وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم نے سی آئی ایس ایف کے پچاسویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی

Posted On: 10 MAR 2019 1:44PM by PIB Delhi

نئی دہلی،10/مارچ                    وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج یہاں اترپردیش غازی آباد کے اندراپورم میں واقع  سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے پچاسویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی۔

وزیر اعظم نے سی آئی ایس ایف عملے کی پریڈ کا جائزہ لیا۔ انھوں نے نمایاں خدمات کے صلے میں سروس میڈل عطا کیے۔ انھوں نے شہیدوں کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کیے اور وزیٹر بک میں دستخط کیے۔

وزیر اعظم نے سی آئی ایس ایف کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے  انھیں سی آئی ایس ایف کی گولڈن جوبلی کے لیے مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے ملک بھر کے اداروں کے تحفظ میں سی آئی ایس ایف کے رول کی ستائش کی۔ انھو ں نے مزید کہا کہ نیو انڈیا کی تعمیر کے لیے جدید بنیادی ڈھانچے کا تحفظ سی آئی ایس ایف کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔

وزیر اعظم نے شہریوں سے سکیورٹی عملے کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کی۔ وی آئی پی کلچر سکیورٹی ڈھانچے کے لیے رکاوٹیں پیدا کرتا ہے لہٰذا سکیورٹی عملے کے ساتھ شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے سی آئی ایس ایف کے کام کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے لیے ہوائی اڈے اور میٹرو اسٹیشنوں پر سی آئی ایس ایف کے کام کے بارے میں ڈیجیٹل میوزیم شروع کرنے کا مشورہ دیا۔

 وزیر اعظم نے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ میں سی آئی ایس ایف کے رول کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سی آئی ایس ایف تباہ کاریوں سے نمٹنے ، خواتین کے تحفظ کے علاوہ اور دیگر سرگرمیوں میں شامل ہے۔ اس پس منظر میں وزیر اعظم نے کیرالہ سیلاب اور نیپال اور ہیتی میں زلزلے کے دوران سی آئی ایس ایف کے امدادی آپریشنوں کا تذکرہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت  مسلح افواج کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عہد بستہ ہے۔ وزیر اعظم نے مسلح افواج کے فرائض کو تہوار سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے باعث سی آئی ایس ایف کی ذمہ داریوں میں اضاف ہوگیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کو کچلنے کے لیے عہد بستہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل پولیس میموریل ہمارے جاں باز پولیس اور نیم فوجی دستوں کی قربانیوں  کے نام وقف ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل وار میموریل اور نیشنل پولیس میموریل جیسی یادگاریں سکیورٹی عملے کے تعاون کے تئیں شہریو ں میں بیداری پیدا کریں گی۔ انھوں نے سی آئی ایس ایف کے عملے میں خاتون فوجیوں کی شمولیت کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جیسے جیسے بھارت ترقی کر رہا ہے، سی آئی ایس ایف کی ذمہ داریاں اور ان کا رول بڑھ رہا ہے۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

( م ن ۔ر۔ را  ۔ 10 - 03 - 2019)

 U. No. 1527

 



(Release ID: 1568472) Visitor Counter : 93