رومانیائی-روما فلم ساز اور ’آئی میٹر‘ (ایو کونتیز) کی ہدایت کار الینا شربان نے کہا کہ روما برادری کی بہت سی ایسی کہانیاں ہیں جو ابھی تک منظر عام پر نہیں آسکی ہیں اور جنہیں دریافت کیا جانا باقی ہے۔ ان کی فلم ’آئی میٹر‘ گوا میں منعقدہ بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کی مڈ فیسٹ فلم ہے۔
آج آئی ایف ایف آئی کے موقع پر پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الینا شربان نے فلم کے پس منظر، اس میں روما برادری کی عکاسی اور سنیما کے ذریعے دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرنے کی اہمیت پر گفتگو کی۔ اس موقع پر فلم کی مرکزی اداکاراؤں ڈینیسا فارکاش اور وینیسا ڈانسیا نے بھی شرکت کی۔

رومانیائی اور رومانی زبان کے مکالموں پر مشتمل کثیر لسانی فلم ’آئی میٹر‘ کا آج آئی ایف ایف آئی میں ہندوستانی پریمیئر ہوا۔ رومانیہ، جرمنی اور بیلجیم کی مشترکہ پروڈکشن میں بنائی گئی یہ فلم شناخت، خاندان، اپنائیت اور ماضی سے آگے بڑھ کر ایک بہتر مستقبل کی تلاش جیسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہے۔ فلم کی کہانی ریبیکا نامی ایک نوجوان روما خاتون کے گرد گھومتی ہے، جو اس یتیم خانے کو چھوڑنے کی تیاری کر رہی ہے جسے وہ اپنا گھر سمجھتی آئی ہے۔ وہ اپنے والد سے دوبارہ ملنے اور اپنا خاندان بسانے کی امید رکھتی ہے، جو جلد ہی جیل سے رہا ہونے والے ہیں۔ اسی دوران اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے یونیورسٹی میں اس کا داخلہ ایک نئی شروعات کا امکان پیدا کرتا ہے۔
سنیما کے ذریعے دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ہدایت کار نے کہا کہ یہ فلم انسانی وجود کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’فلم یہ سوال اٹھاتی ہے کہ انسان کہلانے کا حق کس کو حاصل ہے۔ میں انسانیت کے مختلف پہلوؤں کو پیش کرنا چاہتی ہوں۔‘‘ انہوں نے آئی ایف ایف آئی کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کے اپنے دورے کو گھر واپسی جیسا قرار دیا۔

روما برادری کی زندگی کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنے کے چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے الینا شربان نے کہا کہ ثقافتی اعتبار سے نمایاں اثرات کے باوجود یہ برادری آج بھی سماج کے حاشیے پر زندگی گزار رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’فلیمینکو جیسے ہمارے ثقافتی فنون نے عالمی ثقافت پر اثر ڈالا ہے، لیکن اس کے باوجود ہم آج بھی سماج کے حاشیے پر ہیں۔ ہم دوسرے لوگوں کے اتنے قریب رہتے ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ ہمیں نہیں جانتے۔‘‘
فلم کے بااختیار بنانے کے پیغام پر زور دیتے ہوئے شربان نے کہا کہ وہ خاص طور پر محروم پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں تک اپنی بات پہنچانا چاہتی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں ایسی کہانی بیان کرنا چاہتی تھی جو سب سے پہلے محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو بااختیار بنائے۔ میں انہیں وہ بات بتانا چاہتی تھی جو مجھے خود سننے کی ضرورت تھی کہ میں کامیاب ہو جاؤں گی اور دنیا میں شاید ہم میں سے ہر ایک کے لیے ایک چھوٹی سی جگہ ضرور موجود ہے۔‘‘
_20261124202307_7028c7.jpeg)
ریبیکا کا کردار ادا کرنے والی مرکزی اداکارہ ڈینیسا فارکاش نے فلم کو ایک گہرا ذاتی تجربہ قرار دیا، جس نے ان کے اپنی شناخت کے ساتھ تعلق کو بدل دیا۔ اپنی روما شناخت کو تسلیم کرنے میں ابتدائی ہچکچاہٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’یہ پہلی بار تھا جب میں نے روما برادری کے لوگوں کو مثبت انداز میں پیش ہوتے دیکھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس کردار کو نبھانے سے انہیں اپنی شناخت سے وابستہ شرمندگی پر قابو پانے اور اپنے آبائی ورثے کو فخر کے ساتھ اپنانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے روما ہونے پر فخر ہے۔‘‘ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ بالآخر اس برادری اور اس کے بچوں کی کہانیوں کو بھی سنا جا رہا ہے۔
اس نشست کی نظامت پرانجل رائے نے کی۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :8197 )