57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

سب ٹائٹلنگ محض ترجمہ نہیں، بلکہ زبانوں کے درمیان جذبات کی منتقلی کا فن ہے: ریکھس، اِفّی 2026

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 8:54PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2341717Views: 4

معروف سب ٹائٹلر ریکھس نے، جو پانچ زبانوں میں 800 سے زائد فلموں کا ترجمہ کر چکی ہیں، گوا میں ہندوستان کے 57ویں بین الاقوامی فلمی میلے (اِفّی) کے دوران ’’سرحدوں کے پار الفاظ: مختلف ثقافتوں میں سب ٹائٹلنگ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک خصوصی تربیتی نشست میں سب ٹائٹلنگ کے فن اور ہندوستانی سنیما کو عالمی ناظرین تک پہنچانے میں اس کے رول کے بارے میں اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا۔

سب ٹائٹلنگ کو محض الفاظ کے ترجمے تک محدود نہ قرار دیتے ہوئے ریکھس نے کہا کہ اس کے لیے صبر، تخلیقی صلاحیت، ثقافتی فہم اور فلم میں پوشیدہ جذبات کے تئیں حساسیت ضروری ہے۔ درستگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’سب ٹائٹلنگ میں صبر و تحمل بے حد ضروری ہے۔ آپ کو بار بار جانچنا اور پھر سے جانچنا پڑتا ہے۔‘‘

ریکھس نے بتایا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے آغاز سے قبل سب ٹائٹلز زیادہ تر ان فلموں کے لیے تیار کیے جاتے تھے جنہیں ایوارڈز کی تقریبات میں بھیجا جاتا تھا۔ تاہم، ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے فروغ کے بعد ان کی رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور علاقائی سنیما کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچنے کا موقع ملا ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی جانب سے سب ٹائٹلز میں ردوبدل کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور اصل ترجمے کی معنوی و فنی افادیت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنے تخلیقی طریقۂ کار کے بارے میں بات کرتے ہوئے محترمہ ریکھس نے اس بات کی وضاحت کی کہ سب ٹائٹلنگ کے لیے کوئی طے شدہ ضابطۂ کار نہیں ہے اور اکثر اس میں انفرادی انداز اختیار کرنا پڑتا ہے۔ وہ نغموں کے سب ٹائٹلز میں ہم قافیہ الفاظ استعمال کرنے کو ترجیح دیتی ہیں، تاکہ ناظرین گیت کے بول اور مکالمے میں فرق کرسکیں۔ وہ ایک پیرامیڈ جیسی ساخت بھی اختیار کرتی ہیں، جس میں مختصر جملے اوپر، اور طویل جملے نیچے رکھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہتر طور پر دکھائی دینے کے لیے وہ زرد رنگ کے سب ٹائٹلز کو بھی ترجیح دیتی ہیں۔

سب ٹائٹلنگ کے مختلف باریکیوں کی وضاحت کرتے ہوئے محترمہ ریکھس نے بول چال کے محاوروں اور گانوں، بشمول ڈنگاماری، کے ترجمے میں پیش آنے والی دشواریوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے تمل زبان کے الفاظ ’ویشم‘ اور ’ویشَم‘ کی مثال بھی دی اور بتایا کہ تلفظ میں معمولی فرق سے معنی بھیس بدلنے سے زہر تک تبدیل ہو سکتا ہے۔ فلم کبالی پر اپنے کام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رجنی کانت کی ہنسی کے مختلف انداز اور کیفیات کو ظاہر کرنے کے لیے انہوں نے ’’بے تکلف قہقہہ‘‘ اور ’’شک و شبہے سے بھرپور ہنسی‘‘ جیسی تعبیرات بھی استعمال کیں۔

سب ٹائٹلنگ کو شمولیت کا ایک اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے سماعت سے محروم افراد کے لیے اس کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کی  بھی نشاندہی کی کہ کسی مخصوص ثقافت سے وابستہ محاوروں اور رشتوں کی نوعیت کو سمجھنے کے لیے لفظی ترجمے کے بجائے محتاط تشریح اور مفہوم کی درست ترجمانی ضروری ہے۔

 

مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال پر بات کرتے ہوئے محترمہ ریکھس نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے جانے والے سب ٹائٹلز معنی کو مسخ کر سکتے ہیں، صنفی حوالوں میں تبدیلی کر سکتے ہیں اور کسی منظر کے جذباتی پس منظر کو سمجھنے سے بھی قاصر رہتے ہیں۔ انہوں نے انسانی تخلیقی صلاحیتوں کی مسلسل اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’مصنوعی ذہانت لغت کے معنی تو جانتی ہے، لیکن ڈرامے کی کیفیت اور روح کے جذبات سے واقف نہیں ہوتی۔‘‘

محترمہ ریکھس نے کہا، ’’سب ٹائٹلز فلم کی تکمیل کے بعد بچ جانے والا کوئی ضمنی کام نہیں ہیں۔‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری سب ٹائٹلنگ میں محض مکالموں کو دہرانے کے بجائے فلم کے مفہوم اور جذبات کی ترجمانی ہونی چاہیے۔ اس کے ذریعے کہانیاں لسانی اور ثقافتی حدود عبور کرکے دنیا بھر کے ناظرین سے اپنا تعلق قائم کرتی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح -ش م-ع ن)

U. No. 8268


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2341717
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026