پرسار بھارتی نے بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے تحت پنجی کے کلا اکیڈمی میں منعقدہ تقریب میں آج اپنی پہلی اسکرپٹ پچنگ لیب ’پیج سے پچ تک‘ کے فاتحین کا اعلان کیا۔ پرسار بھارتی کے چیئرمین پرسون جوشی کے تصور پر مبنی اس پہل کا مقصد ابھرتے ہوئے مصنفین کو ایک ایسا سالانہ قومی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں وہ فیچر فلموں، دستاویزی فلموں اور مختصر فلموں کے زمروں میں ہندوستان کی 10 زبانوں میں اپنی اصل کہانیاں پیش کر سکیں۔
_20261124160240_59c463.jpeg)
اس پہل کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اور اعلان کے محض 10 دن کے اندر تقریباً ایک ہزار اسکرپٹ موصول ہوئیں، جو ملک بھر کے نوجوان مصنفین میں کہانی بیان کرنے کی غیر معمولی صلاحیت اور تخلیقی امنگوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
اویشیش جھا نے اپنی اسکرپٹ ’مرچی کیک‘ کے لیے پہلا انعام حاصل کیا، جس کے تحت انہیں 5 لاکھ روپے کی نقد رقم دی گئی۔ ستیہ ویاس نے ’سنہار‘ کے لیے دوسرا انعام حاصل کرتے ہوئے 3 لاکھ روپے جیتے، جبکہ جیتیش ٹھاکر کو ’شرد پورنیما‘ کے لیے تیسرا انعام دیا گیا اور انہیں 2 لاکھ روپے کی نقد رقم سے نوازا گیا۔
انعامات تقسیم کرنے کی تقریب میں وزارت اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سکریٹری پرتھول کمار اور نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر دھیراج سنگھ نے شرکت کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرتھول کمار نے کہانی بیان کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ابھرتے ہوئے ہنرمندوں کی شناخت اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہندوستان کی تخلیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا اور ان کہانیوں کو تلاش کرنا ضروری ہے جنہیں ملک کے نوجوان بیان کرنا چاہتے ہیں۔ فلم سازی میں اسکرپٹ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکرپٹ تیار کرنا فلم سازی کے عمل کا پہلا قدم ہے اور کسی بھی فلم کی تیاری کے لیے منصوبہ بندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اسکرپٹ کو منصوبہ بندی کا ہم معنی قرار دیتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ ایک مؤثر اسکرپٹ اور مضبوط کہانی کامیاب فلم سازی کی بنیاد ہوتے ہیں

دوردرشن کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ رینا سونووال کولی نے استقبالیہ خطاب کیا۔ انہوں نے اس پہل کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ہندوستان کی لسانی اور تخلیقی گوناگونیت کو نمایاں کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے مصنفین کو قومی سطح کے پلیٹ فارم پر اپنے اصل تخلیقی خیالات پیش کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پچنگ سیشن میں شارٹ لسٹ کیے گئے 10 شرکاء نے نامور جیوری کے سامنے اپنی اصل اسکرپٹ پیش کیں۔ جیوری میں اداکار اور بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرنے والے منوج جوشی؛ ہندوستانی تاریخ، ثقافت اور ادب کے مصنف، مدیر اور آزاد محقق سندیپ بال کرشن؛ ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ اور ’بتی گل میٹر چالو‘ جیسی فلموں کے لیے معروف فلم ساز اور ایڈیٹر شری نارائن سنگھ؛ اور نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ صحافی، مصنف اور فلم نقاد نیز فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی)، پونے کی گورننگ کونسل کے نائب چیئرمین اننت وجے شامل تھے۔
شارٹ لسٹ کی گئی اسکرپٹس میں نمایاں کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے اس پہل کے تحت چوتھا، پانچواں اور چھٹا مقام حاصل کرنے والے شرکاء کو خصوصی اعزازی انعامات بھی دیے گئے، جن میں سے ہر ایک کو 50 ہزار روپے کی رقم دی گئی۔ ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں مقام پر آنے والوں کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں، جبکہ شارٹ لسٹ کیے گئے بہترین 30 مصنفین کو شرکت کے سرٹیفکیٹ دیے گئے۔

21 سے 23 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی ’پیج سے پچ تک‘ پہل کا مقصد ابھرتے ہوئے مصنفین اور فلمی صنعت کے درمیان فاصلے کو کم کرنا ہے، تاکہ ان کے اصل تخلیقی خیالات کو پردۂ سیمیں تک پہنچنے کا موقع مل سکے۔ سالانہ بنیادوں پر منعقد کیے جانے کے تصور کے ساتھ شروع کی گئی اس پہل کا مقصد باصلاحیت کہانی کاروں کو فلمی صنعت کے پیشہ ور افراد سے جوڑنا اور ان کی اسکرپٹ کو فیچر فلموں، دستاویزی فلموں اور مختصر فلموں کی شکل دینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
******
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8182)