57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

فلمی صنعت کی ممتاز شخصیات کا 57ویں آئی ایف ایف آئی میں فلمی اداروں کے کردار پر تبادلہ خیال


ماہرین نے فلم سازوں کی نئی نسل کی تربیت میں ادارہ جاتی تعلیم، عملی تجربے، نظم و ضبط اور بدلتے حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیا

فلم سازی کے لیے مسلسل مشق، تجربہ اور دنیا بھر کے سنیما سے واقفیت ضروری ہے: آرتھر ڈابورسکی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 NOV 2026 7:43PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2340087Views: 9

کیا سنیما کی تعلیم دی جا سکتی ہے یا اسے خود حاصل کرنا پڑتا ہے؟ اسی سوال کے ساتھ آج گوا میں بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے دوران فلموں کی نمائش کے ساتھ ایک پینل مباحثہ منعقد ہوا، جس کا عنوان تھا ’’ناقابلِ تعلیم فریم: کیا سنیما کی تعلیم دی جا سکتی ہے یا اسے خود حاصل کرنا پڑتا ہے؟‘‘ اس مباحثے میں تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، تکنیکی مہارتیں سکھانے اور ابھرتے ہوئے فلم سازوں کو فلمی صنعت کے تقاضوں کے لیے تیار کرنے میں فلمی اداروں کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

پینل میں اداکارہ اور اناپورنا کالج آف فلم اینڈ میڈیا کی ڈائریکٹر امالا اکینینی، اداکار اور ایکٹر پریپئرز کے بانی انوپم کھیر، ثقافتی صحافی، وارسا فلم اسکول میں بین الاقوامی تعاون کے وائس ریکٹر، سمر فلم اکیڈمی کے پروگرام ڈائریکٹر، توفی فیسٹ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے پروگرامر اور فیپریسکی کے رکن آرتھر ڈابورسکی، فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے سابق ڈائریکٹر بھوپیندر کینتھولا، اور تمل، تیلگو اور ملیالم فلمی صنعتوں کے سنیماٹوگرافر، مینٹور اور سنیما فیکٹری اکیڈمی کے بانی منوج پرماہمسہ شامل تھے۔ اس سیشن کی نظامت وکرم جیت رائے نے کی، جو سونی پکچرز انڈیا اور نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-22at6.31.05PM_20261122195049_1dd549.jpeg

امالا اکینینی نے فلم سازی کے اشتراکی عمل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ فلمی ادارے ایسا ماحول فراہم کرتے ہیں جہاں طلبہ مل کر کام کرنا سیکھتے ہیں اور فلم سازی کے مختلف شعبوں کے باہمی انحصار کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے فلمی تعلیم سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ رائج دقیانوسی تصورات کو چیلنج کریں اور مزید خواتین کو فلم سازی کی پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔ عزم و لگن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ابھرتے ہوئے فلم سازوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری سے بڑھ کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کریں۔

انوپم کھیر نے اپنے ذاتی تجربات بیان کرتے ہوئے ایک اداکار کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں باقاعدہ تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) میں گزارے اپنے وقت کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’اگر میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ نہ گیا ہوتا تو آج یہاں بیٹھا نہ ہوتا۔‘‘

اپنی پہلی فلم ’سارانش‘ کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں انہوں نے 28 برس کی عمر میں 65 سالہ شخص کا کردار ادا کیا تھا، کھیر نے اس مشکل کردار کو نبھانے کے لیے این ایس ڈی کی تربیت کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے مشاہدے، تخیل اور جذباتی یادداشت کو ایک اداکار کی تین بنیادی صلاحیتیں بتایا۔ ان کے مطابق کسی فرد کے زندگی کے تجربات اس کی یادداشت میں محفوظ ہو جاتے ہیں اور کرداروں کو حقیقت سے قریب تر انداز میں پیش کرنے کے لیے ایک اہم وسیلہ ثابت ہوتے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-22at6.32.32PM_20261122195111_e97470.jpeg

اداکاری کو نو جذبات یا ’نو رس‘ سے وابستہ ایک فن قرار دیتے ہوئے انوپم کھیر نے کہا کہ ایک اداکار کو کسی منظر، سلسلے یا کہانی کے تقاضوں کے مطابق ان جذبات کو یاد کرنے اور ان کا اظہار کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق فلمی ادارے ابھرتے ہوئے اداکاروں کو ان جذبات کو سمجھنے، ان کی مشق کرنے اور مؤثر انداز میں پیش کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ نوجوان اداکاروں کو روزمرہ زندگی سے تحریک حاصل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’ہر تجربہ آپ کو کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے۔ ایک انسان کی حیثیت سے آپ جو کچھ سیکھتے ہیں، وہ آپ کی اداکاری میں کام آتا ہے۔‘‘

کھیر نے نوجوان اداکاروں کو خود پسندی اور اطمینانِ کار سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات صلاحیت بھی غیر معمولی کارکردگی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق فنکاروں کو اپنی مہارت اور فن کو مسلسل بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔

آرتھر ڈابورسکی نے کہا کہ فلم سازی کے لیے مسلسل مشق، تجربہ اور دنیا بھر کے سنیما سے واقفیت ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان فلم سازوں کو سنیما کی متنوع روایات سے روشناس کرانے اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والی فلموں اور فلمی ماہرین کے ساتھ رابطے کے مواقع فراہم کرنے میں فلمی میلوں کے کردار کو اجاگر کیا۔ ان کے مطابق عالمی سنیما میں ہونے والی پیش رفت کو سمجھنا ان فلم سازوں کے لیے ضروری ہے جو کچھ منفرد تخلیق کرنا چاہتے ہیں۔

