وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

این ایل ایم سی کے بورڈ کی 22ویں میٹنگ منعقد؛ تقریباً 1,300 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں سے متعلق نئے مالیاتی استعمال اور قدر کے تعین کی تجاویز پر غور


این ایل ایم سی نے مالی سال27-2026 میں 9,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے کے علاوہ، اس عمل کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئی تجاویز پر غور کیا

این ایل ایم سی نئی دہلی اور ممبئی میں اپنی رہائشی املاک کے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے کے عمل کو آگے بڑھائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 11:45AM by PIB Delhi

نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن لمیٹڈ (این ایل ایم سی) نے، جو حکومتِ ہند کی وزارتِ خزانہ کے سرکاری اداروں کے محکمے(ڈی پی ای) کے تحت کام کرتی ہے، کل نئی دہلی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 22ویں میٹنگ منعقد کی۔

بورڈ نے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے سے متعلق اہم تجاویز، آزادانہ قدر کے تعین کی رپورٹوں، حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) کے درمیان لین دین، این ایل ایم سی کی ملکیت والی املاک کو مالیاتی استعمال میں لانے، حال ہی میں منعقدہ ای نیلامیوں کے نتائج اور کارپوریشن کو ادارہ جاتی طور پر مستحکم بنانے کے اقدامات پر غور و خوض کیا۔

بورڈ نے بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) اور مہانگر ٹیلی فون نگم لمیٹڈ (ایم ٹی این ایل) سے متعلق اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے اور ان کی قدر کے تعین کی نئی تجاویز پر غور کیا۔ ان اثاثوں کی مجموعی تخمینہ شدہ مالیت تقریباً 1,300 کروڑ روپے ہے۔ ان تجاویز پر حکومت کے مقررہ طریقۂ کار کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔ یہ تجاویز این ایل ایم سی کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران 9,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے کے علاوہ ہیں۔ یہ پیش رفت کارپوریشن کے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے کے اقدامات میں بڑھتی ہوئی رفتار اور سرکاری شعبے کے فاضل اور غیر استعمال شدہ اثاثوں سے قدر حاصل کرنے پر حکومتِ ہند کی مسلسل توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔

مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں (سی پی ایس ایز) اور سرکاری تنظیموں کے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے میں سہولت فراہم کرنے کے علاوہ، این ایل ایم سی اپنے اثاثوں کے مجموعے کو بھی مارکیٹ میں پیش کر رہی ہے۔ بورڈ نے نئی دہلی اور ممبئی میں واقع این ایل ایم سی کی ملکیت والی 17 رہائشی املاک کی قدر کے تعین سے متعلق رپورٹوں پر غور کیا۔ یہ املاک اداروں کی بندش کے عمل کے ذریعے سی پی ایس ایز سے حاصل کی گئی تھیں۔ این ایل ایم سی اس سے قبل پریاگ راج اور چنئی میں واقع اپنی رہائشی املاک کو جاری ای نیلامی کے اقدامات کے ذریعے مارکیٹ میں پیش کر چکی ہے۔ نئی دہلی اور ممبئی کی املاک کو مالیاتی استعمال میں لانے کی مجوزہ کارروائی، شفاف اور مسابقتی، بازار پر مبنی طریقۂ کار کے ذریعے اپنے اثاثوں کے مجموعے سے قدر حاصل کرنے کی ان کوششوں کو مزید وسعت دے گی۔

بورڈ کو وشاکھاپٹنم میں راشٹریہ اسپات نگم لمیٹڈ (آر آئی این ایل) کی جانب سے این ایل ایم سی کے زیرِ اہتمام 12 اکتوبر اور 3 نومبر 2026 کو منعقد کی گئی دو ای نیلامیوں کے کامیاب نتائج سے بھی واقف کرایا گیا۔ ان دونوں ای نیلامیوں کے ذریعے 264 اراضی کے قطعوں کے لیے مجموعی طور پر 584.40 کروڑ روپے کی سب سے زیادہ بولی (ایچ ون) موصول ہوئی، جو این ایل ایم سی کی جانب سے شروع کی گئی پہلی مکمل ای نیلامی مہم میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ بورڈ نے این ایل ایم سی کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مستحکم بنانے اور اس کی تنظیمی صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات پر بھی غور کیا، تاکہ اس کے بڑھتے ہوئے دائرۂ کار اور اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے کے لیے تیار کی جانے والی تجاویز کی بڑھتی ہوئی تعداد سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے کے اقدامات کے بڑھتے ہوئے دائرۂ کار کے ساتھ، این ایل ایم سی مضبوط نظامِ قدر پیمائی، شفاف اور مسابقتی نیلامیوں، منظم لین دین کے طریقۂ کار اور بین وزارتی مؤثر تال میل کے ذریعے حکومتِ ہند کے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مسلسل اہم رول ادا کر رہی ہے۔

این ایل ایم سی سرکاری شعبے کی فاضل اراضی اور عمارتوں کی اقتصادی صلاحیت سے استفادہ کرنے، ان کے مفید استعمال کو ممکن بنانے اور حکومت کے وسیع تر اقتصادی ترقیاتی مقاصد کے حصول میں تعاون دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

این ایل ایم سی کے بارے میں

نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن لمیٹڈ (این ایل ایم سی)، وزارتِ خزانہ کے سرکاری اداروں کے محکمے کے تحت حکومتِ ہند کا مکمل ملکیتی ادارہ ہے۔ اس کا قیام مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں (سی پی ایس ایز) اور دیگر سرکاری تنظیموں کی فاضل اراضی اور عمارتوں کے اثاثوں کو مالیاتی استعمال میں لانے اور اس عمل میں سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

ویب سائٹ: https://nlmc.dpe.gov.in

***

ش ح ۔ش ب ۔  ع د

UN- 8282


(ریلیز آئی ڈی: 2341803) وزیٹر کاؤنٹر : 5