نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے پونے میں سمبایوسس انٹرنیشنل یونیورسٹی کی 23ویں  تقسیمِ اسناد تقریب سے خطاب کیا


2014-15 ء  میں  بھارت میں  760 یونیورسٹیاں تھیں، جن کی تعداد اب بڑھ کر 1,400 سے زیادہ ہوگئی ہے: نائب صدر جمہوریہ

تعلیم کو  ملکوں، تہذیبوں اور سماجی برادریوں کے درمیان ایک پل کا کام کرنا چاہیے: نائب صدر جمہوریہ

بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری کے ذریعے  بھارت   علم کے عالمی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے: نائب صدر جمہوریہ

2014  ء سے اب تک   خطہ عالم جنوب کے  80,000 سے زیادہ پیشہ ور افراد آئی ٹیک تربیت سے مستفید ہوئے ہیں: نائب صدر جمہوریہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 2:23PM by PIB Delhi

بھارت کے نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج مہاراشٹر کے پونے میں واقع سمبایوسس انٹرنیشنل (ڈیمڈ یونیورسٹی) کی 23ویں تقسیمِ اسناد تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کیا۔

سمبایوسس کو بین الاقوامی افہام و تفہیم، تعلیمی معیار اور سب کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے بھارت کے عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ  ’’ اس کا نام ہی بقائے باہم ، باہمی احترام اور مختلف تہذیبوں و خیالات کو یکجا کرنے سے حاصل ہونے والی وسعت کی عکاسی کرتا ہے‘‘  ۔   ’ وسو دھیو کٹمبکم‘ (پوری دنیا ایک  کنبہ ہے) کے بھارتی تہذیبی نظریے کا حوالہ دیتے ہوئے  ، انہوں نے کہا کہ   ’’ ایک ایسے وقت میں  ، جب دنیا کو پیچیدہ چیلنجوں کا سامنا ہے، تعلیم کو  ملکوں ، تہذیبوں اور سماجی برادریوں کے درمیان ایک پل کا کام کرنا چاہیے۔‘‘

سمبایوسس کی بین الاقوامی  سطح پر توسیع کی ستائش کرتے ہوئے  ، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے  2024  ء میں دوبئی میں اپنا پہلا بین الاقوامی برانچ کیمپس قائم کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں اور عالمی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بھارت کی موجودگی کو مزید وسعت دیتے ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے بتایا کہ تعلیمی سال  26-2025 ء  کے دوران سمبایوسس میں 62,000 سے زائد طلباء  زیر تعلیم تھے، جن میں بھارت کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی 29,000 سے زیادہ طالبات شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 85 ممالک کے 3,000 سے زائد بین الاقوامی طلباء  کی موجودگی  ، اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یونیورسٹی سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور بین الاقوامی تعلیم کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

اعلیٰ تعلیم کے  شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے  ، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں منعقد ہونے والی  تقسیم اسناد  کی تقریبات کے دوروں کے دوران  ، انہوں نے مسلسل یہ دیکھا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ  ڈگریاں اور تمغے حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میرے نزدیک یہ ناری شکتی کی بڑھتی ہوئی طاقت کی واضح علامت ہے۔ یہی خواتین کو با اختیار بنانے کا حقیقی مظہر ہے ‘‘ ۔  انہوں نے سمبایوسس میڈیکل کالج فار ویمن کے قیام کو بھی سراہا اور اسے طبی تعلیم کے  شعبے میں خواتین کے لیے مواقع بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں بھارت  2047  ء تک وکست بھارت کے ویژن کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ہونے والی نمایاں توسیع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں یونیورسٹیوں کی تعداد  15-2014 ء   میں 760 تھی، جو اب بڑھ کر 1,400 سے زیادہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی آئی ٹی کی تعداد 16 سے بڑھ کر 23، آئی آئی ایم کی تعداد 13 سے بڑھ کر 22 اور ایمس اداروں کی تعداد 8 سے بڑھ کر 23 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم میں داخلہ لینے والے طلباء  کی تعداد بھی  15-2014 ء   میں 3.4 کروڑ سے بڑھ کر اب 4.5 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

