پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 12:40PM by PIB Delhi
بجلی کے وزرا کی دو روزہ کانفرنس کا آج نئی دہلی میں آغاز ہوا۔ اس کانفرنس میں (27-28 نومبر 2026) بجلی کے وزرا، سینئر افسران اور 28 ریاستوں اور 8 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے بجلی کے شعبے کے ریگولیٹری اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کی صدارت مرکزی وزیر برائے بجلی اور مکانات و شہری امور جناب منوہر لال کر رہے ہیں۔ قومی سطح پر اس نوعیت کی آخری کانفرنس 2024 میں منعقد ہوئی تھی۔
یہ کانفرنس بھارت کے بجلی کے شعبے میں پالیسی کی اہم ترجیحات اور نفاذ سے متعلق چیلنجوں پر مرکز اور ریاستوں کے درمیان تبادلۂ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ اس میں توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور اس شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

شرکت کرنے والے ریاستی وزرائے بجلی اور دیگر معزز شخصیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے جناب منوہر لال نے بجلی کے شعبے کی ترقی کے لیے مرکز اور ریاستوں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافے، قابلِ تجدید توانائی کو قومی نظام میں شامل کرنے اور قومی بجلی گرڈ کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے اگلے مرحلے میں ہمیں بجلی کے شعبے کی منصوبہ بندی کے لیے زیادہ مربوط طریقۂ کار اپنانا ہوگا، جس کے تحت بجلی کی پیداوار، ذخیرہ کرنے، ترسیل اور تقسیم کی منصوبہ بندی ایک ہی نظام کے باہم مربوط حصوں کے طور پر کی جائے۔ انہوں نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اسمارٹ میٹر نصب کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں، کیونکہ ان سے صارفین کو نمایاں فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ ریاستوں کے ساتھ تعاون اور وزارتِ بجلی کے اقدامات کے نتیجے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکامز) نے طویل عرصے کے بعد منافع حاصل کیا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ملک کے بجلی کے شعبے میں آئندہ دو دہائیوں کے دوران 200 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں نجی شعبے کے ساتھ مل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔
جناب منوہر لال نے ریاستوں اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکامز) کی ستائش کی، کیونکہ مالی سال25-2024 کے دوران مجموعی طور پر ڈسکامز نے ٹیکس کی ادائیگی کے بعد منافع (پی اے ٹی) حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مالی حالت مزید مستحکم ہو اور پالیسی، عملی امور اور ضابطہ جاتی نظام میں ضروری تبدیلیاں اس مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں۔
کانفرنس کے اہم ایجنڈے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس میں وزارتِ بجلی، ریاستوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان اہم امور پر تبادلۂ خیال اور تفصیلی گفتگو ہوگی۔ ان امور میں وسائل کی مناسب دستیابی (ریسورس ایڈیکویسی۔ آر اے) کے منصوبوں پر عمل درآمد، جس میں توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو تیزی سے بڑھانا بھی شامل ہے؛ بین ریاستی اور ریاستوں کے اندر بجلی کی ترسیل سے متعلق مسائل؛ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکامز) کی مالی استحکام؛ نظرثانی شدہ تقسیمِ بجلی شعبہ اسکیم (آر ڈی ایس ایس) پر عمل درآمد، جس میں اسمارٹ میٹر نصب کرنے، فیڈرز کو الگ کرنے اور گھریلو بجلی کاری پر خصوصی توجہ دی جائے گی؛ نیز جوہری توانائی کے مقامات سے متعلق امور شامل ہیں۔

مرکزی وزیر مملکت برائے بجلی جناب شری پد یسو نائک نے اپنے خطاب میں شرکت کرنے والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے اپیل کی کہ وہ کانفرنس کے دوران اپنے تجربات کا تبادلہ کریں۔ ان میں منصوبوں پر عمل درآمد کے دوران پیش آنے والی مشکلات، ضابطہ جاتی مسائل اور ایسے شعبے شامل ہوں جہاں مرکزی حکومت کی جانب سے مزید تعاون یا مداخلت کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہماری اجتماعی توجہ پالیسی سازی سے مؤثر نفاذ کی جانب، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سے قابلِ پیمائش نتائج کی جانب اور انفرادی اقدامات سے ایک مربوط اور پائیدار بجلی کے شعبے کی تشکیل کی جانب ہونی چاہیے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ بجلی کے سکریٹری جناب پنکج اگروال نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے بنیادی رہنمائی یہ ہے کہ وِکست بھارت 2047 کے مقصد کی تکمیل کے لیے توانائی کے تحفظ سے آگے بڑھتے ہوئے حقیقی توانائی خود انحصاری کی سمت پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ریکارڈ ترقی کا سال رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں بجلی کی مجموعی نصب شدہ پیداواری صلاحیت اب تقریباً 563 گیگاواٹ ہو گئی ہے، جس میں 55 فیصد سے زیادہ حصہ غیر فوسل ذرائع کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران تقریباً 60 گیگاواٹ پیداواری صلاحیت کا اضافہ کیا گیا، جس میں 87 فیصد حصہ غیر فوسل ذرائع سے حاصل ہوا۔

کل یعنی 28 نومبر کو کانفرنس کی ایک اہم خصوصیت فورم آف ریگولیٹرز اور ریاستی بجلی ریگولیٹری کمیشنوں (ایس ای آر سیز) کے ساتھ مشترکہ اجلاس ہوگا۔ اس اجلاس میں ریاستی وزرائے بجلی، ریاستی بجلی ریگولیٹری کمیشنوں کے چیئرمین، ریاستوں کے بجلی اور توانائی کے محکموں کے سکریٹریز اور وزارت کے افسران شرکت کریں گے اور بجلی کے شعبے سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

وزارتِ بجلی کے سینئر افسران اور شرکت کرنے والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندے بھی اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
****
(ش ح ۔رک)
U. No.8351