57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

 پرتگالی فلم ’کم وِد می‘ میں 57ویں آئی ایف ایف آئی کے دوران دوستی اور سنیما کے مشترکہ تجربے کی عکاسی


فلم سازوں نے سنیما گھروں میں فلم دیکھنے کی دیرپا کشش، آفاقی موضوعات اور آرٹ ہاؤس و مین اسٹریم سنیما کے بدلتے ہوئے تعلق پر تبادلۂ خیال

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 6:41PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2342874Views: 4

پرتگالی فلم ’کم وِد می‘ (آندا دائی) کی عالمی پریمیئر نمائش کے بعد، اس کے ہدایت کار ژواو لامیرا، اداکار انتونیو سیماؤ اور پروڈیوسر ڈینیئل پریرا نے آج گوا میں بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے موقع پر پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ یہ فلم ’سنیما آف دی ورلڈ‘ سیکشن میں شامل ہے۔ فلم سازوں نے فلم میں دوستی کے موضوعات، اس کے آرٹ ہاؤس انداز اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے درمیان سنیما گھروں میں فلم دیکھنے کے تجربے کی مسلسل اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا۔

ایک ساتھ فلمیں دیکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اداکار انتونیو سیماؤ نے پرتگال میں سنیما گھروں میں فلم دیکھنے والوں کی گھٹتی ہوئی تعداد اور گھر پر فلمیں دیکھنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ سنیما گھر جانا صرف فلم دیکھنے تک محدود نہیں، بلکہ لوگوں سے ملنے اور مشترکہ ثقافتی تجربے میں شریک ہونے کا بھی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا، ’’لوگوں کو ایک ساتھ ہونا، بات چیت کرنا اور ایک دوسرے کو دیکھنا ضروری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’سنیما زندہ باد۔‘‘

پروڈیوسر ڈینیئل پریرا نے سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنی اب بھی سنیما گھروں میں فلموں کی ریلیز کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے اثر و رسوخ کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں سنیما گھروں میں فلم دیکھنے کے تجربے کا متبادل قرار دینے کے بجائے اس کا معاون قرار دیا۔

فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہدایت کار ژواو لامیرا نے کہا کہ اگرچہ اس کی کہانی لزبن اور وہاں کے ثقافتی ماحول سے جڑی ہوئی ہے، لیکن مردوں کی دوستی کا اس کا بنیادی موضوع جغرافیائی اور ثقافتی سرحدوں سے بالاتر ہو کر ناظرین کے دلوں تک پہنچنے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے امید ہے کہ کہانی اور کردار اس قدر آفاقی ہیں کہ ہر کوئی انہیں سمجھ سکے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کہانی کے مخصوص ماحول اور کرداروں کی خصوصیات ہی ناظرین کو اس سے جوڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

لامیرا نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے فلم بناتے وقت اسے آرٹ ہاؤس یا مین اسٹریم سنیما جیسی کسی مخصوص درجہ بندی کے پیش نظر نہیں بنایا تھا۔ ان کا مقصد اپنی پسند کی فلم بنانا تھا اور انہیں امید تھی کہ ناظرین اسے پسند کریں گے۔ پریرا نے مشاہدہ کیا کہ وقت کے ساتھ آرٹ ہاؤس اور مین اسٹریم سنیما کے درمیان فرق تبدیل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں منفرد ہدایت کاری کے نقطۂ نظر اور دل چسپ کہانیوں پر مبنی فلمیں وسیع تر ناظرین کی پہنچ میں زیادہ ہوتی تھیں۔

اداکاری کے اپنے طریقۂ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے سیماؤ نے بتایا کہ ذاتی تجربات، مشاہدہ اور تخیل کسی کردار کو ادا کرنے کے انداز کو کس طرح تشکیل دیتے ہیں۔ تھیٹر کے شعبے میں اپنے طویل تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدا میں یہ کردار انہیں اپنی زندگی سے قریب محسوس ہوا، جس کی وجہ سے وہ اس بات پر غور کرنے لگے کہ وہ اپنے ذاتی تجربات میں سے کیا کچھ اس کردار میں شامل کر سکتے ہیں۔ تاہم، بعد میں انہوں نے ان خدشات سے آگے بڑھ کر کردار کے حالات اور اس کے افعال پر توجہ مرکوز کی۔

فلم سازوں نے آئی ایف ایف آئی میں اپنی فلم کی عالمی پریمیئر نمائش کے موقع پر بھی اظہارِ مسرت کیا۔ پرتگال اور گوا کے درمیان تاریخی اور طرزِ تعمیر کے روابط کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خطے کے بعض پہلو اگرچہ انہیں مانوس محسوس ہوئے، تاہم مجموعی تجربہ ثقافتی اعتبار سے مختلف رہا۔ انہوں نے گوا کو دیکھنے اور ہندوستانی ناظرین کے ساتھ اپنا کام شیئر کرنے کا موقع ملنے کا خیرمقدم کیا۔

پریس کانفرنس کی نظامت محترمہ وشالی پی نے کی۔

پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو یہاں دیکھیں:

 

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

 

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 8387 )


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2342874
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026