لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

خواتین کی قیادت، اختراعات اور اجتماعی کوششیں عالمی چیلنجوں کے حل کی راہ ہموار کر سکتی ہیں: لوک سبھا اسپیکر


برکس  ، کسی بھی ملک کے لیے چیلنج نہیں ہے، بلکہ یہ تمام ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ہے: لوک سبھا اسپیکر

تکنیکی ترقی کو انسانوں پر  مرکوز نقطۂ نظر، اخلاقی اقدار، ہمدردی اور جوابدہی کی رہنمائی میں آگے بڑھنا چاہیے: لوک سبھا اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے  آب و ہوا کی تبدیلی، دہشت گردی، سائبر جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے برکس کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا

ہمیں ’ خواتین کو با اختیار بنانے‘ سے آگے بڑھ کر ’ خواتین کی قیادت میں ترقی‘ کے تصور کو حقیقت میں بدلنا ہوگا: لوک سبھا اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے بناس تھلی ودیا پیٹھ میں برکس ویمن لیڈرز  سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 3:11PM by PIB Delhi

لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے آج برکس ممالک کی خواتین رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور ایک زیادہ پُرامن، مستحکم اور خوشحال دنیا کی تشکیل کے لیے اپنی اجتماعی قیادت، تجربات اور اختراعی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ راجستھان کے ٹونک میں واقع بناس تھلی ودیا پیٹھ میں برکس ویمن لیڈرز سمٹ کی افتتاحی تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے  ، انہوں نے کہا کہ خواتین کا اعتماد، مثبت نقطۂ نظر اور اختراع کی صلاحیت  ممالک اور پوری انسانیت کو درپیش پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔

برکس ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے  ، جناب برلا نے کہا کہ جغرافیائی، اقتصادی اور سیاسی حالات میں اختلافات کے باوجود، ممالک کو کئی مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن اور استحکام اقتصادی اور سماجی ترقی کے لیے بنیادی شرائط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک ملک میں بدامنی کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برکس  ، مکالمے، تعاون اور خیالات و بہترین طور طریقوں کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے ممالک مشترکہ مفادات اور مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تبدیلی لانے کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے  ، لوک سبھا اسپیکر نے صحت، تعلیم، زراعت، دفاع، سائبر سکیورٹی اور خواتین کی صنعت کاری جیسے شعبوں میں اس کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی کو انسان مرکوز نقطۂ نظر، اخلاقی پہلوؤں، ہمدردی اور جواب دہی کی رہنمائی میں آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا کہ اے آئی انسانیت کی خدمت کرے اور عام شہریوں کی زندگیوں کو زیادہ محفوظ اور بہتر بنائے،  یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہونی چاہیے۔

جناب برلا نے  آب و ہواکی تبدیلی، دہشت گردی، سائبر جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے درمیان اختراعات، تجربات اور کامیاب طور طریقوں کے تبادلے سے نئے خیالات سامنے آ سکتے ہیں اور برکس ممالک کو عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے مسائل کا زیادہ مؤثر انداز میں سامنا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

بھارت کے نظریے ’ وسو دھیو کٹمبکم‘ یعنی پوری دنیا ایک  کنبہ ہے، اس   کا حوالہ دیتے ہوئے  ، جناب برلا نے کہا کہ برکس کسی بھی ملک کے لیے چیلنج نہیں ہے اور نہ ہی اس کا مقصد کسی کو چیلنج کرنا ہے۔ اس کے بجائے، اس کا بنیادی فلسفہ تمام ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور فلاح و بہبود پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ  بھارت کا نقطۂ نظر برکس سے آگے تک پھیلا ہوا ہے اور عالمی فلاح و بہبود اور تعاون کے حصول میں ہر ملک کی اہمیت ہے۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے  ، بھارت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے  ، جناب برلا نے سیلف ہیلپ گروپس، لکھ پتی دیدی اور ڈرون دیدی جیسی پہل کا ذکر کیا، جو خواتین کو معاشی طور پر خود مختار اور خود کفیل بننے کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین مالی شمولیت کو فروغ دینے اور سماجی و اقتصادی تبدیلی لانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  بھارت کا آئین ہر فرد کو مساوات کی ضمانت دیتا ہے اور  بھارت میں خواتین کو آئین کے نفاذ کے وقت سے ہی ووٹ دینے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے لیے مساوی مواقع، وقار، تحفظ اور راز داری کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

جناب برلا نے کہا کہ ناری شکتی وندن ادھینیم، پنچایتوں سے لے کر پارلیمنٹ تک خواتین کی سیاسی شمولیت کو مضبوط بنانے کی سمت ایک تاریخی اور دور اندیشی پر مبنی پہل ہے۔ خواتین کے لیے تعلیم، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل خدمات اور مالی وسائل تک یکساں رسائی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے ’ خواتین کو با اختیار بنانے‘ کے تصور سے آگے بڑھ کر ’ خواتین کی قیادت میں ترقی‘ کے نظریے کو حقیقت میں بدلنے کی اپیل کی، تاکہ خواتین ترقی کے عمل میں محض شریک نہ رہیں، بلکہ اس کی سمت طے کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کریں۔

لوک سبھا اسپیکر نے بناس تھلی ودیا پیٹھ کی شاندار روایت کی ستائش کرتے ہوئے یاد دلایا کہ محض 5 طالبات سے شروع ہونے والا یہ ادارہ آج خواتین کی تعلیم کے ایک ممتاز مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جہاں تقریباً 18,000 طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے اس کے بانیوں پنڈت ہیرالال شاستری اور محترمہ رتن شاستری کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جن کا نظریہ مہاتما گاندھی کے اصولوں، تحریکِ آزادی اور ملک کی تعمیر و ترقی کے جذبے سے متاثر تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی طالبات کو ٹیکنالوجی، ہوا بازی اور گھڑ سواری سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی جاتی ہے اور یہاں کی طالبات مسلح افواج، سائنس اور دیگر اہم شعبوں میں قائدانہ ذمہ داریاں بھی سنبھال چکی ہیں۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ سمٹ برکس ممالک کی خواتین رہنماؤں کو اپنے تجربات کے تبادلے، بہترین طور طریقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے اور دیرپا شراکت داری قائم کرنے کے لیے ایک بامعنی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بناساتھلی ودیا پیٹھ میں پیش کیے گئے نئے خیالات، اختراعات اور تجربات برکس ممالک کو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کی ترغیب دیں گے، تاکہ خواتین تبدیلی کے عمل میں محض شریک نہ ہوں، بلکہ اس کی رہنمائی کرنے والی اہم معمار بھی بنیں۔

21 سے 23  نومبر  ،  2026  ء تک منعقد ہونے والی برکس ویمن لیڈرز سمٹ، خواتین کی قیادت، سیاسی شمولیت، صلاحیت سازی، ڈیجیٹل سکیورٹی اور سائبر  سکیورٹی سمیت اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک اہم بین الاقوامی فورم ہے۔ اس سمٹ کا مقصد  ، مختلف ممالک کے تجربات اور بہترین طور طریقوں کے تبادلے کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی قیادت کو فروغ دینے کے لیے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہے۔ اس سمٹ میں برکس اور شراکت دار ممالک کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ، پالیسی ساز، ماہرینِ تعلیم، صنعت کار اور دیگر ممتاز مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )

U.No. 8038


(ریلیز آئی ڈی: 2339632) وزیٹر کاؤنٹر : 3