57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

کرغز ڈرامہ فلم ‘اسکائی لارک’ نے اِفّی میں بے دخلی، یادوں اور ثابت قدمی کی کہانیوں کو پیش کیا


گرینڈ پرکس ایوارڈ جیتنے والی فلم کے ہدایت کاروں نے باتکین کے سرحدی حالات، کرغز لوک داستانوں اور راج کپور و متھن چکرورتی کی مشہور فلموں سے وابستہ بچپن کی یادوں پر گفتگو کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 2:33PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2341953Views: 6

فلم کی ہدایت کار اور اسکرین رائٹر نرغیزا ڈوتیوا اور پروڈیوسر گلنارا کاسمامبیتووا نے آج گوا میں پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ یہ پریس کانفرنس 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) کے بین الاقوامی مقابلے کے زمرے میں ان کی فلم ‘اسکائی لارک’ کے ہندوستان میں پہلی بار نمائش کے بعد منعقد ہوئی۔ فلم سازوں نے ان حقیقی واقعات اور تجربات پر گفتگو کی جن سے اس فلم کو بنانے کا خیال آیا، وسطی ایشیا میں سوویت یونین کے خاتمہ کے بعد سرحدوں کی حد بندی کے انسانی زندگیوں پر پڑنے والے اثرات کو فلم میں کس طرح پیش کیا گیا ہے اور ہندوستانی سنیما سے اپنی دیرینہ محبت کا بھی اظہار کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at2.30.48PM_20261126143927_271410.jpeg

 

85 منٹ دورانیے کی اس کرغز ڈرامہ فلم کی کہانی کرغزستان اور تاجکستان کی سرحد پر پیش آنے والے حقیقی واقعات اور خبروں پر مبنی ہے، جہاں نئی سرحدی حد بندیوں نے صدیوں سے ساتھ رہنے والی آبادیوں کو ایک دوسرے سے جدا کر دیا ہے۔ فلم کی کہانی آئبیک نامی ایک نوعمر لڑکے کے  اردگرد گھومتی ہے، جس کی پرورش اس کی دادی اینے کرتی ہیں۔ دادی کے انتقال کے بعد آئبیک کو ایک گہری اخلاقی اور جذباتی آزمائش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہ اپنی دادی کی آخری خواہش پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ انہیں ان کے شوہر کے پہلو میں دفن کیا جائے، لیکن وہ قبرستان اب سرحد کے دوسری جانب تاجکستان میں واقع ہے۔

فلم ‘اسکائی لارک’ نے 2026 کے امور آٹم فلم فیسٹیول میں گرینڈ پرکس ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ اس فلم میں وسطی ایشیا کی زبانی داستان گوئی کی روایت کو عصری سنیما کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

نرغیزا ڈوتیوا نے وضاحت کی کہ فلم کی کہانی براہِ راست سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے واقعات سے متاثر ہو کر تخلیق کی گئی ہے، جبکہ گلنارا کاسمامبیتووا نے بتایا کہ اچانک کھینچی گئی سرحدوں نے باتکین خطے کے مانوس چراگاہوں اور آباؤ اجداد کے مدفنوں کو کس طرح ممنوعہ علاقوں میں تبدیل کر دیا۔ کرغز لوک داستانوں میں بھیڑ کی پیٹھ پر سکون سے گھونسلہ بنانے والی چنڈولہ امن و ہم آہنگی کی علامت ہے۔ فلم میں اسی علامت کے ذریعے تنازعات کے درمیان انسانی عزم و حوصلے اور ثابت قدمی کا پیغام دیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at2.30.45PM_20261126144014_129a47.jpeg

 

ہندوستان کے ساتھ اپنے ثقافتی رشتے کا ذکر کرتے ہوئے فلم سازوں نے یاد کیا کہ سوویت دور کے کرغزستان میں ہندوستانی سنیما نے ان کے بچپن پر کس طرح گہرے اثرات مرتب کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ بالی ووڈ فلمیں دیکھا کرتے تھے اور محلے کے بچوں کے ساتھ صحنوں میں جمع ہو کر گانے گاتے اور فلم ’ڈسکو ڈانسر‘ میں متھن چکرورتی کے رقص کی نقل کیا کرتے تھے۔ ان کے مطابق، ہندوستانی فلموں نے ایسے معاشرے میں جذبات کے اظہار کی ایک اہم ’’نئی کھڑکی‘‘ کھولی، جہاں عوامی سطح پر رومانوی جذبات کا اظہار محدود تھا۔

ہدایت کار نے یہ بھی کہا کہ راج کپور کی کلاسک فلموں سے لے کر امیتابھ بچن کی اداکاری والی فلموں تک، ہندوستانی سنیما نے اپنی گرم جوشی، کہانی بیان کرنے کے انداز اور انسانی رشتوں کی عکاسی کے باعث کرغزستان میں نسل در نسل لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔ اس نشست کی نظامت برندا رندیپ سودن نے کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at2.30.45PM(1)_20261126144036_49f7b5.jpeg

پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو یہاں دیکھیں:

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

***


ش ح۔ع ح ۔اش ق

UNO- 8293


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2341953
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026