کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو محض فضا کو موسیقی سے نہیں بھرتیں بلکہ ہمارے بچپن کا حصہ بن جاتی ہیں، زندگی کے اہم مراحل میں ہمارا ساتھ دیتی ہیں اور گیت ختم ہونے کے بعد بھی دل و دماغ میں گونجتی رہتی ہیں۔ معروف گلوکارہ کے ایس چترا کے لیے آشا بھوسلے، ایس جانکی اور لتا منگیشکر کی آوازیں بھی ایسی ہی ہیں۔ 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں ’لتا منگیشکر ٹاک: آشا بھوسلے اور ایس جانکی کی یادوں میں ہمیشہ گونجنے والی آواز‘ کے عنوان سے منعقدہ ماسٹر کلاس میں چترا نے سامعین کو ان عظیم گلوکاراؤں کی موسیقی اور ان سے وابستہ یادوں کے ایک انتہائی ذاتی سفر پر لے گئیں۔ اس نشست کی نظامت اداکارہ اور فلم ساز سہا سنی منی رتنم نے کی۔
_20261125184045_3bcdae.jpeg)
گفتگو کا آغاز خوشگوار اور اپنائیت بھرے ماحول میں ہوا۔ چترا نے اعتراف کیا کہ وہ کچھ نروس تھیں، لیکن انہیں یقین تھا کہ سہا سنی انہیں جلد ہی پُرسکون کر دیں گی۔ دونوں کی مشترکہ یادیں بھی جلد ہی گفتگو کا حصہ بن گئیں۔ سہا سنی نے یاد کیا کہ جن فلموں کے لیے چترا نے اپنی آواز دی تھی، ان کے گیت ان کی اپنی زندگی کے سفر کا لازمی حصہ بن گئے تھے۔ اس کے بعد ہونے والی گفتگو کسی رسمی تبادلۂ خیال کے بجائے یادوں کی ایک محفل بن گئی، جہاں ذاتی واقعات اکثر موسیقی کی دھنوں میں ڈھل جاتے تھے۔
اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے چترا نے بتایا کہ ان کی پرورش ایک ایسے خاندان میں ہوئی جہاں موسیقی کا گہرا ماحول تھا۔ وہ موسیقی کے مقابلوں میں حصہ لیتی تھیں اور کلاسیکی موسیقی کی تعلیم بھی حاصل کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ گانا وہ واحد کام تھا جس کے بارے میں انہیں یقین تھا کہ وہ اسے اچھی طرح کر سکتی ہیں، حالانکہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ یہ شوق انہیں اتنی دور تک لے جائے گا۔ فلمی موسیقی میں ان کی آمد تقریباً اتفاقیہ طور پر ہوئی۔ انہوں نے یاد کیا کہ وہ تفریحی کلبوں میں فلمی گیت گایا کرتی تھیں اور اکثر ان کا آغاز پی سشیلا کے مقبول گیتوں سے ہوتا تھا۔
اپنی پسندیدہ آوازوں کے بارے میں پوچھے جانے پر چترا نے پی سشیلا، ایس جانکی اور لتا منگیشکر کے نام لیے۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ ایس جانکی کی آواز اور انداز کی نقل بھی کیا کرتی تھیں، تاہم یہ اعتراف کرتے ہوئے ہنس پڑیں کہ گلوکارہ کے منفرد انداز کی نقل کرنا ممکن نہیں تھا۔ لتا منگیشکر کا ذکر کرتے ہوئے چترا نے ان کی گائیکی میں جذبات کی گہرائی، خصوصاً ان کے بھجنوں کا حوالہ دیا اور سامعین کے ساتھ لتا منگیشکر کی اپنی پسندیدہ دھنوں میں سے ایک بھی شیئر کی۔

آشا بھوسلے سے وابستہ ان کی یادوں میں ایک مختلف نوعیت کی عقیدت جھلکتی ہے۔ چترا نے آشا بھوسلے کی غیر معمولی ہمہ جہت صلاحیتوں اور غزلوں سمیت موسیقی کی مختلف اصناف میں نئے تجربات کرنے کے ان کے جذبے کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر آشا بھوسلے کی ایک غزل بھی گنگنائی۔ چترا نے یاد کیا کہ آشا بھوسلے ہمیشہ اپنی بہن لتا منگیشکر سے موازنہ کیے جانے کے بجائے موسیقی میں اپنی الگ شناخت قائم کرنا چاہتی تھیں۔ چترا نے اپنی پہلی ملاقات کا ایک یادگار واقعہ بھی سنایا، جب آشا بھوسلے نے ان سے پوچھا تھا کہ وہ اتنی اونچی سُر میں کیوں گا رہی ہیں۔ یہ ایک مختصر سا تبادلۂ خیال تھا، جس سے اس عظیم گلوکارہ کی بے باکی اور منفرد شخصیت کی جھلک ملتی ہے۔
