57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

ایک دنیا، ان گنت داستانیں، لا محدود جذبات: گوا نے 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے استقبال کے لیے سرخ قالین بچھایا


ہم چاہتے ہیں کہ گوا وہ جگہ بنے جہاں فلمیں تیار بھی ہوں اور مکمل بھی کی جائیں: وزیرِ اعلیٰ پرمود ساونت نے گوا کے سنیما وژن کی رونمائی کی

سچائی، جذبات اور ایک پُراثر داستان ہمیشہ ناظرین کو جوڑتی ہے: روی کشن

سنیما بھارت کی سافٹ پاور کے سب سے طاقتور مظاہر میں سے ایک ہے: اطلاعات و نشریات کے سکریٹری چنچل کمار

ایک کہانی پاسپورٹ کے بغیر بھی سرحدوں کو پار کر سکتی ہے: فیسٹیول ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر

انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا 2026 میں 'سرحدوں سے ماورا موسیقی' کے جشن کے موقع پر رکی کیج نے عالمی سطح پر دلوں کے تار چھیڑے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 9:19PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2339407Views: 4

گوا، 20 نومبر 2026

روشنی کی پہلی کرن اور پردۂ اسکرین پر ابھرنے والے پہلے منظر کے درمیان کہیں نہ کہیں دنیا کو ایک ساتھ آنے کا بہانہ مل ہی جاتا ہے۔ اور آج، گوا خود وہی دنیا بن گیا۔ بحیرۂ عرب کے جگمگاتے پس منظر میں، گوا ایک بار پھر ایک ایسے عالمی اسٹیج میں ڈھل گیا جہاں فلم ساز، نامور فلمی ستارے اور سنیما کے شیدائی یکجا ہوتے ہیں، تہذیبیں آپس میں ملتی ہیں اور تخیلات پرواز بھرتے ہیں۔

گوا کے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی اسٹیڈیم میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ، 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) نے کہانیوں کی ایک نئی کائنات کے لیے اپنے دروازے کھول دیے، جس میں متحرک تصاویر کے لا محدود سحر کا جشن منانے کے لیے 86 ممالک اور 150 سے زائد فلموں کو یکجا کیا گیا ہے۔ 'کہانیاں جو سرحدوں سے ماورا ہیں'  کے موضوع سے متاثر ہو کر، یہ ایڈیشن سنیما کی اس غیر معمولی طاقت کا جشن مناتا ہے جو جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر ثقافتی خلیج کو ختم کرتی ہے اور مختلف آوازوں کو ایک مشترکہ تجربے میں ڈھال دیتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-20at8.52.37PM(2)_20261120214738_37b6a0.jpeg

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گوا کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے کہا کہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا، جو اب 22 سال سے زائد عرصے سے گوا کے ثقافتی کیلنڈر کا ایک اٹوٹ حصہ بن چکا ہے، سرحدوں سے بالاتر ہونے اور تہذیبوں کو یکجا کرنے کی سنیما کی طاقت کا جشن مناتا ہے۔ فیسٹیول کے موضوع کو بھارت کے لازوال فلسفے 'وسودھیو کٹمبکم' — یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے — سے جوڑتے ہوئے انہوں نے کہا، "سنیما ہمیں مختلف ثقافتوں کا تجربہ کرنے اور اس مشترکہ بنیاد کو تلاش کرنے کا موقع دیتا ہے جو ہمیں آپس میں جوڑتی ہے۔"

برکس سنیما سیکشن میں 'رامائن' کی شمولیت کو بھارت کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیتے ہوئے، انہوں نے بھارتی سنیما کی مالا مال روایت، خاص طور پر مراٹھی، کونکنی اور گوا کی فلموں کو اجاگر کرنے میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پذیرائی گوا کے مزید نوجوانوں کو فلم سازی کا پیشہ اختیار کرنے اور اپنی کہانیوں کو قومی اور بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانے کی ترغیب دے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-20at8.52.37PM_20261120215821_dd27e4.jpeg

فلم سازی کا ایک ہمہ جہت مرکز بننے کے گوا کے وژن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے، ڈاکٹر ساونت نے کہا، "ہم چاہتے ہیں کہ گوا وہ منزل بنے جہاں فلمیں تیار بھی ہوں اور مکمل بھی کی جائیں۔" انہوں نے ریاست کے فلمی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 'گوا فلم شوٹنگ ایکٹ، 2021'، آن لائن سنگل ونڈو کلیئرنس سسٹم اور فلم سازوں کے لیے مالی امداد کی اسکیموں کو کلیدی اقدامات کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے پری پروڈکشن، پوسٹ پروڈکشن، وی ایف ایکس اور فلم کی تعلیم کی سہولیات سے آراستہ ایک فلم سٹی قائم کرنے کے وژن کا بھی اعلان کیا۔

