گوا کے شہر پنجی میں منعقدہ 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں آج انڈین پینورما 2026 کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر فیچر اور نان فیچر فلموں کی جیوری کے ممتاز اراکین کو رواں سال کی سرکاری فلمی فہرست کی تیاری اور انتخاب میں ان کے تعاون کے اعتراف میں عزت افزائی کی گئی ۔
جیوری کے اراکین کو وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب چندر کمار، نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے چیئرمین جناب جی کرشن کمار اور فیسٹیول ڈائریکٹر جناب آشوتوش گواریکر نے اعزاز سے نوازا۔
انڈین پینورما 2026 کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب چندر کمار نے ہندوستانی سنیما کے آغاز سے لے کر اب تک اس کے غیر معمولی تنوع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنیما کا جشن منانا اس بات کو تسلیم کرنے کا ایک بامعنی موقع فراہم کرتا ہے کہ ملک کا ہر خطہ اپنی منفرد زبانوں، ثقافتوں اور کہانیوں کے ذریعے کس طرح اپنا حصہ ادا کرتا ہے۔ انہوں نے جیوری اراکین کو ان کے سوچے سمجھے انتخاب پر مبارک باد دی، نیز حکومتِ گوا اور فیسٹیول کی ٹیم کو اس تقریب کے انعقاد پر سراہا اور ہندوستانی سنیما کو عالمی سطح پر مسلسل پذیرائی حاصل ہونے کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے چیئرمین جناب جی کرشن کمار نے 1978 میں اپنے آغاز سے لے کر اب تک انڈین پینورما کی شاندار روایت اور ہندوستانی سنیما کے لسانی و علاقائی تنوع کو اجاگر کرنے میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس سال کے آئی ایف ایف آئی کے موضوع ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ (اسٹوریز وِد آؤٹ بارڈرز) کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے سنیما کے تئیں وزارت کے عزم کا اعادہ کیا اور حکومتِ گوا اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مسلسل تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے فیسٹیول میں شرکت کرنے والے فلم سازوں اور شائقینِ سنیما کا پُرتپاک خیرمقدم بھی کیا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں فیسٹیول ڈائریکٹر جناب آشوتوش گواریکر نے آئی ایف ایف آئی سے وابستہ اپنی ابتدائی یادوں کا ذکر کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران انڈین پینورما کس طرح ہندوستان کے بھرپور ثقافتی اور سنیما کے تنوع کو پیش کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ اس سال فلموں کے انتخاب کے عمل پر موصول ہونے والے ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کو فیچر فلموں کے 762 اور غیر فیچر فلموں کے 358 اندراجات موصول ہوئے، اس طرح 18 زبانوں میں کل 1,120 فلمیں انتخاب کے لیے پیش کی گئیں۔ حتمی انتخاب میں ویب سیریز کے ساتھ 14 زبانوں کی فلمیں شامل ہیں، جن میں ہندی، مراٹھی، کنڑ، تولو، لداخی، کشمیری اور انگریزی شامل ہیں۔
57ویں ایڈیشن کے موضوع ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ (اسٹوریز وِد آؤٹ بارڈرز) سے اپنے خطاب کو ہم آہنگ کرتے ہوئے جناب گواریکر نے فلم سازوں، تکنیکی ماہرین اور ابھرتے ہوئے کہانی کاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی کہانیاں بیان کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ناظرین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ فلمیں دیکھیں اور ان کے بارے میں سوچ سمجھ کر رائے قائم کریں۔
انڈین پینورما 2026 کی جیوری کے اراکین
غیرفیچر فلموں کی جیوری سات اراکین پر مشتمل ہے:
جناب ہمانشو شیکھر کھٹوا (دستاویزی فلم ساز اور نان فیچر فلموں کی جیوری کے چیئرمین)، جناب شنکھ جیت دے (دستاویزی فلم ساز)، محترمہ راگنی سونا (فلم پروڈیوسر)، جناب شیو سنی (فلم صحافی)، جناب دھنیش یادو ٹی۔ آر۔ (فلم ایڈیٹر)، جناب ابھیجیت دلوائی (فلم ساز) اور محترمہ آرتی پٹیل (پروڈیوسر اور میڈیا پروفیشنل)۔
فیچر فلموں کی جیوری تیرہ اراکین پر مشتمل ہے:
جناب مدھر بھنڈارکر (فیچر فلموں کی جیوری کے چیئرمین)، جناب یو۔ رویندر (سنیماٹوگرافر)، جناب سوہم پی۔ شاہ (فلم ساز)، جناب راہل بھولے (ہدایت کار، مصنف اور ایڈیٹر)، جناب اونیم گوتم سنگھ (فلم ساز)، جناب نیلادری رائے (فلم ایڈیٹر)، جناب ایم۔ ایس۔ پربھو (سنیماٹوگرافر)، جناب کے۔ ایس۔ سیوارامن (سنیماٹوگرافر)، جناب جینتا گوسوامی (ہدایت کار)، محترمہ بندو چندر مولی (اداکارہ)، محترمہ بھارتی پردھان (فلم ناقد)، ڈاکٹر ایاس عارف (سینئر اداکار اور مصنف) اور جناب ارون گونگاڈے (اینیمیٹر)۔
انڈین پینورما 2026 کی افتتاحی فلمیں
تہنیتی تقریب کے بعد انڈین پینورما 2026 کی افتتاحی فلموں کا تعارف پیش کیا گیا اور ان کی پہلی نمائش سے قبل فلموں سے وابستہ شخصیات کو اعزاز سے نوازا گیا۔
غیر فیچر زمرے میں لداخی فلم بیکمنگ کو اعزاز سے نوازا گیا، جس کی ہدایت کاری محترمہ لینا یادو نے کی ہے۔ اس موقع پر جناب جی۔ کرشن کمار، محترمہ ڈیلیلا لوبو اور جناب اشوتوش گواریکر نے انہیں اعزاز سے نوازا۔ یہ فلم لداخ کے ایک کم عمر لڑکے کے روحانی سفر کی عکاسی کرتی ہے، جو وقت، یادوں اور مختلف ادوارِ حیات کی حدود سے ماورا ہے۔ فلم کی ہدایت کار محترمہ لینا یادو نے اس کا تعارف پیش کیا اور اس کے موضوع یعنی حدود سے ماورا زندگی کے تصور پر اظہارِ خیال کیا۔
فیچر زمرے میں جناب آدتیہ دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم دھورندر کی نمائندگی تقریب میں سینئر اداکار جناب راکیش بیدی نے کی۔ جناب چندر کمار اور جناب اشوتوش گواریکر نے انہیں مومنٹو پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔ جناب بیدی نے ہدایت کار آدتیہ دھر کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات اور فلم میں ایک غیر روایتی جاسوس کے کردار کو نبھانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب کا اختتام دونوں افتتاحی فلموں کی پہلی نمائش کے ساتھ ہوا، جس کے ساتھ ہی آئی ایف ایف آئی 2026 میں انڈین پینورما کی فلمی نمائشوں کا آغاز ہوگیا۔
آئی ایف ایف آئی لائیڈ یہاں پڑھیے:
https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 8035