صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے مرکزی وزیرصحت جناب جے پی نڈا کی موجودگی میں اے بی وی آئی ایم ایس اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کے 12ویں جلسۂ تقسیم اسناد سے خطاب کیا


صدرِ جمہوریہ نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ طبی اخلاقیات کے اصولوں کی پاسداری کریں اور صحت کی خدمات میں ہمدردی، حساسیت اور انسانیت کی خدمت کو اولین ترجیح دیں

صدر جمہوریہ نے صحت کی سہولیات کی فراہمی، طبی تعلیم اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کے شعبوں میں ہندوستان کی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا

مرکزی وزیرصحت جناب جے پی نڈا نے کہا کہ طبی تعلیم حاصل کرنا ایک اعزاز ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تئیں ایک عظیم ذمہ داری بھی ہے

مرکزی وزیر صحت نے 15,000 کروڑروپے کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  اس منصوبے کے تحت 10,000 نئی میڈیکل سیٹوں کا اضافہ کیا جائے گا، جس سے ہندوستان کی طبی افرادی قوت مزید مضبوط ہوگی

انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور سپر اسپیشلٹی کورسز کے مجموعی طور پر 324 طبی گریجویٹس کو ڈگریاں عطا کی گئیں، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں 58 طلائی تمغے بھی عطا کئے گئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 1:17PM by PIB Delhi

اٹل بہاری واجپئی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے بی وی آئی ایم ایس) اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کا 12واں جلسۂ تقسیمِ اسناد آج نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقد ہوا۔ صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے اس تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جے پی نڈا بھی موجود تھے۔

جلسۂ تقسیمِ اسناد فارغ التحصیل طلبہ کے تعلیمی سفر کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ اس موقع پر شعبۂ طب کے تئیں ان کی لگن، عزم اور وابستگی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261120131846_2ca0e0.jpg

صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والی طالبات کی نمایاں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کی یہ کامیابیاں طبی تعلیم اور صحت کے شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے میڈیکل طلبہ کو وسیع تر طبی تجربہ فراہم کرنے میں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔ محترمہ مرمو نے اسپتال میں مریضوں کی بڑی تعداد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2025 میں 19 لاکھ سے زائد مریضوں نے اس کے شعبۂ او پی ڈیکی خدمات سے استفادہ کیا۔ اس سے طلبہ کو عملی تجربہ حاصل کرنے اور اپنے طبی علم و اعتماد کو مضبوط بنانے کے قیمتی مواقع میسر آئے۔

صدرِ جمہوریہ نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہندوستان کے نظامِ صحت میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مسلسل اقدامات سے بنیادی سطح سے لے کر اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات تک صحت کی خدمات کے نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 1.75 لاکھ آیوشمان آروگیہ مندر فعال ہیں، جن کے ذریعے بنیادی طبی خدمات تک عوام کی رسائی میں توسیع ہوئی ہے۔ انہوں نے بڑے شہروں سے آگے بڑھ کر دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں بھی اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات اور طبی تعلیم کے فروغ کو اجاگر کیا۔ اس سے خصوصاً دیہی اور محروم طبقات کے لوگوں کو اپنے گھروں کے قریب خصوصی طبی خدمات دستیاب ہو رہی ہیں۔ انہوں نے جغرافیائی فاصلے کم کرنے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں تک معیاری طبی مشاورت پہنچانے میں ٹیلی میڈیسن کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

صدرِ جمہوریہ نے قومی صحت پالیسی 2017 کے مطابق ملک کے نظامِ صحت میں احتیاطی اور صحت کے فروغ پر مبنی طبی خدمات کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ذیابیطس، ذہنی صحت سے متعلق مسائل اور کینسر کی مختلف اقسام سمیت غیر متعدی بیماریوں کی بروقت جانچ، تشخیص اور مؤثر علاج کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر اسکریننگ مہمات بیماریوں کی ابتدائی مرحلے میں شناخت اور بروقت علاج کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ یہ اقدامات خصوصاً کمزور اور حساس طبقات کے لیے نہایت اہم ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261120131906_658585.jpg

