57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

 سپر ہیرو کے تصور کو نئی جہت: ایان مکھرجی اور بیزل جوزف کی ہندوستانی ثقافت سے جڑے سنیما کی دنیاؤں کی تخلیق پر گفتگو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 7:00PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2340661Views: 3

ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے میں جڑی اساطیر، سپر ہیروز اور تخیلاتی دنیاؤں کے غیر معمولی امکانات گوا میں منعقدہ 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کے ایک دلچسپ مکالماتی سیشن میں مرکزِ توجہ رہے۔ ’ایپک ژانرز: اساطیر، سپر ہیروز اور نئی دنیائیں‘ کے عنوان سے منعقدہ اس سیشن میں فلم ساز ایان مکھرجی اور بیزل جوزف نے میزبان پوجا تلوار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سپر ہیروز اور اساطیری کہانیوں کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنے کے تخلیقی چیلنجز، ہندوستانی لوک داستانوں اور روحانیت کے اثرات اور سنیما میں کہانی بیان کرنے کے عمل میں ٹیکنالوجی کے بدلتے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

 

ہندوستان میں سپر ہیرو فلمیں بنانے کے چیلنجوں پر بات کرتے ہوئے بیزل جوزف نے کہا کہ ہندوستانی سنیما میں روایتی طور پر مرکزی کردار ادا کرنے والے ہیروز کو غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل دکھایا جاتا رہا ہے اور اکثر ان میں سپر ہیروز جیسی خصوصیات ہوتی ہیں۔ ایسے میں ایک منفرد سپر ہیرو سنیما کی دنیا تخلیق کرنا خاصا مشکل ہو جاتا ہے۔ اپنی فلم ’منّل مرلی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تخلیقی چیلنجز اور بجٹ کی محدودیت بھی کہانی بیان کرنے کے نئے اور اختراعی طریقوں کی ترغیب دے سکتی ہے۔ فلم میں سپر ہیرو کے منہ پر لنگی باندھ کر اور چپل پہن کر دوڑنے کے مناظر بھی انہی تقاضوں کے تحت سامنے آئے۔

ایان مکھرجی نے بتایا کہ عام لوگوں کے اندر غیر معمولی طاقتیں موجود ہونے کا تصور ہی ابتدا میں انہیں سپر ہیرو فلموں کی صنف کی طرف راغب کرنے کا سبب بنا۔ مغربی فینٹسی کہانیوں سے تحریک لینے والی فلموں کو ہندوستانی شناخت دینے کے چیلنج پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ ’برہماستر‘ میں ابتدا میں مغربی اثرات موجود تھے، جس کی ایک وجہ ہیری پوٹر جیسی کہانیوں سے ان کی دلچسپی بھی تھی۔ تاہم، فلم کی کہانی اور اس کے مکالموں میں روحانیت کے عناصر شامل کرنے سے اسے ایک منفرد ہندوستانی شناخت دینے میں مدد ملی۔

 

فلم سازی میں حقیقت پسندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بیزل جوزف نے کہا کہ فلم سازوں کو اپنی فلموں کو مصنوعی بنانے کی کوشش کرنے کے بجائے اپنے کرداروں اور اپنی ذات کے ساتھ سچائی برقرار رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سادگی اور تخلیقی دیانت داری نہایت ضروری ہیں اور فلم کو ’کول‘ دکھانے کی کوشش میں اپنی شناخت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔

’برہماستر‘ کی تیاری کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ایان مکھرجی نے اس فلم کو انتظامی اور عملی اعتبار سے ایک مشکل پروجیکٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے درمیان کام کرنے سے اکثر فلم ساز روایتی طریقوں سے آگے سوچنے اور زیادہ تخلیقی حل تلاش کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق تخلیقی چیلنجز رکاوٹ بننے کے بجائے جدت طرازی کا محرک ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس گفتگو میں ہندوستان کے اساطیر اور لوک داستانوں سے گہرے تعلق پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیزل جوزف نے کہا کہ ہندوستانی ناظرین بچپن ہی سے دیوی دیوتاؤں اور غیر معمولی طاقتوں سے متعلق کہانیاں سنتے آئے ہیں۔ مغربی ممالک کے برعکس، جہاں اساطیری سپر ہیروز کا مقبول کہانیوں میں نسبتاً محدود کردار ہے، ہندوستان میں ایسے خدائی کرداروں کی ایک وسیع روایت موجود ہے جو مصیبت کے وقت لوگوں کی حفاظت اور مدد کے لیے سامنے آتے ہیں۔ اساطیر اور لوک داستانوں کے بے پناہ ذخیرے کے باعث فلم ساز سنیما کی دنیائیں تخلیق کرتے وقت فطری طور پر ان کہانیوں اور تجربات سے تحریک لیتے ہیں جو انہوں نے بچپن میں اپنے اندر جذب کیے ہوتے ہیں۔

 

ایان مکھرجی نے کہا کہ تکنیکی ترقی نے بصری انداز میں کہانی بیان کرنے کے امکانات کو وسعت دی ہے، جس سے فلم سازوں کے لیے بڑے پیمانے کی کہانیوں اور تخیلاتی دنیاؤں کو پردۂ سیمیں پر حقیقت کا روپ دینا ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی داستان گوئی میں اساطیر ہمیشہ سے شامل رہے ہیں اور اب ٹیکنالوجی ان قدیم کہانیوں کو عصر حاضر کے ناظرین کے سامنے پیش کرنے کے نئے راستے فراہم کر رہی ہے۔

مصنوعی ذہانت کے دور میں فلم سازی کے مستقبل کے بارے میں اپنی رائے پیش کرتے ہوئے بیزل جوزف نے کہا کہ اے آئی بنیادی طور پر پہلے سے موجود مواد کو نئے انداز میں پیش کرتی ہے، نہ کہ حقیقی معنوں میں کوئی نئی تخلیق کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے دور میں، جب ٹیکنالوجی تخلیقی مواد کی باآسانی نقل تیار کر سکتی ہے، انفرادیت اور جدت کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔

مقررین نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی ترقی سے ہندوستانی سنیما کی رسائی میں آنے والی تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بیزل جوزف نے کہا کہ اب ایک زبان میں بننے والی فلموں کو ملک کے مختلف علاقوں میں بھی پسند کیا جا رہا ہے اور ناظرین انہیں اپنی زبانوں میں دیکھنے کے قابل ہیں۔ ان کے مطابق اس بڑھتی ہوئی رسائی نے علاقائی سنیما کے لیے لسانی حدود سے آگے بڑھ کر ناظرین تک پہنچنے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

 

اس گفتگو میں اس صنف کی ہندوستانی فلموں کے بدلتے منظرنامے پر اہم بصیرتیں سامنے آئیں۔ اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ کس طرح تکنیکی امکانات، تخلیقی جدت اور مقامی اساطیری روایات سے گہرا تعلق مل کر ایسی سنیما کی دنیائیں تخلیق کر سکتے ہیں جو تخیل سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی شناخت میں منفرد طور پر ہندوستانی بھی ہوں۔

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

 

 

************

 

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :8160  )


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2340661
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026