تاہم، ایس جانکی سے وابستہ یادوں میں خاص طور پر اپنائیت اور محبت کا رنگ نمایاں تھا۔ چترا نے ایس جانکی کے موسیقی کے سفر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس زمانے میں اسٹیج پر نقل اتارنے والے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے تھے اور ان کی پرفارمنس کے درمیان وقفہ پُر کرنے کے لیے اکثر جانکی کو گانے کی دعوت دی جاتی تھی۔ ان مواقع کے ذریعے سامعین کو ان کی آواز سننے کا موقع ملا اور بالآخر یہی سلسلہ انہیں پلے بیک گلوکاری کے شعبے تک لے گیا۔ انہوں نے جانکی کی منفرد آواز، جذبات کے اظہار کی غیر معمولی صلاحیت اور ہر گیت میں جان ڈال دینے کے ہنر کا بھی ذکر کیا۔ موسیقی سے ہٹ کر چترا انہیں ماں جیسی شخصیت کے طور پر یاد کرتی ہیں۔ جانکی کے گھر اپنے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے محبت سے بتایا کہ بزرگ گلوکارہ انہیں اپنے ہاتھوں سے بڑے پیار سے کھانا کھلاتی تھیں۔ چترا نے کہا کہ جب کھانا ان کے ہاتھ سے ملتا تو مرچ مصالحے والا کھانا بھی میٹھا محسوس ہوتا تھا۔
اس نشست کے دوران سہا سنی نے گفتگو میں مختلف گیتوں کو شامل کرتے ہوئے یادوں کو ان جذبات سے جوڑا جو ان گیتوں نے پردۂ سیمیں پر پیش کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلمی موسیقی محبت، شادی، غم اور خوشی سمیت زندگی کے مختلف مراحل میں لوگوں کا ساتھ دیتی ہے اور اکثر ان احساسات کا اظہار کرتی ہے جنہیں الفاظ بیان نہیں کر پاتے۔ اس موقع پر چترا نے انکشاف کیا کہ ملیالم گیت ’سورن مُکِلے‘ آج بھی ایسا گیت ہے جسے سن کر ان کی آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔

ایک دلچسپ موسیقی پر مبنی کوئز نے دوپہر کی اس نشست کو ایک نیا رنگ دے دیا۔ چترا کو پس منظر کی موسیقی کے بغیر فلمی مناظر دکھائے گئے اور انہوں نے پانچوں مناظر کے گیتوں کو نہ صرف پہچانا بلکہ انہیں گنگنا کر بھی سنایا۔ ان میں سہا سنی کی فلموں کے گیت بھی شامل تھے۔ اس نشست میں ریکارڈنگ کے تقاضوں، مشکل گیتوں اور عمر بڑھنے کے ساتھ اپنی آواز کی حدود کو پہچاننے کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
گفتگو کا سب سے یادگار لمحہ اس وقت آیا جب چترا نے فلم ’سندھو بھیرَوی‘ کا گیت ’پاڈارین‘ گانا شروع کیا۔ سہا سنی بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئیں اور گیت پر لب ہلانے لگیں۔ اس طرح دونوں نے ایک ایسا یادگار لمحہ تخلیق کیا جس نے گفتگو کو اس کے نقطۂ آغاز سے جوڑ دیا۔ یہ موسیقی اور یادوں کا ایک خوبصورت امتزاج تھا، جس نے یاد دلایا کہ گیت محض دھنیں نہیں ہوتے بلکہ زندگی، دوستی اور سفر کے ایسے حصے ہوتے ہیں جو نسل در نسل اپنی گونج برقرار رکھتے ہیں۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
**********
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8253 )