گوا، 28 نومبر 2026
ستّاونویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا(افّی) 2026 میں بہترین ویب سیریز (او ٹی ٹی) ایوارڈ کے لیے تشکیل دی گئی جیوری نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پرقصہ گوئی کرنے کے بدلتے انداز، ناظرین کی بدلتی ترجیحات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے تخلیقی صلاحیتوں کے حامل فنکاروں کے لیے پیدا ہونے والے نئے مواقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس جیوری میں جناب جے ڈی ماجیتھیا بطور صدر اور ارکان کی حیثیت سے کرشنا ہیبّالے، شیلیندر جھا اور گریما واہل شامل ہیں۔ انہوں نے او ٹی ٹی کے ذریعے کہانیوں کی پیشکش میں آنے والی تبدیلیوں اور اس شعبے میں تخلیقی امکانات پر روشنی ڈالی۔
تفریحی صنعت کی ترقی کے حوالے سے جیوری کے صدر جناب جے ڈی ماجیتھیا نے کہا کہ انٹرنیٹ تک رسائی میں اضافے اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے فروغ نے ناظرین کو دنیا کے مختلف ممالک اور ہندوستان کے مختلف خطوں کا مواد دیکھنے اور سمجھنے کا موقع فراہم کیا ہے، جس سے کہانی بیان کرنے کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے گوا اور آئی ایف ایف آئی کو ایسا پلیٹ فارم قرار دیا جو ہندوستان کی تفریحی صنعت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
او ٹی ٹی ایوارڈ کے لیے ویب سیریز کے جائزے کے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے جناب ماجیتھیا نے کہا کہ جیوری کے ہر رکن نے اس عمل میں اپنا الگ نقطۂ نظر پیش کیا۔ سیریز کا جائزہ لیتے وقت کہانی، کرداروں کی تشکیل، اداکاری، پیشکش کے معیار اور ناظرین پر اس کے دیرپا اثرات کو مدنظر رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ ویب سیریز میں اب مختلف فنکاروں پر مشتمل مجموعی کاسٹ اور کرداروں پر مبنی کہانیوں کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ویب سیریز کا طویل دورانیہ کہانیوں اور کرداروں کو زیادہ تفصیل اور آزادی کے ساتھ پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کووڈ-19 کی عالمی وبا نے اس شعبے کی ترقی کو نمایاں رفتار عطا کی۔
جیوری کے رکن کرشنا ہیبّالے نے ویب سیریز میں تحریر کے معیار میں مسلسل بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کہانی ناظرین کی دلچسپی برقرار رکھنے میں ناکام رہتی ہے تو وہ فوراً کوئی دوسری سیریز دیکھنا شروع کر سکتے ہیں۔ ویب سیریز میں اداکاری کا موازنہ ٹیسٹ کرکٹ میچ سے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فارمیٹ میں اداکاروں کو مسلسل اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے، تاہم اس کے ساتھ انہیں اپنے کرداروں کو مختلف پہلوؤں سے سمجھنے اور انہیں بہتر انداز میں پیش کرنے کے زیادہ مواقع بھی ملتے ہیں۔
جیوری کے ایک اور رکن شیلیندر جھا نے کہا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز نے ان تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے بھی نئے دروازے کھول دیے ہیں، جنہیں روایتی تفریحی صنعت میں شاید مناسب مواقع نہیں مل پاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ویب سیریز میں متعدد کرداروں کو اہمیت دی جاتی ہے اور ان کی کہانی وقت کے ساتھ آگے بڑھتی رہتی ہے۔ ناظرین ان کرداروں کے سفر سے وابستہ ہوجاتے ہیں اور یہ جاننے کے لیے بے تاب رہتے ہیں کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب ٹائٹلز زبان کی رکاوٹوں کو ختم کرنے میں مدد دے رہے ہیں، جس کے باعث ناظرین مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی کہانیوں سے روشناس ہو رہے ہیں۔
جیوری کی رکن گریما واہل نے کہا کہ ویب سیریز مختلف النوع کہانیوں، جذبات اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے ناظرین کو ہندوستان کے تنوع سے روشناس کرانے کا ایک مؤثر ذریعہ بن گئی ہیں۔ انہوں نے ویب سیریز دیکھنے کے تجربے کا موازنہ کتاب پڑھنے سے کرتے ہوئے کہا کہ یہ انداز ناظرین کے ساتھ زیادہ گہرا اور قریبی تعلق قائم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اصناف کی ویب سیریز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اپنی سہولت کے مطابق پوری سیریز ایک ساتھ دیکھنے کے رجحان نے تفریحی دنیا کے امکانات کو وسعت دی ہے اور نئے ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے بھی آگے بڑھنے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔
جیوری کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز تخلیقی تجربات کی حوصلہ افزائی کرنے، فنکارانہ صلاحیتوں کے اظہار کے نئے مواقع فراہم کرنے اور ملک بھر کے ناظرین تک مختلف النوع کہانیوں اور آوازوں کو پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ستّاونویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (افّی)میں ہونے والی اس گفتگو سے فلم فیسٹیول کے اس وسیع تر وژن کی عکاسی ہوئی، جس کا مقصد کہانی بیان کرنے کے مختلف انداز کو فروغ دینا اور سنیما و تفریحی صنعت میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو تسلیم کرنا ہے۔فلمی صنعت سے وابستہ مختلف شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے آئی ایف ایف آئی نئے تخلیقی رجحانات، کہانی پیش کرنے کے بدلتے طریقوں اور ہندوستان کے صوتی و بصری شعبے کے مستقبل کو تشکیل دینے والے نئے مواقع پر تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کر رہا ہے۔
اس پریس کانفرنس کی نظامت جناب مہیش کمار نے انجام دی۔
افّی لائڈ کے لیے یہاں کلک کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
********
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 8412