ایک ذمہ دار عالمی شراکت دار کے طور پر  ، بھارت کے  رول پر زور دیتے ہوئے  ، نائب صدر جمہوریہ نے انڈین ٹیکنیکل اینڈ اکنامک کوآپریشن (آئی ٹیک) پروگرام کو اجاگر کیا، جس سے 160 سے زائد شراکت دار ممالک کے پیشہ ور افراد اور سرکاری افسران مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014  ء سے اب تک  عالمی خطہ جنوب کے 80,000 سے زیادہ پیشہ ور افراد، جن میں 30,000 خواتین بھی شامل ہیں، آئی ٹیک کے تحت تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ   ’’ بھارت باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر شراکت دار ممالک کے ساتھ علم، ہنر اور مہارت کا تبادلہ کرنے پر پختہ یقین رکھتا ہے ‘‘ ۔

انہوں نے کہا کہ یو پی آئی اور انڈیا اسٹیک جیسی پہل عالمی ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے، مالی شمولیت اور بہتر حکمرانی کے شعبوں میں بھارت کے بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنزانیہ کے زنجبار میں آئی آئی ٹی مدراس کا بین الاقوامی کیمپس، افریقہ کے ساتھ بھارت کی بڑھتی ہوئی تعلیمی اور تکنیکی شراکت داری کی ایک اور مثال ہے۔

2023 ء میں بھارت کی جی 20 صدارت کا ذکر کرتے ہوئے  ، نائب صدر جمہوریہ نے جی 20 میں افریقی یونین کو مستقل رکن کی حیثیت دیے جانے کو اجاگر کیا اور اسے عالمی فیصلہ سازی میں افریقہ کی نمائندگی مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی اور سائنسی اختراعات کے باعث ہونے والی تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے  ، نائب صدر جمہوریہ نے  گریجویشن مکمل کرنے والے  طلباء  پر زور دیا کہ وہ زندگی بھر سیکھنے کا عمل جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ  ’’ آپ کی ڈگریاں ایک قیمتی بنیاد ہیں، لیکن زندگی بھر سیکھتے رہنا آپ کا سب سے بڑا اثاثہ ہوگا ‘‘  ۔

طلباء  کو دیانت داری کے ساتھ بہترین کارکردگی حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے  ، انہوں نے کہا کہ   ’’ پیشہ ورانہ کامیابی اہم ہے، لیکن کردار اور اخلاقی طرزِ عمل ہی دیرپا عزت و احترام پیدا کرتے ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے  گریجویٹ طلباء  سے اپیل کی کہ وہ کاروبار، تحقیق، عوامی خدمت، صنعت اور سماجی اختراعات کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ  ’’ ملک کی تعمیر و ترقی صرف حکومتوں کی ذمہ داری نہیں ہے۔ یہ ایک اجتماعی مشن ہے، جس میں شہریوں، تعلیمی اداروں، کاروباری اداروں اور سماجی برادریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے ‘‘ ۔

2026  ء میں  گریجویٹ ہونے والے طلباء  پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے  ، انہوں نے کہا کہ نوجوان پیشہ ور افراد  2047  ء تک  وکست بھارت کے سفر میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے طلباء  پر زور دیا کہ وہ سمبایوسس کی اقدار کو برقرار رکھیں، سماج کی خدمت کریں اور اپنے خاندانوں اور تعلیمی ادارے کا نام روشن کریں۔

انہوں نے طلباء  سے منشیات کو ’ نہ‘ کہنے کی اپیل بھی کی۔

تقریب کے دوران  ، بین الاقوامی طلباء  نے نائب صدر جمہوریہ ہند کو مختلف ممالک کے پرچم پیش کیے۔ یہ عمل یونیورسٹی کی متنوع بین الاقوامی طلباء برادری کی علامت تھا اور اس کے ذریعے مختلف ممالک کے درمیان امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا پیغام دیا گیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے نمایاں تعلیمی کارکردگی اور بہترین صلاحیتوں کے اعتراف میں مستحق طلباء  کو ’ آؤٹ اسٹینڈنگ فارن اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے لیے پروفیسر (ڈاکٹر) ایس بی مجمدار ایوارڈ اور گولڈ میڈلز بھی عطا کیے۔

اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر جناب جِشنو دیو ورما، حکومتِ مہاراشٹر کے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر جناب چندرکانت پاٹل، سمبایوسس انٹرنیشنل (ڈیمڈ یونیورسٹی) کی چانسلر ڈاکٹر ودیا یراو ڈیکر اور وائس چانسلر ڈاکٹر رام کرشنن رمن سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )

U.No. 8037


(ریلیز آئی ڈی: 2339587) وزیٹر کاؤنٹر : 9