پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 1:58PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن، کاشی تمل سنگمم (کے ٹی ایس) کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاح کریں گے، جس کا انعقاد 28 نومبر سے 12 دسمبر 2026 تک وارانسی میں کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں 1400 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے، جس کا مقصد تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان صدیوں پرانے ثقافتی، لسانی اور تہذیبی تعلقات کا جشن منانا ہے۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن سے متاثر ہوکر شروع کی گئی یہ پہل دونوں خطوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور ‘ایک بھارت شریشٹھ بھارت’ کے جذبے کو فروغ دینے کی کوشش کرتی ہے۔ پانچویں ایڈیشن میں تمل ادب کی مشہور ترین تخلیقات میں سے ایک‘تروکّرَل’ کی لازوال دانش مندی اور اخلاقی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس تقریب کا انعقاد مرکزی وزارتِ تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے آئی آئی ٹی مدراس، بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو)، کلاسیکی تمل زبان کے مرکزی ادارے (سی آئی سی ٹی)، اتر پردیش حکومت اور مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
کاشی تمل سنگمم 5.0 کا موضوع – ’’تروکّرَل پائل ووم – تروکّرَل ابھیاس کریں‘‘
کاشی تمل سنگمم 5.0 کا موضوع ’’تروکّرَل پائل ووم – تروکّرَل ابھیاس کریں‘‘ ہے، جس کا مطلب ہے ’’آئیے تروکّرَل سیکھیں‘‘۔ اس کا مقصد بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں میں تروکّرَل کی لازوال دانش مندی کے تئیں بیداری اور سمجھ بوجھ کو فروغ دینا ہے، ساتھ ہی بھارت کی مالا مال ادبی روایات اور لازوال ثقافتی ورثے کی قدر و منزلت کو بھی اجاگر کرنا ہے۔
مشہور تمل شاعر اور فلسفی تروولّوور کی تصنیف تروکّرَل، تمل ادب کی ان لازوال تخلیقات میں سے ایک ہے جو نسل در نسل رہنمائی فراہم کرتی آ رہی ہے۔ اس کے 1330 اشعار میں اخلاقیات، حکمرانی، انسانی تعلقات، ہمدردی، نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ طرزِ زندگی جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کتاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: اَرَم (نیکی)، پورُل (دولت) اور اِن بَم (محبت)۔ ان میں راست طرزِ عمل، سماجی اور سیاسی زندگی اور انسانی تعلقات کے اصول شامل ہیں۔
مندوبین اور سفر کا پروگرام
تمل ناڈو سے تقریباً 1400 شرکاء، جنہیں تقریباً 200 افراد پر مشتمل سات گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، آٹھ روزہ سفر کریں گے۔ اس سفر میں چار دن آمد و رفت اور چار دن دوروں اور منظم پروگراموں کے لیے مختص ہوں گے۔ اس پروگرام میں وارانسی، پریاگ راج اور ایودھیا کا دورہ شامل ہے، جہاں ثقافتی، تعلیمی، متعلقہ شعبوں اور روحانی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
شرکاء کا تعلق درج ذیل سات زمروں سے ہے:
-
طلبہ
-
اساتذہ
-
مصنفین اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ پیشہ ور افراد
-
زراعت اور اس سے متعلقہ شعبے
-
پیشہ ور افراد اور دست کار
-
خواتین
-
روحانی رہنما
وارانسی میں قیام کے دوران مندوبین اہم مذہبی، تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے، جن میں کاشی وشوناتھ مندر، رام نگر قلعہ اور بھارت ماتا مندر شامل ہیں۔ اس پروگرام میں گنگا آرتی، گنگا اسنان، تعلیمی اجلاس اور ثقافتی پروگرام بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد مندوبین پریاگ راج میں تریوینی سنگم اور ایودھیا میں شری رام مندر کا درشن کریں گے۔