اینیمیشن، مصنوعی ذہانت اور ورچوئل پروڈکشن میں تکنیکی ترقی سے ابھرنے والے مواقع پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ گوا کا مقصد اپنے نوجوان تخلیقی ہنرمندوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی فلمی صنعت کا حصہ بن سکیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/22_20261120221451_d9bc29.jpeg

'کہانیاں جو سرحدوں سے ماورا ہیں'  کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے نامور اداکار اور رکن پارلیمنٹ روی کشن نے کہا کہ بھارت کی مختلف زبانوں اور خطوں کی تقریباً 700 فلموں میں کام کرنے کے ان کے تجربے کے پیشِ نظر یہ موضوع ان کے دل کے بے حد قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناظرین، زبان یا جغرافیائی حدود سے قطع نظر، سنیما کے انہی بنیادی عناصر سے جڑتے ہیں — یعنی سچائی، جذبات اور ایک پُراثر کہانی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-20at8.52.36PM_20261120215844_7cbd8c.jpeg

انہوں نے سنیما کی سرحدوں سے ماورا ہونے اور مشترکہ انسانی تجربات تخلیق کرنے کی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، "دنیا کے کسی ایک کونے میں جنم لینے والی کہانی ہزاروں میل دور بھی اپنا گھر بنا سکتی ہے۔ یہی سنیما کا جادو ہے۔" انہوں نے بھارت کی متحرک فلمی صنعت کو مضبوط بنانے میں وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت کو بھی سراہا، اور اس بات کا ذکر کیا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا فلم ساز ملک ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب چنچل کمار نے سرحدوں سے ماورا ہونے اور متنوع ثقافتوں اور نقطۂ نظر کو متحد کرنے کی سنیما کی طاقت کو اجاگر کیا۔ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کو محض فلموں کے جشن سے بڑھ کر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا، "یہ ثقافتوں، خیالات، یادوں اور انسانی تجربات کا سنگم ہے۔"

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-20at8.52.36PM(1)_20261120215906_72bdec.jpeg

رِگ وید کے اس قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہ "ہماری طرف ہر سمت سے نیک اور بلند خیالات آئیں"، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے لیے کھلا پن بھارت کی شناخت کو مزید مالا مال کرتا ہے۔ سنیما کو بھارت کی سافٹ پاور کے سب سے طاقتور مظاہر میں سے ایک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثقافتی تبادلے کے اس جذبے کی عکاسی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا 2026 میں روس اور اسپین کی خصوصی پیشکشوں اور برکس ممالک کی 21 فلموں کے ذریعے ہوتی ہے۔

رواں سال کے موضوع 'کہانیاں جو سرحدوں سے ماورا ہیں' پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا، "دنیا کے کسی ایک حصے کی کہانی جذبات، تخیل اور انسانی تجربات کے ذریعے دوسرے حصے میں داخل ہو سکتی ہے۔" انہوں نے نئی آوازوں اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی کہانی گوئی کے تئیں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے عزم کو بھی اجاگر کیا، جس کے تحت رواں سال کے فیسٹیول میں 52 خواتین فلم ساز اور پہلی بار فلم بنانے والے (ڈیبیو) 62 فلم ساز شامل ہیں۔

رواں سال کے فیسٹیول کا پس منظر پیش کرتے ہوئے، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے فیسٹیول ڈائریکٹر جناب آشوتوش گواریکر نے ایک ایسے متضاد دور میں سنیما کی متحد کرنے والی طاقت پر روشنی ڈالی جہاں حد سے زیادہ ڈیجیٹل رابطہ کاری اکثر ثقافتی تنہائی کا باعث بنتی ہے۔ فیسٹیول کے اس سال کے موضوع 'کہانیاں جو سرحدوں سے ماورا ہیں' کے پیچھے کارفرما فلسفے کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے سامعین کو یاد دلایا کہ تقسیم اکثر خود ساختہ ہوتی ہے۔ انہوں نے نشان دہی کرتے ہوئے کہا، "سرحدیں محض نقشوں پر کھینچی گئی لکیریں نہیں ہوتیں، بلکہ یہ ہماری وہ عادتیں بھی ہیں جو ہم اپنے گرد قائم کر لیتے ہیں۔"