وارسا فلم اسکول میں اختیار کیے جانے والے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ڈابورسکی نے بتایا کہ طلبہ کو ایسے معاون تعلیمی ماحول میں فلمیں بنانے کی ترغیب دی جاتی ہے جہاں وہ تجربات کر سکیں اور اپنی غلطیوں سے سیکھ سکیں۔ ان کے مطابق ایسے مواقع اہم ہیں، کیونکہ پیشہ ورانہ فلمی سیٹ پر ہونے والی غلطیوں کے مالی اور عملی نتائج خاصے سنگین ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے طلبہ کو فلم سازی کے کاروباری پہلوؤں کے لیے تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جن میں پروڈیوسروں کے سامنے اپنے منصوبے پیش کرنا، مالی وسائل حاصل کرنا اور پیشہ ورانہ نظام کو سمجھنا شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلمی میلوں میں شرکت اور وہاں کے تجربات سے واقفیت بھی اس تیاری کا ایک لازمی حصہ ہے۔ 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-22at6.30.42PM_20261122195135_893506.jpeg

یورپی فلمی میلوں میں کس نوعیت کی فلموں کو ترجیح دی جاتی ہے، اس بارے میں بات کرتے ہوئے آرتھر ڈابورسکی نے نوجوان فلم سازوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے موضوعات پر کام کریں جو انہیں پریشان کرتے ہیں یا ایسے مسائل جنہیں وہ قبول کرنا مشکل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلمی میلوں میں ایسی فلموں کو اہمیت دی جاتی ہے جو اہم سماجی اور انسانی مسائل کو بامعنی انداز میں پیش کرتی ہیں۔

بھوپیندر کینتھولا نے فنکارانہ اظہار اور ادارہ جاتی تربیت کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا، ’’فن کو دریافت کیا جا سکتا ہے، لیکن ہنر سکھانا پڑتا ہے۔‘‘ اس بات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلمی شعبے میں کریئر بنانے کے خواہش مند افراد کے لیے باقاعدہ تعلیم اور تربیت کی اپنی اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم سازی میں کامیابی کے لیے تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ نظم و ضبط، منظم تعلیم اور پیشہ ورانہ طریقہ کار کی پابندی بھی ضروری ہے۔ فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) میں اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کینتھولا نے بتایا کہ بہت سے طلبہ اپنے خاندانوں کی روایتی کریئر سے متعلق توقعات کے باوجود فلم سازی کی تعلیم حاصل کرنے کا انتخاب کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ایف ٹی آئی آئی جیسے سرکاری مالی اعانت سے چلنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسا سازگار ماحول فراہم کریں جہاں طلبہ کے تخلیقی عزائم کو پروان چڑھایا جا سکے۔

منوج پرماہمسہ نے کہا کہ پیشہ ورانہ فلمی سیٹ پر متعدد عملی پابندیاں ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے نئے افراد کے لیے تجربات کرنے اور آزمائش و غلطی کے ذریعے سیکھنے کے مواقع محدود رہ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی لیے فلمی ادارے ایک منظم ماحول میں فلم سازی کی بنیادی باتیں سکھا کر اہم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ تکنیکی مہارتوں کے علاوہ یہ ادارے طلبہ کو افرادی وسائل کے انتظام، ٹیموں کے درمیان تال میل اور باہمی تعاون سے کام کرنے کی صلاحیت بھی فراہم کرتے ہیں، جو کسی فلمی منصوبے کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

پینل مباحثے میں فلمی تعلیم اور فلم سازی پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

منوج پرماہمسہ نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال بار بار دہرائے جانے والے کاموں کو آسان بنانے، ابتدائی اسٹوری بورڈ تیار کرنے اور فلم سازی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تکنیکی ترقی نے بصری تخلیق کے طریقوں کو بھی تبدیل کر دیا ہے، جس سے فلم سازوں کو فلم بندی کے بعد بھی پس منظر تبدیل کرنے اور جدید بصری ماحول تخلیق کرنے کی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔

تکنیکی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے انوپم کھیر نے اس بات پر زور دیا کہ تخلیقی اظہار میں انسانی جذبات کی اہمیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ورچوئل اوتار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی تصاویر اور اداکاری تخلیق کر سکتی ہے، لیکن وہ اس دل اور روح کی نقل نہیں کر سکتی جو انسان اپنی اداکاری میں شامل کرتا ہے۔

اس مباحثے میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ ادارہ جاتی تربیت، عملی تجربے اور نئے تجربات کے امتزاج کے ذریعے تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں فلمی اداروں کی اہمیت آج بھی برقرار ہے۔ اس کے ساتھ ہی ابھرتے ہوئے فلم سازوں کے لیے بدلتی صورت حال سے ہم آہنگ ہونے، تکنیکی ترقی سے باخبر رہنے اور مسلسل سیکھنے اور خود کو نئے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے عزم کو بھی ضروری قرار دیا گیا۔

گوا میں 20 سے 28 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والا 57واں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) ہندوستان اور دنیا بھر کے فلم سازوں، فلمی صنعت سے وابستہ پیشہ ور افراد اور سنیما کے شائقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہا ہے۔ فلموں کی نمائش، ماسٹر کلاسز اور انٹرایکٹو مباحثوں کے ذریعے یہ میلہ سنیما کے تبادلے، سیکھنے اور باہمی تعاون کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

***

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

U :8109 


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2340087
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026