ریلوے کی وزارت

ناندیڑ ڈویژن کے بدناپور اور کرماڈ اسٹیشنوں کے ذریعے ریل کی پٹریوں پر ہوا حادثہ

Posted On: 08 MAY 2020 8:21PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 8 مئی 2020 ۔  آٹھ مئی 2020 کی صبح 5:22 بجے ہوئے ایک افسوس ناک حادثے میں منماڈ جارہی ایک مال گاڑی نے ریلوے کی پٹریوں پر سورہے لوگوں کے ایک گروپ کو اپنی زد میں لے لیا۔ یہ حادثہ ناندیڑ ڈویژن کے پربھنی – منماڈ سیکشن کے بدناپور اور کرماڈ اسٹیشنوں کے درمیان ہوا۔

19لوگوں کے اس گروپ میں سے 14 لوگوں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی اور شدید طور پر زخمی ہوئے 2 لوگوں نے بعد میں دم توڑ دیا۔ معمولی طور پر زخمی ہوئے ایک شخص کا اورنگ آباد کے سول اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ مال گاڑی کے لوکو پائلٹ نے ریل پٹریوں پر لوگوں کے گروپ کو دیکھ کر بار بار ہارن بجایا۔ اس کے ساتھ ہی اس نے ٹرین کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، اس کے باوجود یہ حادثہ ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر ریلوے حفاظتی دستہ (آر پی ایف)، ریلوے کی سکیورٹی یونٹ کے سینئر افسران فوراً ہی دیگر محکموں کے افسران کے ساتھ جائے حادثہ کے لئے روانہ ہوگئے۔ ناندیڑ ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے منیجر جناب اوپیندر سنگھ بھی بذات خود راحت رسانی کے کاموں کی نگرانی کے لئے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ دواؤں اور طبی ساز و سامان سے لیس میڈیکل ریلیف وین (ایم آر وی) بھی اس کی مدد کے لئے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کو ساتھ لے کر جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ ایس سی آر کے جنرل منیجر جناب گجانن مالیا نے حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد فوراً مختلف محکموں کے سربراہوں کی میٹنگ طلب کی اور تیزی سے راحت و بچاؤ کا کام کرنے کی ہدایات دیں۔

کمشنر آف ریلوے سیفٹی (جنوب مرکزی سرکل) کی صدارت میں اعلیٰ سطحی جانچ کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔ ریلوے کے وزیر جناب پیوش گوئل حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کی انھیں مسلسل جانکاری دی جارہی ہے۔

 

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 2389

 



(Release ID: 1622495) Visitor Counter : 178