پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 2:56PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے ابھرتے ہوئے خطرات کا پیشگی اندازہ لگانے، متبادل صورتِ حال کا جائزہ لینے اور مستقبل کے حفاظتی ماحول کے لیے اداروں کو تیار کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتِ حال اور جنگ کی تغیر پذیر نوعیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے فوری خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے 26 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں نیشنل ڈیفنس کالج (این ڈی سی) کے 66ویں کورس کی تقسیمِ اسناد اور اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقت کے توازن میں مسلسل تبدیلی، اسٹریٹجک اثر و رسوخ کے نئے مراکز کا ابھرنا اور روایتی اتحادوں کی ازسرِنو تشکیل، نیز تنازعات کی بدلتی ہوئی نوعیت نے سلامتی کے ماحول کو پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ بنا دیا ہے۔
_20261126145730_6c74a6.JPG)
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ روایتی فوجی خطرات کے ساتھ ہی سائبر حملے، غلط معلومات کی تشہیر، معاشی دباؤ، سپلائی چین میں رکاوٹیں اور ہائبرڈ جنگ کی دیگر شکلیں بھی تیزی سے سامنے آ رہی ہیں۔ اس صورتِ حال نے داخلی اور خارجی سلامتی نیز امن اور تنازع کے درمیان فرق کو مبہم بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ ہندوستان کا جغرافیائی محلِ وقوع، وسیع زمینی سرحدیں، سمندری مفادات اور بڑھتی ہوئی بین الاقوامی ذمہ داریاں اسے پیچیدہ اسٹریٹجک ماحول میں رکھتی ہیں، جس کے پیشِ نظر قومی سلامتی کے لیے مستقبل پر نظر رکھنے والا طریقۂ کار اپنانا ضروری ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے اسٹریٹجک تعلیم کو قومی سلامتی سے متعلق پالیسی سازی کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈیفنس کالج (این ڈی سی)، دفاعی افواج، سول سروسز اور دوست ممالک کے سینئر افسران کے اجتماعی پیشہ ورانہ تجربے اور علمی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس علمی سرمائے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جانا چاہیے، تاکہ یہ براہِ راست ہندوستان کی قومی سلامتی سے متعلق پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
وزیر دفاع نے تجویز پیش کی کہ این ڈی سی، وزارتِ دفاع سے مشاورت کے بعد، ایک ایسا مستقل نظام وضع کرے جس کے تحت ہر کورس کے دوران قومی سلامتی کے چند اہم عصری چیلنجوں کی نشان دہی کرکے ان کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ ان چیلنجوں کا تعلق ہندوستان کے اسٹریٹجک ہمسایہ خطے، سرحدی انتظام، سمندری سلامتی، اہم ٹیکنالوجیز، معاشی سلامتی، اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور بدلتے ہوئے داخلی و خارجی خطرات سے ہو سکتا ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے این ڈی سی پر زور دیا کہ وہ ایسا نظام بھی وضع کرے جس کے تحت برسرِ خدمت سینئر فوجی افسران، سرکاری ملازمین اور دیگر متعلقہ حکام کو مدعو کیا جائے، تاکہ وہ ملک کو درپیش مخصوص عصری چیلنجوں کو باضابطہ طور پر کورس کے شرکاء کے سامنے رکھ سکیں اور ان کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ چیلنج مختلف وزارتوں اور اداروں کو درپیش حقیقی آپریشنل، اسٹریٹجک، انتظامی اور پالیسی سے متعلق مسائل پر مبنی ہو سکتے ہیں۔ اس سے حقیقی دنیا کے مسائل این ڈی سی کے تعلیمی نظام کا حصہ بنیں گے اور مختلف زاویوں سے ان کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔‘‘
_20261126145750_2a8545.JPG)