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-20at9.01.52PM_20261120215936_0d33c2.jpeg

یہ اجاگر کرتے ہوئے کہ سنیما کس طرح ان رکاوٹوں کو ختم کرتا ہے، گواریکر نے کہا کہ جب ناظرین کسی غیر مانوس زبان کے کرداروں کے ساتھ ہمدردی اور جذباتی وابستگی محسوس کرتے ہیں تو لوگوں کے درمیان فاصلے فوراً سمٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "کہانی ان چند چیزوں میں سے ایک ہے جو پاسپورٹ کے بغیر ان سرحدوں کو پار کر سکتی ہے۔" اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے اس ایڈیشن میں 9 ورلڈ پریمیئرز، 2 انٹرنیشنل پریمیئرز، 24 ایشین پریمیئرز اور 116 انڈین پریمیئرز کی ایک وسیع فہرست پیش کی جا رہی ہے، جو اقوام، سنیما کے مختلف ادوار، ابھرتی ہوئی آوازوں اور خود اس متحرک میزبان شہر کے درمیان حائل حدوں سے بالاتر ہونے کی ایک کھلی دعوت ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/G_20261120221118_a1a934.jpeg

افتتاحی تقریب میں رکنِ پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) جناب سدانند مہالو شیٹ تناوڑے، سیولیم سے رکنِ قانون ساز اسمبلی اور انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا کی وائس چیئرپرسن محترمہ ڈیلیلا لوبو، گوا کے چیف سکریٹری ڈاکٹر وی کینڈاویلو، نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف انڈیا کے چیئرمین جناب جی کرشنا کمار، پرسار بھارتی کے چیئرمین جناب پرسون جوشی، نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب دھیرج سنگھ، اور انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب دیپک بانڈیکر نے شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/SUB_8898.JPG_20261120220003_de76ed.jpeg

کارتک آریان اور سائی پلوی سمیت نامور فلمی شخصیات نے افتتاحی تقریب کو رونق بخشی۔

افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی مقابلہ جاتی جیوری کے چیئرمین جناب آنند ایل رائے سمیت جیوری کے اراکین جناب بوگڈان موریسانو، محترمہ سول بیروئیزو پچون ریویئر، محترمہ ماریا الیجاندرا روجاس، اور جناب رچاپوم بون بنچاچوک کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر انڈین پینورما فیچر سیکشن کے چیئرپرسن جناب مدھر بھنڈارکر اور نان فیچر فلم سیکشن کے چیئرپرسن جناب ہمانشو شیکھر کھٹوا کی بھی عزت افزائی کی گئی۔

عالمی سطح کی موسیقی کی پرفارمنسز نے افتتاحی تقریب کی شان و شوکت میں مزید اضافہ کیا

افتتاحی تقریب میں موسیقی اور ثقافتی پرفارمنسز کا ایک سلسلہ پیش کیا گیا جس میں سنیما کی آفاقی زبان کا جشن منایا گیا۔ تین بار گریمی ایوارڈ یافتہ موسیقار رکی کیج کی قیادت میں 'موسیقی کے ذریعے سنیما کی دنیا' کے موضوع پر پیش کیے گئے سمفونک آرکسٹرا نے سامعین کو مختلف ثقافتوں اور کہانی گوئی کی روایات کے ایک موسیقی کے سفر پر گامزن کیا، اور سنیما کی لسانی و جغرافیائی حدوں سے بالاتر ہونے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/_20261120220234_6a791d.jpeg

افتتاحی شب میں 'سرحدوں سے ماورا موسیقی' بھی پیش کی گئی، جو موسیقی کی روایات، ہم آہنگی اور ثقافتی تبادلے کا جشن منانے کے لیے مختلف ممالک کے موسیقاروں پر مشتمل ایک بین الاقوامی اشتراک تھا۔ فیسٹیول کے مشہور مور کے نشان کو 'بیونڈ دی فریم' نامی ایک خصوصی رقص کی پیشکش میں اجاگر کیا گیا، جس نے حرکات و سکنات اور فنی اظہار کے ذریعے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے لوگو میں جان ڈال دی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/CK_20261120221328_b55c01.jpeg