صدرِ جمہوریہ نے صحت کی خدمات میں مالی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی پی ایم-جے اے وائی) کے کردار کو اجاگر کیا۔ اس اسکیم کے تحت ہر خاندان کو سالانہ 5 لاکھ روپے تک کا صحت بیمہ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس سے اسپتال میں داخلے کے اخراجات کا مالی بوجھ کم کرنے اور معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے لیے معیاری طبی سہولیات تک رسائی آسان بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے آیوشمان وے وندنا یوجنا کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت 70 سال اور اس سے زائد عمر کے تمام بزرگ شہریوں کو، ان کی سماجی و معاشی حیثیت سے قطع نظر، 5 لاکھ روپے تک کا صحت بیمہ فراہم کیا جاتا ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے روایتی طریقۂ علاج کو جدید طبی خدمات کے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی طریقوں کے ساتھ آیوروید اور یوگا کو فروغ دینے کی کوششوں سے ملک میں صحت اور تندرستی کے حوالے سے جامع نقطۂ نظر کو تقویت ملی ہے۔ محترمہ دروپدی مرمو نے سرکاری طبی اداروں میں جدید طبی خدمات کے ساتھ آیوش خدمات کی فراہمی اور مشترکہ تحقیق پر بڑھتی ہوئی توجہ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے تحقیق کو آگے بڑھانے اور سائنسی شواہد پر مبنی روایتی طریقۂ علاج کو فروغ دینے کے لیے وزارتِ آیوش اور عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے عالمی مرکز برائے روایتی طب کے ذریعے جاری بین الاقوامی تعاون کا بھی حوالہ دیا۔

صدرِ جمہوریہ نے ڈگری حاصل کرنے والے طبی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ شعبے میں طبی اخلاقیات، حساسیت اور ہمدردی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری طبی سہولیات کی دستیابی صرف شہری علاقوں اور معاشرے کے خوشحال طبقوں تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ دور دراز اور محروم علاقوں میں رہنے والے لوگوں تک بھی اپنی خدمات پہنچائیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ طبی تحقیق، جدت طرازی اور ہندوستان کے مخصوص سماجی و معاشی، غذائی اور ماحولیاتی حالات کے مطابق طبی حل تیار کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔

صدرِ جمہوریہ نے صحت کی خدمات کو قابلِ رسائی اور کم خرچ بنانے میں جدید ٹیکنالوجیز، خصوصاً مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تبدیلی لانے کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کووڈ-19 وبا سے حاصل ہونے والے اسباق کا ذکر کرتے ہوئے طبی ماہرین سے اپیل کی کہ وہ بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالیں اور تکنیکی ترقی کو اپنائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ صحت کی خدمات ہمیشہ عوام کی ضروریات اور فلاح و بہبود پر مرکوز رہیں۔

صدرِ جمہوریہ نے‘ون ہیلتھ’ کے نقطۂ نظر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی صحت کا جانوروں کی صحت، نباتات اور ماحولیات سے گہرا تعلق ہے۔ جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی نئی بیماریوں، ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے طبی ماہرین، ویٹرنری ڈاکٹروں، ماحولیاتی سائنس دانوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے، ان کی بروقت شناخت اور مستقبل میں صحتِ عامہ سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین کے درمیان وسیع تر تعاون کی اپیل کی۔

مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جے پی نڈا نے جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کرتے ہوئے اے بی وی آئی ایم ایس اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کو طبی تعلیم اور صحت کی خدمات کے شعبے میں ایک سرکردہ ادارہ اور اعلیٰ معیار کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے طبی تحقیق، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خصوصی طبی خدمات کے شعبوں میں ادارے کی خدمات کو سراہا۔

جناب جے پی نڈا نے کہا کہ یہ ادارہ بڑی تعداد میں مریضوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول بھی فراہم کرتا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں کلینیکل کام کا قیمتی تجربہ اور عملی تربیت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے اعضا عطیہ کرنے، پیوندکاری کے لیے اعضا حاصل کرنے اور پیچیدہ جراحی کے طریقۂ کار کے شعبوں میں ادارے کی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اس کے بنیادی ڈھانچے اور مختلف شعبہ جات کی مسلسل ترقی کو بھی سراہا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261120131922_7429ca.jpg

جناب جے پی نڈا نے اس بات پر زور دیا کہ طبی تعلیم حاصل کرنا ایک اعزاز ہے، جس کے ساتھ معاشرے کے تئیں ایک اہم ذمہ داری بھی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بنیادی اور ثانوی تعلیم بنیادی حقوق میں شامل ہیں، وہیں طبی تعلیم عوامی سرمایہ کاری، ادارہ جاتی وسائل اور معاشرے کے تعاون سے چلنے والے ایک وسیع نظام کے تحت فراہم کی جاتی ہے۔ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں شروع کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 10,000 انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سیٹیں قائم کرنے کے لیے 15,000 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ یہ ہندوستان میں طبی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی اہم سرمایہ کاری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ اس سرمایہ کاری کو لگن، ہمدردی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ معاشرے کی خدمت کرنے کی ذمہ داری کے طور پر دیکھیں۔