وزیر دفاع نے تحقیقی کام کو قابلِ عمل پالیسی تجاویز میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورس کے شرکاء کی جانب سے کی جانے والی تحقیق صرف علمی مقالوں یا کلاس روم میں ہونے والی بحث و مباحثے تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منتخب تحقیقی مطالعات کے نتیجے میں جامع رپورٹیں تیار ہونی چاہئیں، جن میں مخصوص، عملی اور قابلِ عمل سفارشات شامل ہوں۔ ان کے مطابق، یہ رپورٹیں باضابطہ طور پر وزارتِ دفاع اور دیگر متعلقہ وزارتوں کو، جہاں ضروری ہو، پیش کی جانی چاہئیں اور غور و خوض کے لیے حکومت کی مناسب اتھارٹی کے سامنے بھی رکھی جانی چاہئیں۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا، ’’این ڈی سی کے ہر کورس کی تکمیل پر نہ صرف تربیت یافتہ اسٹریٹجک قائدین کی ایک نئی کھیپ تیار ہونی چاہیے، بلکہ تحقیق، تجزیے اور پالیسی سفارشات کا ایسا ذخیرہ بھی سامنے آنا چاہیے جو ملک کے ادارہ جاتی علم اور قومی سلامتی کی تیاری میں معاون ثابت ہو۔ این ڈی سی میں پیدا ہونے والے علمی سرمائے کو ہماری اسٹریٹجک سوچ اور پالیسی سازی کے عمل میں بامعنی طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں مسلسل اور متحرک رابطہ کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔‘‘
وزیر دفاع نے کہا کہ حقیقی دنیا میں، خصوصاً قومی سلامتی کے امور میں، قائدین کو فیصلہ کرتے وقت شاذ و نادر ہی مکمل معلومات دستیاب ہوتی ہیں یا انہیں ہر ممکن متبادل کا جائزہ لینے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسٹریٹجک قیادت کے لیے دستیاب متبادل کا جائزہ لینا اور سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ضروری ہے، ساتھ ہی ان فیصلوں کے وسیع تر آپریشنل، معاشی، سفارتی اور ادارہ جاتی اثرات کو بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے جدید ٹیکنالوجیزکے انضمام سے این ڈی سی میں اسٹریٹجک گیمنگ کی مشقوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مشقوں کے ذریعے زیادہ متحرک اور حقیقت سے قریب تر صورتِ حال پیدا کی جانی چاہیے، تاکہ مختلف متبادل لائحہ عمل کا جائزہ لینے میں سہولت ہو اور شرکاء اسٹریٹجک فیصلوں کے وسیع تر اور بسااوقات غیر متوقع نتائج کو سمجھ سکیں۔
وزیر دفاع نے نیشنل ڈیفنس کالج (این ڈی سی) کو ہندوستان میں اسٹریٹجک تعلیم کا ممتاز ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کالج کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ سینئر فوجی افسران، سول افسران اور بین الاقوامی شرکاء کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے اور انہیں نہ صرف مختلف شعبوں سے جڑی پیچیدگیوں بلکہ بین الاقوامی نقطہ ہائے نظر کو سمجھنے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے میں مختلف تجربات اور نقطہ ہائے نظر کا اجتماع اس دور میں خاص اہمیت رکھتا ہے، جب قومی سلامتی کے چیلنج تیزی سے ادارہ جاتی اور جغرافیائی حدود سے تجاوز کر رہے ہیں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے نیشنل ڈیفنس کالج میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مشین لرننگ، روبوٹکس، بغیر پائلٹ خودکار گاڑیوں، ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز، سیمی کنڈکٹراور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر خصوصی اجلاسوں کے آغاز کی ستائش کی۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک خصوصی تربیتی ماڈیول متعارف کرانے اور اسٹریٹجک گیمنگ کی مشقوں میں کلوزڈ لوپ اے آئی کے تصورات کو شامل کرنے کو بھی خوش آئند بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کورس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے ساتھ مستقبل کے اسٹریٹجک قائدین کو ابھرتی ہوئی تکنیکی پیش رفت سے واقف کرانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
