وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم کو موصول ہونے والے مبارکباد کی ٹیلیفون کال

Posted On: 26 MAY 2019 5:05PM by PIB Delhi

نئی دہلی،26مئی/            وزیر اعظم جناب نریندر مودی کو آج پاکستان کے وزیر اعظم عزت مآب عمران خان، مالدیپ کے سابق صدر عزت مآب محمد نشید اور نیپال کے سابق وزیر اعظم عزت مآب مادھو نیپال کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی جن میں ہندوستان کے حالیہ انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی۔

وزیر اعظم نے ٹیلی فون کال اور مبارکباد کے لیے پاکستان کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ پڑوسی ممالک کو اولیت دینے سے متعلق اپنی حکومت کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے غریبی سے مشترکہ طور پر لڑنے کے لیے پاکستان کے وزیر اعظم کو پہلے دی گئی  اپنی تجویز کا ذکر کیا۔ انھوں نے  اس بات پر زور دیا کہ ہمارے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تعاون کو فروغ دینے کے واسطے تشدد اور دہشت گردی سے پاک  اور اعتماد کا ماحول تیار کیا جانا ضروری ہے۔

مالدیپ کے سابق صدرنشید نے وزیر اعظم مودی کو ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حال ہی کے برسوں میں مالدیپ اور ہندوستان کے درمیان تعلقات گہرے ہوئے ہیں۔ انھوں نے خطے میں انتہاپسندی اور بنیاد پرسی کی طاقتوں سے لڑنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے مبارکباد کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط، باہمی طور پر فائدے مند اور ہمہ جہتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے اپنی عہد بندی کا اعادہ کیا۔

جناب مادھو نیپال نے اپنی پارٹی اور اتحاد کو ایک شاندار تاریخی اور زبردست کامیابی سے ہمکنار کرانےمیں قیادت کرنے کے لیے وزیر اعظم کو پرخلوص مبارکباد پیش کی۔  انھوں نے یہ اعتماد ظاہر کیا کہ ایک عالمی طاقت کے طور پر ہندوستان کے ابھرنے سے پورے خطے  کی ترقی ہوگی۔ جناب نیپال کی ان کی نیک خواہشات کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے  ہندوستان اور نیپال کے درمیان تاریخی طور پر دوستانہ اور کثیرجہتی تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا بنانے کی اپنی شدید خواہش کا اظہار کیا۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

( م ن ۔اگ۔ را  ۔ 26 - 05 - 2019)

 U. No. 2209



(Release ID: 1572629) Visitor Counter : 71