جناب جے پی نڈا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طلبہ کو اپنے اساتذہ کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ ان کے شکر گزار رہنا چاہیے اور اپنے تعلیمی سفر کے دوران والدین کی قربانیوں اور تعاون کو بھی تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل گریجویٹس کی کامیابیاں صرف ان کی انفرادی کوششوں کا نتیجہ نہیں ہیں، بلکہ ان میں خاندانوں، اساتذہ اور وسیع تر معاشرے کا اجتماعی تعاون بھی شامل ہے۔

جناب جے پی نڈا نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہندوستان میں طبی تعلیم کے شعبے میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک میں صحت کی خدمات اور طبی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کی تفصیلات پیش کیں۔ اس میں 23 آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کا قیام اور انہیں فعال بنانا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے جدید بنیادی ڈھانچے اور جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہیں، جس سے معیاری طبی تعلیم اور خصوصی طبی خدمات فراہم کرنے کی ہندوستان کی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

جناب جے پی نڈا نے ملک بھر میں عالمی معیار کے طبی تعلیمی بنیادی ڈھانچے اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے حکومتِ ہند کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ پیشہ ورانہ دیانت داری، ہمدردی اور خدمت کے جذبے کی اقدار کو آگے بڑھائیں اور اپنے علم و مہارت کو ملک کی صحت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کریں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261120131947_95d449.jpg

جناب جے پی نڈا نے تقریب کے دوران سالانہ رپورٹ (2026–2025) اور اے بی وی آئی ایم ایس جرنل کا اجرا کیا۔ ان مطبوعات میں ادارے کی تعلیمی، طبی، تحقیقی اور ادارہ جاتی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

جلسۂ تقسیمِ اسناد کے موقع پر انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور سپر اسپیشلٹی کورسز کے مجموعی طور پر 324 طبی گریجویٹس کو باضابطہ طور پر شعبۂ صحت کے افرادی قوت میں شامل کیا گیا۔ ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ میں سال 2020 کے بیچ کے 100 ایم بی بی ایس طلبہ شامل تھے، جن میں 79 لڑکے اور 21 لڑکیاں تھیں۔ سال 2022 سے 2025 کے بیچوں کے مجموعی طور پر 177 طلبہ نے 17 مختلف خصوصی طبی شعبوں میں ایم ڈی/ایم ایس کورسز مکمل کیے، جن میں 115 لڑکے اور 62 لڑکیاں شامل تھیں۔ اسی طرح سپر اسپیشلٹی شعبوں میں سال 2022 سے 2025 کے بیچوں کے 47 طلبہ نے 13 مختلف تخصصی شعبوں میں ڈی ایم/ایم سی ایچ/ڈی آر این بی کورسز مکمل کیے، جن میں 35 لڑکے اور 12 لڑکیاں شامل تھیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261120132005_2490ed.jpg

تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی اور طبی مہارت کے اعتراف میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مجموعی طور پر 58 طلائی تمغوں سے نوازا گیا۔

اس موقع پر ادارے کے طبی بنیادی ڈھانچے اور کلینیکل صلاحیتوں میں ہونے والی اہم پیش رفت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ان میں 666 بستروں پر مشتمل نئے سپر اسپیشلٹی بلاک کا افتتاح شامل ہے۔ اس بلاک میں ریڈیو تھراپی، نیوکلیئر میڈیسن، سرجیکل آنکولوجی اور معدے کی جراحی کے لیے مخصوص شعبے قائم کیے گئے ہیں۔ اس نئی سہولت سے خصوصی اور جدید طبی خدمات کی دستیابی مزید مستحکم ہوئی ہے۔

ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال نے سال 2025 میں ایک اہم اعزاز حاصل کیا، جب وہ اسپتالوں اور صحت کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے قومی منظوری بورڈ (این اے بی ایچ) سے مکمل منظوری حاصل کرنے والا ہندوستان کا پہلا مرکزی حکومت کا اسپتال بن گیا۔ یہ کامیابی معیاری طبی خدمات، مریضوں کی حفاظت اور ادارہ جاتی معیار کے تئیں اسپتال کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image006_20261120132025_9f4bf2.jpg

اس موقع پر ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہا گیا اور طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے شعبوں میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے ادارے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی طبی ماہرین کی نئی نسل کو ملک کی خدمت کے لیے پیشہ ورانہ اخلاقیات، ہمدردی اور لگن کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ترغیب دی گئی۔

اس تقریب میں وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی سکریٹری محترمہ پنیہ سلیلا سریواستو، قومی طبی کمیشن (این ایم سی) کے چیئرمین ڈاکٹر ابھیجیت سیٹھ، ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر (پروفیسر) اکھلیندیشوری پرساد، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے دیگر سینئر افسران، تدریسی عملے کے ارکان، طبی ماہرین، ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ت ع

U.NO. 7966


(ریلیز آئی ڈی: 2339100) وزیٹر کاؤنٹر : 9