وزیر دفاع نے این ڈی سی میں کی جانے والی تعلیمی تبدیلیوں کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی مدراس کے زیرِ سرپرستی اسٹریٹجک قیادت اور عوامی پالیسی میں ایگزیکٹو ایم بی اے کا آغاز، کورس کے تعلیمی معیار اور عصری تقاضوں سے اس کی مطابقت کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی مدراس جیسے ممتاز ادارے کے ساتھ اشتراک سے قومی سلامتی کے مطالعے میں انتظامی امور، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی قیمتی مہارت شامل ہوئی ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے دوست ممالک کے افسران کی شرکت کے ذریعے ہندوستان کے بین الاقوامی اسٹریٹجک روابط کو مضبوط بنانے میں این ڈی سی کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ہم منصبوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے سے ان افسران کو مسلسل پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے، مختلف اسٹریٹجک نقطہ ہائے نظر کو سمجھنے اور دیرپا دوستی و باہمی اعتماد کے رشتے استوار کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔ مشترکہ تعلیم اور تجربات کے ذریعے قائم ہونے والے یہ تعلقات شراکت دار ممالک کے ساتھ ہندوستان کے روابط کا ایک دیرپا اثاثہ بن جاتے ہیں۔
وزیر دفاع نے بین الاقوامی اسٹریٹجک انگیجمنٹ پروگرام(آئی این ایس ٹی ای پی) جیسے اقدامات کے کردار کو بھی سراہا، جو وسیع تر بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے میں معاون ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے اس دو ہفتے کے پروگرام کے چوتھے ایڈیشن کا ذکر کیا، جس میں گلوبل ساؤتھ کے 22 ممالک سے آنے والے 25 بین الاقوامی شرکاء کے ساتھ ہندوستانی دفاعی افواج اور سول سروسز کے 10 سینئر افسران اور دفاعی کمپنیوں کے تین افسران نے شرکت کی۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے تیزی سے ایک دوسرے سے مربوط ہوتی دنیا میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’ہندوستان خودمختاری کے احترام، باہمی اعتماد اور مشترکہ ذمہ داریوں کی بنیاد پر ایسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اشتراکی طریقۂ کار پر یقین رکھتا ہے۔ این ڈی سی میں قائم ہونے والے پیشہ ورانہ روابط اور دوستی کے رشتے کورس کی تکمیل کے بعد بھی برقرار رہنے چاہئیں۔ اس ادارے کے بین الاقوامی سابق طلبہ کا نیٹ ورک تجربات اور اسٹریٹجک سمجھ بوجھ کا ایک قیمتی ذخیرہ ہے، جو مضبوط دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔‘‘
اس موقع پر این ڈی سی کے کمانڈنٹ ایئر مارشل منیش کمار گپتا، آئی آئی ٹی مدراس کے ڈین (فیکلٹی) پروفیسر کے مرلی، وزارتِ دفاع کے سینئر افسران اور این ڈی سی کورس کے فیکلٹی اراکین اور شرکاء موجود تھے۔
این ڈی سی کے 66ویں کورس کے بارے میں
یہ کورس ہر سال جنوری سے نومبر تک 47 ہفتوں کے عرصے میں منعقد کیا جاتا ہے اور اسے چھ مطالعاتی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں ہندوستان کی فہم اور اسٹریٹجی کا تعارف، معاشی سلامتی کا مطالعہ، سائنس اور ٹیکنالوجی، عالمی مسائل، بین الاقوامی سلامتی کا ماحول، ہندوستان کا اسٹریٹجک ہمسایہ خطہ اور قومی سلامتی کی حکمتِ عملی اور ڈھانچے شامل ہیں۔
اس کورس میں ہندوستان اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 122 افسران نے شرکت کی۔ ان کا تعلق ہندوستانی دفاعی افواج، انڈین سول سروسز، انڈین پولیس سروسز اور حکومت کے دیگر اداروں سے ہے۔ ان میں 40 غیر ملکی افسران افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، بھوٹان، برازیل، مصر، انڈونیشیا، ایران، جاپان، کینیا، قزاخستان، مالدیپ، میانمار، نیپال، نائجیریا، فلپائن، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، سری لنکا، برطانیہ، امریکہ، ازبکستان اور ویتنام سے تعلق رکھنے والے تھے۔





****
ش ح۔ م ش ع۔ ج
UNO-8295