پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 NOV 2026 12:13PM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (28 نومبر 2026) کیرالَم کے ایزھی مالا میں واقع ہندوستانی بحری اکیڈمی میں خزاں کے دورِ تربیت 2026 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر صدرِ جمہوریہ نے بھارتی ساحلی محافظ دستے اور دوست ممالک کے تربیت یافتگان سمیت تمام تربیت یافتگان کو کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ فارغ التحصیل ہونے والے تربیت یافتگان میں بڑی تعداد میں نوجوان خواتین کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ان کی موجودگی پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ عزم، حوصلے اور صلاحیت کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ صدرِ جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی کامیابیاں مزید نوجوان خواتین کو بڑے خواب دیکھنے اور ملک کی خدمت میں چیلنج بھرے فرائض سنبھالنے کی ترغیب دیں گی۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ آج کی باہم مربوط دنیا میں بحری شعبے کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی تجارت کا ایک بڑا حصہ سمندری راستوں سے انجام پاتا ہے۔ اس لیے سمندری راستوں کا تحفظ قوموں کی معاشی خوش حالی اور ان کے عوام کی روزمرہ زندگی سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ جہازوں کی نقل و حرکت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ضروری اشیا کی رسد کو متاثر کر سکتی ہے، اخراجات میں اضافہ کر سکتی ہے اور بالآخر عام شہریوں پر اضافی بوجھ ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے تربیت یافتگان کو نصیحت کی کہ وہ اس بات کو ہمیشہ یاد رکھیں کہ سمندر میں ان کی خدمات کا تعلق خشکی پر رہنے والے لوگوں کی زندگیوں سے ہے۔ ان کی خدمات عوام کے تحفظ، خوش حالی اور فلاح و بہبود میں براہِ راست حصہ ڈالتی ہیں۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ نوجوان بحری افسران کی دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور ہمدردی ہندوستانی بحریہ کے کردار کا تعین کریں گی۔ سمندر میں انہیں دشوار موسمی حالات، طویل عرصے تک تعیناتی اور غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہیں اکثر دباؤ کے تحت مشکل فیصلے بھی کرنے ہوں گے۔ انہوں نے نصیحت کی کہ وہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ قیادت محض احکامات دینے کا نام نہیں، بلکہ ذمہ داری قبول کرنے، اپنے عمل سے مثال قائم کرنے اور اپنے ساتھ خدمت انجام دینے والوں کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہنے کا نام ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کی تربیت، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور عہد و وابستگی انہیں مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار کریں گے۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ تربیت یافتہ بحری افسران جو وردی پہنتے ہیں، وہ ایک ارب سے زائد ہندوستانیوں کے اعتماد اور توقعات کی علامت ہے۔ ہر شہری، خواہ وہ کہیں بھی رہتا ہو یا کوئی بھی کام کرتا ہو، ہماری مسلح افواج کی جانب اعتماد اور فخر کے ساتھ دیکھتا ہے۔ انہوں نے نوجوان بحری افسران پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی بحریہ کی اعلیٰ ترین روایات کو برقرار رکھیں۔
(صدرِ جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں)
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8404