عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آئی آئی ایم جموں میں پانچ روزہ آن لائن اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح کیا


شمالی ہند میں جموں فی الواقع ایک تعلیمی مرکز کے طور پر ابھرا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

Posted On: 16 JUL 2020 4:24PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  16/جولائی 2020 ۔ شمال مشرقی خطے کی ترقی (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج ایم بی اے کے پانچویں بیچ اور پی ایچ ڈی کے پہلے بیچ کے لئے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، جموں میں ایک پانچ روزہ اورینٹیشن پروگرام کا ای- افتتاح کیا۔ اورینٹیشن پروگرام کا ای-افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تعلیم کے شعبے میں  آئی آئی ایم، جموں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت ہند کی بڑی حصول یابیوں میں سے ایک ہے۔

 گزشتہ چھ برسوں کے دوران صرف جموں میں ہی جناب نریندر مودی کی حکومت کے ذریعے کئے گئے ترقیاتی کاموں بالخصوص تعلیمی شعبے کو دی گئی تقویت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں شمالی ہند میں ایک تعلیمی مرکز کے طور پر ابھرا ہے، یہاں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونی کیشن، ایمس کا قیام عمل میں آنے کے ساتھ ساتھ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹیو میڈیسن کو اَپ گریڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھدرواہ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائی الٹیٹیوڈ میڈیسن اور کٹھوا میں انڈسٹریل بایوٹیک پارک قائم کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ چار دیگر مرکزی امداد یافتہ ادارے بھی ہیں جن میں چار گورنمنٹ میڈیکل کالجز، آر یو ایس اے سے امداد یافتہ انجینئرنگ کالجز، ایک آیورویدک کالج اور جموں صوبے میں قائم ہونے والا ہومیوپیتھک کالج شامل ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے جو تاریخی آئینی تبدیلیاں ہوئیں اور اکیڈمک گروتھ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوئیں، اس کی وجہ سے پورے ہندوستان کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بہترین فیکلٹی جموں و کشمیر آنے اور پوری تندہی کے ساتھ خدمات انجام دینے کے لئے تیار ہیں، کیونکہ ڈومیسائل قانون کے وجود میں آنے کے بعد سے وہ خدشات جو پہلے لاحق تھے، دور ہوگئے ہیں۔ اس ڈومیسائل قانون کا سب سے بڑا نتیجہ  جموں کے سبھی نئے پریمیئر اداروں میں بہترین فیکلٹی کی آمد کی شکل میں برآمد ہوگا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں میں ایمس، آئی آئی ایم، آئی آئی ٹی اور دیگر ادارے صحیح وقت پر قائم ہوئے ہیں، کیونکہ یہ جگہ اب بڑی سرمایہ کاری کے لئے کھل گئی ہے اور اس کا آغاز کرتے ہوئے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی حکومت نے 25000 کروڑ روپئے سے زیادہ کی سرمایہ کاری سے ایک آؤٹ ریچ پروگرام شروع کیا ہے، جس  سے اودھم پور جیسے چھوٹے اضلاع میں بھی نئے صنعتی مراکز اور انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔

افتتاح کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ایک عالمی مینوفیکچرنگ اور آئی ٹی  ہب بننے کی دہلیز پر کھڑا ہے اور ہمارے تحقیقی نتائج اور محکمہ خلا کے تحقیقی استنباط امریکہ کے ناسا جیسے عالمی معیار کے پریمیئر اداروں کے ذریعے خریدے جارہے ہیں، جس سے اس ملک کا اعتبار اور تفوق قائم ہوچکا ہے۔

کووڈ -19 کے بعد کے دور میں اسرو بہت جلد ہی ایک ہیومن اسپیس فلائٹ مشن گگن یان بھیجنے جارہا ہے،  جہاں تک معیشت کا تعلق ہے ہندوستان اسی طرح کی نئی زندگی حاصل کرنے جارہا ہے۔

اپنے صدارتی خطاب میں آئی آئی ایم، جموں کے بی او جی چیئرمین ڈاکٹر ملند کامبلے نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ آئی آئی ایم جموں تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور مختصر عرصے میں اس نے اپنے تعلیمی امتیاز، ریسرچ، ایگزیکٹیو ایجوکیشن اور کارپوریٹائزڈ بین الاقوامی روابط کی بدولت غیرمعمولی شہرت حاصل کی ہے۔

اس سے قبل ای- افتتاح کے دوران آئی آئی ایم، جموں کے ڈائریکٹر پروفیسر بی ایس سہائے نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں کہا کہ ہمارا ویژن ایسے رہنما اور صنعت کار تیار کرنا ہے جو عالمی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں اور سماج کے لئے گراں قدر تعاون دے سکیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مشن آئی آئی ایم، جموں کو ہندوستان کا اعلیٰ ترین بزنس اسکول بنانا ہے، جو عالمی آگہی کے ساتھ قومی اور علاقائی حقائق کو پیش نظر رکھتا ہو۔

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 3951

 



(Release ID: 1639300) Visitor Counter : 114