’ویوز‘ فلم بازار نے اپنے 20 شاندار برسوں کا جشن منایا

بھارتی سنیما کو عالمی مواقع سے جوڑنے کی دو دہائیوں کا جشن مناتے ہوئے، 20ویں ویوز فلم بازار کا افتتاح 20 نومبر 2026 کو گوا میں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے شانہ بشانہ ہوا۔ افتتاحی تقریب میں پیش کی گئی ایک خصوصی سمعی و بصری پیشکش میں اس کے شاندار سفر اور فلمی کاروبار، مشترکہ فلم سازی، مالی اعانت، نیٹ ورکنگ اور عالمی اشتراکِ عمل میں اس کے نمایاں کردار کو اجاگر کیا گیا۔ نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا ویوز فلم بازار 2007 میں 18 ممالک کے 204 مندوبین سے بڑھ کر اب ایک ممتاز بین الاقوامی تجارتی مرکز بن چکا ہے، جو 40 سے زائد ممالک کے 2,500 سے زیادہ فلمی پیشہ ور افراد کو یکجا کرتا ہے۔

اِفی-2026 کی چند جھلکیاں

57واں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) سنیما کے ایک شاندار جشن کا وعدہ کرتا ہے، جو 'کہانیاں جو سرحدوں سے ماورا ہیں' کے متاثر کن موضوع (تھیم) کے تحت 86 ممالک کی 150 سے زائد فلموں کو یکجا کر رہا ہے۔ 137 ممالک کی نمائندگی کرنے والی 1,900 سے زیادہ موصولہ فلموں میں سے منتخب کردہ فلموں کے ساتھ یہ فیسٹیول ایک پُراثر سنیمائی سفر پیش کرتا ہے، جس میں 'فادر لینڈ' افتتاحی فلم، 'آئی میٹر' وسط فیسٹیول فلم، اور 'وی آر آل اسٹرینجرز' اختتامی فلم کے طور پر شامل ہیں۔

سنیما کے تجربے میں نئی جہتوں کا اضافہ کرتے ہوئے، رواں سال کے فیسٹیول میں دو دلچسپ نئے سیکشنز — 'اینیمیشن' اور 'فلمز اباؤٹ فلمز' متعارف کرائے گئے ہیں۔ اسپین 'کنٹری آف آنر' کے طور پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، روس 'پارٹنر کنٹری' کے طور پر شامل ہوا ہے، جبکہ 'برکس سنیما' کی پیشکش ابھرتے ہوئے عالمی بیانیوں کی متنوع سنیمائی آوازوں کا جشن مناتی ہے۔ مزید برآں، 'انڈین پینورما' ملک کی کہانی گوئی کی مالا مال روایات کی عکاسی کرتا ہے، جس میں 18 زبانوں کی 76 فلمیں پیش کی جا رہی ہیں۔

نئے ہنرمندوں کی آبیاری اور شمولیت کو فروغ دینے کے مضبوط عزم کے ساتھ، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا 2026 میں 52 خواتین فلم سازوں اور پہلی بار فلم بنانے والے 62 ہدایت کاروں کو خصوصی توجہ کا مرکز بنایا گیا ہے۔ 'کری ایٹو مائنڈز آف ٹومارو'  کا چھٹا ایڈیشن فلم سازی کے 13 شعبوں میں 100 نوجوان فلم سازوں کو رہنمائی فراہم کرے گا، جس سے تخلیقی آوازوں کی اگلی نسل کو بااختیار بنایا جا سکے گا۔ اس اقدام کی تکمیل کرتے ہوئے، 14 ماسٹر کلاسز اور پینل مباحثے سیکھنے، باہمی تعاون، مکالمے اور تخلیقی تبادلے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔

فلموں کے محض ایک جشن سے بڑھ کر، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا 2026 ثقافتوں، نقطۂ نظر اور تخلیقی آوازوں کا ایک سنگم ہے، جو سرحدوں سے بالاتر ہونے اور دنیا کو یکجا کرنے کی سنیما کی طاقت کی تجدید کرتا ہے۔ آخر کار، سنیما ایک ایسی زبان بولتا ہے جس کی کوئی سرحد نہیں، ایسی کہانیاں بُنتا ہے جن کی کوئی حد نہیں، اور جذبات کو متحرک کر دیتا ہے۔ جیسے جیسے سنیمائی دریافت کے یہ نو دن آگے بڑھ رہے ہیں، ایک بات طے ہے: دنیا بھلے ہی سرحدوں میں بٹی ہو، لیکن سنیما ہال کے اندھیرے میں ہم سب ایک ہی روشنی میں خواب دیکھتے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-20at8.52.37PM(1)_20261120221539_533cbf.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/NK2_6525.JPG_20261120221557_1fa8b7.jpeg

اِفی ایل او آئی ڈی یہاں ملاحظہ کریں :

https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:8015


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2339407
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026