57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

ہماری کوشش تھی کہ سنیما کے ذریعے ہندوستان کی سب سے سچی تصویر پیش کریں: نان فیچر جیوری کے چیئرمین ہیمانشو شیکھر کھاٹوا


آئی ایف ایف آئی 57 میں انڈین پینورما جیوری نے انتخاب کے سخت عمل، ہندوستانی کہانیوں کے تنوع اور فلم سازی میں ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 7:24PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2339757Views: 6

57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں انڈین پینورما کی نان فیچر فلم جیوری نے آج منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران انتخاب کے سخت عمل سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ اس موقع پر ہندوستانی سنیما کے تنوع، قصہ نگاری کی قوت اور فلم سازی میں ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ اس گفتگو کے دوران 358 فلموں کی شاندار تعداد میں سے 20 فلموں کے انتخاب کے پس پردہ غور و خوض کی جھلک بھی پیش کی گئی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/NIL_7100.JPG(1)_20261121193112_98e208.jpeg

اس اجلاس میں جیوری کے چیئرمین جناب ہیمانشو شیکھر کھاٹوا کے ساتھ جیوری کے اراکین محترمہ آرتی پٹیل، جناب ابھیجیت اروند دلوِی، محترمہ راگنی سونا، جناب شیو سنی، جناب شنکھ جیت ڈے اور جناب دھنیش یادو ٹی آر نے شرکت کی۔ اس گفتگو کی نظامت پریس انفارمیشن بیورو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل شری مہیش کمار نے کی۔

انتخابی عمل کے پس پشت کارفرما نظریے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب ہیمانشو شیکھر کھاٹوا نے زور دے کر کہا کہ جیوری کی سب سے اہم کوشش سنیما کے ذریعے ہندوستان کی سچی تصویر پیش کرنا تھی۔ آئی ایف ایف آئی کے موضوع ’’بلا سرحد کہانیاں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منتخب فلموں میں ملک کی کثیر جہتی شناخت، لوگوں کے حقیقی تجربات اور ثقافتی ثروت کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ساتھ ہی کہانی سنانے کے آفاقی جذبے کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

انتخابی طریقۂ کار کی وضاحت کرتے ہوئے جناب ہیمانشو شیکھر کھاٹوا نے بتایا کہ جیوری نے کئی مراحل میں سخت جانچ پڑتال کی اور اس دوران سنیما کے روایتی پیمانوں اور مین اسٹریم کے رجحانات سے آگے بڑھ کر فلموں کا جائزہ لیا۔ اس عمل میں ملک کے مختلف حصوں سے منفرد نقطۂ نظر اور مؤثر بیانیے پیش کرنے والی فلموں کی شناخت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب فلمیں مجموعی طور پر ہندوستان کے متنوع رسم و رواج، روایات اور ثقافتی منظرناموں کی عکاسی کرتی ہیں۔ جیوری کے جامع نقطۂ نظر پر زور دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ فلموں کا جائزہ ان کے کسی ایک پہلو، مثلاً اسلوب یا کہانی سنانے کے انداز کی بنیاد پر نہیں، بلکہ ان کی مجموعی حیثیت کو سامنے رکھ کر لیا گیا۔

فلم سازی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے اثرات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب ہیمانشو شیکھر کھاٹوا نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی تخیل، احساس و ادراک اور نقطۂ نظر اپنی انفرادیت رکھتے ہیں اور ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔ انہوں نے اے آئی کی صلاحیتوں کو ایک مفید تخلیقی وسیلہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کو فنکارانہ اظہار کا متبادل بننے کے بجائے اسے مزید بہتر اور مؤثر بنانے میں معاون ہونا چاہیے۔

اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے جیوری کی رکن محترمہ آرتی پٹیل نے انتخاب کے اس عمل کو ایک جانب انتہائی وسیع اور متاثر کن، تو دوسری جانب بے حد اطمینان بخش قرار دیا۔ خاص طور پر اس لیے کہ موصولہ فلموں میں موضوعات، عنوانات اور نقطہ ہائے نظر کی غیر معمولی وسعت دیکھنے کو ملی۔ انہوں نے کہا کہ سنیما لسانی، جغرافیائی اور ثقافتی سرحدوں سے ماورا ہے اور ایک ایسی آفاقی زبان کا کام کرتا ہے جو لوگوں اور برادریوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔

جناب ابھیجیت اروند دلوِی نے کہا کہ ان فلموں نے جیوری کو ہندوستان کی ایک وسیع اور ہمہ گیر تصویر دکھائی، جس میں سنیما کے مختلف منفرد انداز کے ذریعے ملک کی متنوع سماجی حقیقتوں اور ثقافتی اقدار کو پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ موصولہ فلموں میں ملک کی فلم سازی کی روایات کی ثروت اور فلم سازوں کے اپنے ماحول کی ترجمانی کے مختلف انداز نمایاں طور پر سامنے آئے۔

محترمہ راگنی سونا نے جیوری کے ساتھ اپنی وابستگی کو سیکھنے کا ایک قیمتی تجربہ قرار دیتے ہوئے فلم فیسٹیول کے موضوع ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ کو خوبصورت اور بامعنی بتایا۔ انہوں نے ایسی کہانیوں کی اہمیت پر زور دیا جو سرحدوں سے آگے بڑھ کر مشترکہ انسانی تجربات کے ذریعے ناظرین کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/NIL_7056.JPG_20261121193214_3c31ba.jpeg

جناب شیو سنی نے سنیما کی تبدیلی لانے والی قوت کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ بامعنی کہانی سنانے کا عمل محض تفریح تک محدود نہیں رہتا، بلکہ یہ غور و فکر پر آمادہ کرنے، نقطۂ نظر تشکیل دینے اور مثبت سماجی تبدیلی کی ترغیب دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

پریس کانفرنس کے ذریعے جیوری کے انتخابی طریقۂ کار اور ان پہلوؤں کو سمجھنے کا موقع ملا جو انڈین پینورما کے لیے فلموں کی شناخت کے دوران پیش نظر رکھے گئے۔ مختلف خطوں، ثقافتوں اور حقیقی زندگی کے تجربات سے جڑی کہانیوں کو یکجا کرکے اس انتخاب نے ایک بار پھر ہندوستانی سنیما کی ثروت کو پیش کرنے اور جغرافیائی و ثقافتی سرحدوں سے ماورا ناظرین کو آپس میں جوڑنے میں انڈین پینورما کے کردار کو اجاگر کیا۔

آئی ایف ایف آئی لوئڈ یہاں پڑھیں:  

https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

*****

( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )

UR. No-8064


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2339757
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026