گوا میں منعقدہ 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) کے ’انٹرنیشنل سنیما سیکشن‘ میں دکھائی جانے والی دو فلموں ’رحمہ‘ اور ’دی فارم‘ سے وابستہ فلم سازوں نے ایک پریس کانفرنس میں ماں کی ممتا، ہمدردی، انسانی کمزوریوں اور زندگی کے تقدس جیسے موضوعات پر گفتگو کی۔یہ دونوں فلمیں اگرچہ ایک دوسرے سے مختلف ہیں، لیکن گہرائی سے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ یہ فلمیں ناظرین کو اپنے ذاتی مسائل اور جدوجہد سے آگے بڑھ کر دوسروں کے درد، احساسات اور خواہشات کو سمجھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

اس پریس کانفرنس میں ’رحمہ‘ کے ہدایت کار اور مصنف فیصل سویسال، ’دی فارم‘ کی ہدایت کارہ اور مصنفہ الیف ادا، اور ’دی فارم‘ کے سنیماٹوگرافر ایمری پیکچاکر نے شرکت کی۔ فلم سازوں نے ان دلچسپ کہانیوں کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنے کے پسِ پشت اپنی تخلیقی سوچ، موضوعات اور تجربات کے بارے میں گفتگو کی۔
رحمہ: ماں بننے کی خواہش اور انسانیت کے رشتوں کی ایک اثر انگیز کہانی
فیصل سویسال کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’رحمہ‘مریم نامی ایک خاتون کی کہانی ہے، جو پیشے کے اعتبار سے ماہرِ آثارِ قدیمہ (آرکیالوجسٹ)ہے۔ ماں بننے کی اس کی شدید خواہش کئی سرجریوں اور آئی وی ایف کے ناکام علاج کے باوجود پوری نہیں ہو پاتی ہے۔جب اس کی امیدیں دم توڑنے لگتی ہیں تو وہ اپنے شوہر ابراہیم کی ہچکچاہٹ کے باوجود جارجیا میں سروگیسی (کرائے کی کوکھ)کے امکان پر غور کرتی ہے۔اس کی زندگی میں ایک غیر متوقع موڑ اس وقت آتا ہے جب اس کی ملاقات ملک شام کی نو سال کی یتیم بچی ’رحمہ‘سے ہوتی ہے، جو تنہا اپنی زندگی بچانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ جیسے جیسے مریم کو رحمہ کے حالات کا علم ہوتا ہے، ان دونوں کے درمیان ایک گہرا اور منفرد رشتہ قائم ہو جاتا ہے، جو مریم کی زندگی میں سکون اور جذباتی آسودگی کا ذریعہ بنتا ہے۔
فلم کی کہانی کی تحریک کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل سویسال نے بتایا کہ یہ کہانی ایک طرف اولاد کی خواہش رکھنے والے جوڑوں کی شدید جدوجہد اور دوسری طرف ان بچوں کی حالت سے متاثر ہو کر وجود میں آئی ہے، جو خاندان کے سہارے کے بغیر پرورش پاتے ہیں۔فلم ’رحمہ‘کے ذریعے انہوں نے والدین بننے کے عمل کی جذباتی پیچیدگیوں، خاندان کے حقیقی مفہوم اور ان غیر متوقع طریقوں کو سمجھنے کی کوشش کی ہے، جن کے ذریعے انسانی رشتے ہماری گہری جذباتی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔

دی فارم: زندگی کے تقدس کیلئے ایک کمسن بچی کا جرأت مندانہ قدم
ایلیف ایڈا کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دی فارم‘ 12سالہ ارم کی کہانی ہے۔ اپنے والدین کے اچانک انتقال کے بعد وہ اپنی دادی کے پاس ایک ڈیری فارم میں رہنے چلی جاتی ہے۔
دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے نومولود بچھڑوں کو ان کی ماؤں سے الگ کرنے کی روایت دیکھ کر ارم شدید پریشان ہو جاتی ہے اور اس ظلم کو قبول کرنے سے انکار کر دیتی ہے۔ فارم کے ویٹرنری ڈاکٹر کے یہاں کام کرنے والے ایک یتیم لڑکے خالد کی مدد سے وہ حاملہ گایوں کو آزاد کرانے کے پختہ عزم کے ساتھ ایک جدوجہد شروع کرتی ہے۔
فلم کے بنیادی فلسفے پر گفتگو کرتے ہوئے ایلیف ایڈا نے ہر قسم کی زندگی کا احترام کرنے اور دوسروں کے دکھ درد کے تئیں حساسیت و ہمدردی رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اصل خطرہ صرف درد برداشت کرنے میں نہیں، بلکہ دوسروں کے درد کے تئیں بے حس ہو جانے میں ہے۔
زمین پر زندگی کے تقدس کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہر چیز پر قابو پانے کی انسانی خواہش اکثر دوسرے جانداروں کے لیے تکلیف اور مصیبت کا سبب بن جاتی ہے۔
فلم ساز نے بتایا کہ وہ اس فلم کے ذریعے جانوروں کے اس درد اور تکلیف کو اجاگر کرنا چاہتی تھیں، جس پر اکثر کسی کی توجہ نہیں جاتی۔ انہوں نے فلمی صنعت میں ایک خاتون ہدایت کار کی حیثیت سے اپنی شناخت بنانے کے دوران پیش آنے والے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ خواتین کو اپنے تخلیقی خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے کن اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فلم ’دی فارم‘ میں کام کرنے کے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے، اس کے ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی(سینماٹوگرافر)ایمری پیکچاکر نے گایوں کی عکس بندی کے دوران پیش آنے والے خصوصی چیلنجز کا ذکر کیا۔
فلم کی تیاری کے تجربات یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فارم پر کافی وقت گزارا اور جانوروں کے قریب رہ کر ان کے رویوں اور اردگرد کے ماحول کی باریکیوں کو کیمرے میں محفوظ کرنے کی کوشش کی۔ تمام تر مشکلات کے باوجود، انہوں نے جانوروں کے ساتھ عکس بندی کے تجربے کو فلم سازی کے عمل کا ایک خوشگوار اور یادگار حصہ قرار دیا۔
’رحمہ‘اور ’دی فارم‘کی کہانیاں محبت،اپنائیت اور احساسِ رحم و کرم اور ہمدردی کا گہرا پیغام دیتی ہیں اور ناظرین کو اپنے ذاتی دائرے سے باہر نکل کر دوسروں کی زندگیوں اور مشکلات کو سمجھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
اس سیشن کی نظامت محترمہ شلپا نیل کنٹھ نے کی۔
یہاں آئی ایف ایف آئی لائیو ملاحظہ کریں:
https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
ش ح۔ ک ا۔ ع د
U.NO.8134