قومی فلم ایوارڈ یافتہ فلم ساز جناب انیل روی پوڈی نے گوا میں منعقدہ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا ( اِفّی ) 2026 کے دوران اپنی فلم ’مانا شنکرا ورا پرساد گارو‘ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’ناظرین کو ہنسانا ایک مشکل اور محنت طلب تخلیقی عمل ہے۔‘‘ 164 منٹ دورانیے کی یہ تیلگو فیچر فلم اِفّی 2026 کے انڈین پینورما کے مین اسٹریم سنیما سیکشن کے لیے منتخب کی گئی پانچ فلموں میں شامل ہے۔ اس موقع پر ہدایت کار کے ساتھ فلم کے پروڈیوسر جناب ساہو گراپتی اور محترمہ کے سشمیتا اور اداکارہ محترمہ کیتھرین ٹریسا بھی موجود تھیں۔
جناب روی پوڈی نے کہا کہ ’’کامیڈی ہمیشہ ایک سنجیدہ کام ہوتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ خاندانی جذبات اور چرنجیوی جیسے سپر اسٹار سے وابستہ ناظرین کی توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزاحیہ مکالمے اور کہانی لکھنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ ان کے مطابق، یہ اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے کہ کون سا لطیفہ ناظرین کو پسند آئے گا اور کون سا نہیں۔ اپنی تحریری ٹیم کے تعاون کو سراہتے ہوئے ہدایت کار نے کہا کہ ان کی کوشش ہمیشہ ایسی کہانیاں تخلیق کرنے کی رہی ہے ، جو ہر عمر کے ناظرین کو پسند آئیں۔

جناب روی پوڈی کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’مانا شنکرا ورا پرساد گارو ‘ کی کہانی ایک ایسے قومی سلامتی کے افسر کے گرد گھومتی ہے ، جو اپنے پیشے سے بے حد لگاؤ کی وجہ سے اپنی بیوی اور بچوں سے دور ہو جاتا ہے۔ چھ سال بعد وہ اپنے خاندان سے دوبارہ تعلقات استوار کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنے بچوں کے اسکول میں ملازمت اختیار کر لیتا ہے۔ مزاح، ایکشن اور خاندانی جذبات کے امتزاج سے بنی یہ فلم پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور ذاتی رشتوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشمکش اور دوبارہ رشتے جوڑنے کے امکانات کو پیش کرتی ہے۔
چرنجیوی کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے ، جناب روی پوڈی نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اس سینئر اداکار کی فلمیں دیکھتے آئے ہیں۔ برسوں کے دوران اداکار کے مختلف کرداروں سے ان کی واقفیت نے انہیں ایک سادہ خاندانی کہانی تیار کرنے میں مدد دی، جس میں چرنجیوی کی منفرد صلاحیتوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔
سنکرانتی کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلموں کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہدایت کار نے کہا کہ تہوار کا موسم خاندانی تفریحی فلموں کے لیے موزوں ہوتا ہے، کیونکہ اس دوران خاندان کے افراد ایک ساتھ وقت گزارتے ہیں اور سنیما گھروں کا رخ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، فلمیں روزمرہ زندگی کی پریشانیوں اور ذہنی دباؤ سے ناظرین کو ضروری راحت فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی خوشی ہی انہیں ایسی فلمیں بناتے رہنے کی بڑی ترغیب دیتی ہے۔
فلم میں ایک اہم کردار ادا کرنے والی محترمہ کیتھرین ٹریسا نے سینئر اداکار کے ساتھ کام کرنے کو سیکھنے کا ایک قیمتی تجربہ قرار دیا۔ سنجیدہ کرداروں سے ہلکے پھلکے کرداروں کی جانب اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، انہوں نے اداکاری میں ہمہ جہتی اور ہدایت کار کے تصور کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اِفّی میں فلم کے انتخاب پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایک کمرشیل تفریحی فلم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچنا چاہتی تھیں۔

فلمی میلوں میں مین اسٹریم سنیما کو بھی اہمیت دیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ، جناب روی پوڈی نے جیوری کی کوششوں کو سراہا کہ وہ مختلف نوعیت کی فلموں کو جگہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق، فلمی میلے فنکارانہ اور تکنیکی خوبیوں کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ ایسی کمرشیل طور پر کامیاب فلموں کو بھی تسلیم کر سکتے ہیں ، جو بڑی تعداد میں ناظرین کے دلوں سے جڑتی ہیں۔
اِفّی میں اس فلم کی نمائش اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ سنیما کی مختلف روایات کے ساتھ مقبول فلموں کی بھی اپنی اہم جگہ ہے۔ یہ ایسی کہانیوں کا جشن ہے ، جو مزاح، جذبات اور مشترکہ تجربات کے ذریعے خاندانوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔
اس نشست کی نظامت سواتی اگروال نے کی۔
مکمل پریس کانفرنس یہاں دیکھیں:
اِفّی لوئیڈ یہاں پڑھیں:
https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )
U.No. 8226