تمل ورثے سے متعلق ایک خصوصی سیاحتی دورے کے تحت مندوبین کو مہاکوی سبرامنیا بھارتی کے آبائی گھر، کیدار گھاٹ اور لٹل تمل ناڈو میں کاشی مٹھ لے جایا جائے گا۔ اس کے علاوہ بی ایچ یو کے تمل زبان کے شعبے میں ایک تعلیمی تبادلۂ خیال کا پروگرام بھی منعقد ہوگا۔
طلبہ کی شمولیت کا پروگرام
ملک بھر کے 1000 اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے طلبہ کی شمولیت کا ایک پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مختلف تعلیمی شعبوں اور لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں تروکّرَل کے بارے میں وسیع تر سمجھ بوجھ کو فروغ دینا ہے۔ اس میں منظم مطالعہ، تحقیق اور تعلیمی اداروں میں منعقد کی جانے والی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
-
اس میں شرکت کرنے والا ہر ادارہ تروکّرَل میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کی جانچ کرے گا اور میرٹ کی بنیاد پر ایک طالب علم کو نامزد کرے گا۔
-
منتخب طلبہ کو آن لائن تعلیمی رہنمائی فراہم کی جائے گی، جو 22درج فہرست زبانوں اور انگریزی میں دستیاب ہوگی۔
-
اس کے بعد ایک ماہ پر مشتمل تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد ہوگا، جس کے لیے کلاسیکی تمل زبان کے مرکزی ادارے (سی آئی سی ٹی) کی جانب سے کثیر لسانی مطالعاتی مواد فراہم کیا جائے گا۔ پروگرام کی ہدایات اور مقررہ شرائط کی تکمیل سے مشروط، ہر اہل منتخب طالب علم کو 10,000 روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔
-
ہر طالب علم کسی استاد کی رہنمائی میں 4 سے 10 صفحات پر مشتمل ایک مضمون یا تحقیقی نوٹ تحریر کرے گا اور اپنے ادارے میں تروکّرَل پر ایک گھنٹے کا پرزینٹیشن پیش کرے گا۔
اتر پردیش کے اسکولوں میں تروکّرَل کی تعلیم
سنگمم کے دوران تمل ناڈو کے 50 اساتذہ اتر پردیش کا دورہ کریں گے اور اسکولوں میں تروکّرَل کی تعلیم دیں گے۔ تمل ناڈو کے تروکّرَل کے ماہرین بھی وارانسی کے اسکولوں کا دورہ کریں گے۔ وہ تعارفی تدریسی پروگراموں، باہمی تبادلۂ خیال کے اجلاسوں اور سوال و جواب کے مقابلوں کے ذریعے طلبہ کو اس کتاب کی بنیادی اقدار سے روشناس کرائیں گے۔
اسکولوں میں مطالعے کا سیشن
نیشنل بک ٹرسٹ، راشٹریہ ای-پستکالیہ کے اشتراک سے وارانسی کے اسکولوں میں مطالعے کی عادت، قصہ گوئی اور تخلیقی سرگرمیوں سے متعلق باہمی تبادلۂ خیال کے سیشن منعقد کرے گا۔
تعلیمی سرگرمیاں، ثقافتی پروگرام اور علاقائی دستکاری کی نمائشیں
بنارس ہندو یونیورسٹی، بھارتیہ بھاشا سمیتی کے اشتراک سے تروکّرَل پر ایک قومی کانفرنس کا مشترکہ طور پر انعقاد کرے گی۔ تروکّرَل پر ثقافتی پروگرام اور مختصر فلموں کی نمائش بھی کی جائے گی۔ مرکزی مقام پر مندوبین کے لیےتمل ناڈو اور اتر پردیش کے دستکاری اور ہینڈلوم سے تیار کردہ مصنوعات کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے۔
ڈیجیٹل اور عوامی رسائی
کاشی تمل سنگمم 5.0 میں ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جائے گا، تاکہ تروکّرَل کی تعلیمات کو پورے بھارت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔ سی آئی سی ٹی کی کثیر لسانی تروکّرَل ایپ میں تمام 1330 اشعار کے ترجمے 22 درج فہرست زبانوں میں دستیاب ہیں۔ اس ایڈیشن کے لیے سی آئی سی ٹی کے پروگرام میں منتخب اشعار پر مختصر انیمیٹیڈ ویڈیوز اور فلمیں نیز تروکّرَل کی آڈیو کتابیں بھی شامل ہیں۔
مزید تفصیلات اور شرکت کے لیے:
https://kashitamil.iitm.ac.in/
https://kashitamil.bhu.edu.in/
*****
(ش ح – م ع –م ذ)
U. No.8355