امور داخلہ کی وزارت

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا ہے کہ قومی راجدھانی میں آئندہ ہفتہ تک کووڈ مریضوں کے لئے 250 آئی سی یو بستروں سمیت تقریباً 20000 بیڈ کا اضافہ ہوجائے گا



جناب امت شاہ نے کہا ’’چھترپور میں 10000 بستروں والا کووڈ کیئر سینٹر 26 جون تک تیار ہوجائے گا‘‘

ڈی آر ڈی او اور ٹاٹا ٹرسٹ کے ذریعے کووڈ مریضوں کے لئے 250 آئی سی یو بستروں سمیت 1000 بستروں والا کووڈ کیئر سینٹر آئندہ 10 دنوں میں تیار ہوجائے گا: جناب امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا ’’کووڈ مریضوں کے لئے دہلی میں ریل کے کوچوں میں بنائے گئے 8000 اضافی بستروں کے لئے مسلح افواج کے عملے کو تعینات کیا جائے گا‘‘

Posted On: 23 JUN 2020 8:27PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  23/جون 2020 ۔ مرکزی وزیر داخلہ  جناب امت شاہ نے آج کہا کہ دہلی کے رادھا سوامی بیاس میں 10000 بستروں والا کووڈ کیئر سینٹر 26 جون سے کام کرنے لگے گا۔ اس سینٹر کی تیاری کا کام پوری تیزی کے ساتھ جاری ہے اور اس سینٹر کا ایک بڑا حصہ جمعہ کے دن سے کام کرنے لگے گا۔

جناب امت شاہ نے یہ بات نیوز ایجنسی اے این آئی کی اس خبر کے ردعمل میں ایک ٹویٹ کے ذریعے کہی۔ ایجنسی نے خبر دی تھی کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ جناب اروند کیجریوال نے مرکزی وزیر داخلہ کو خط لکھ کر انھیں چھترپور کے رادھا سوامی ست سنگ بیاس کیمپس میں کووڈ کیئر سینٹر کا معائنہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اس سینٹر میں آئی ٹی بی پی اور فوج کے ڈاکٹروں اور نرسوں کی تعیناتی کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔ اپنے جواب میں جناب امت شاہ نے کہا کہ تین دن قبل ہماری میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا جاچکا ہے اور وزارت داخلہ نے دہلی میں رادھا سوامی بیاس میں واقع کووڈ کیئر سینٹر کو چلانے کا کام آئی ٹی بی پی کو تفویض کیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ کووڈ کے مریضوں کے لئے 250 آئی سی یو بستروں سمیت 1000 بستروں والا باقاعدہ اسپتال آئندہ ہفتہ تک تیار ہوجائے گا۔ مرکزی حکومت کی مدد سے، ڈی آر ڈی او اور ٹاٹا ٹرسٹ اس اسپتال کی تعمیر کررہے ہیں۔ مسلح افواج کے عملے کو اس میں تعینات کیا جائے گا۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ یہ کووڈ کیئر سینٹر آئندہ 10 دنوں میں تیار ہوجائے گا۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ اس کے علاوہ مسلح افواج کے عملے کو دہلی میں ریلوے کوچوں میں رکھے گئے کووڈ مریضوں کو طبی دیکھ بھال کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ضرورت کے مطابق کووڈ کیئر سینٹر بنانے کے لئے 8000 اضافی بستر پہلے ہی دہلی حکومت کے تصرف کے لئے رکھے گئے ہیں۔

اس کو ملاکر آئندہ ہفتہ تک قومی راجدھانی میں کووڈ مریضوں کے لئے 250 آئی سی یو بستروں سمیت تقریباً 20000 بستروں کا اضافہ ہوجائے گا۔

 

******

 

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 3466

23.06.2020



(Release ID: 1633833) Visitor Counter : 198