وجہ سے غیر متوقع صورتحال سے دو چار ہے، خاص کر تعلیم و تدریس کےشعبے میں ، ایسے میں حکومت اس بات کے لئے کمربستہ ہے کہ ہمارے تعلیمی مراکز اور طلباء پر اس کا کوئی اثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیور سٹی (اے ایم یو)نے جنگ آزادی میں اہم رول ادا کیا اور یہاں پر آج بھی حب الوطنی کا جذبہ برقرار ہے۔اس کی شاندار تعلیمی کارکردگی اسے بیش قیمتی قومی اثاثہ بناتی ہے۔اس کا میڈیکل کالج ایسے وقت میں روشنی کی ایک کرن ہے، جب ملک کووڈ -19 وباء میں مبتلا ہے۔ انہوں نے اے ایم یو کے وائس چانسلر  کو مبارکباد دی کہ وہ کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی ناہموار صورتحال کے باوجود مسلسل مثبت تبدیلی کے ذریعے ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنارہے ہیں۔

 

 

وزیر تعلیم نے امید ظاہر کی کہ یہ یونیورسٹی  بے شمار ترقی کرے گی اور نئی بلندیوں کو سر کرے گی اور عالمی سطح پر علم ، سائنس اور ٹیکنالوجی کی ایجادات  کے ذریعے ایک ماڈل یونیورسٹی بن کر ابھرے گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ کورونا کے سپاہی ہیں، جو نوجوانوں کی مدد کررہے ہیں کہ وہ ان مشکل حالات میں بھی اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔

جناب پوکھریال نے کہا کہ ایگزامینیشن سینٹر کے افتتاح سے جے این ایم سی کا طویل مدتی مسئلہ اب ختم ہوگیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس ادارے کے میڈیکل اسٹوڈنٹ آسمان کی بلندیوں کو چھوئیں گے اور ملک  کاسر بلند کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے این ایم سی اور اے ایم یو میں نئی قومی پالیسی کے تحت ملک کے اندر جس ورلڈ کلاس تعلیم کا تصور کیا گیا ہے، اس کے مطابق ہندوستان کو گلوبل نالج پاور بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔

 

********

م ن۔ق ت۔ن ع

 (U: 4864)



(Release ID: 1649156) Visitor Counter : 158