کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان کا پیمانہ، ہنر اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیت، امریکہ کے سرمایہ، ٹیکنالوجی اور اختراعی قوت کی تکمیل کرتی ہیں: مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل


عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان قابلِ اعتماد اور مستحکم سپلائی چین کی تشکیل کے لیے ہندوستان اور امریکہ فطری شراکت دار ہیں: 23ویں ہند-امریکہ اقتصادی سربراہی اجلاس سے جناب گوئل کا خطاب

ہندوستان میں عالمی کاروباری دلچسپی میں اضافہ؛ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان اور مصر ترجیحی تجارتی معاہدے یا آزادانہ تجارتی معاہدے کے امکانات تلاش کریں گے: جناب گوئل

ہندوستان اور یورپی یونین کے آزادانہ تجارتی معاہدے کے نفاذ کے بعد ہندوستان اور اٹلی کا دوطرفہ تجارت کو کے حجم 50  بلین یورو تک پہنچانے کا ہدف: جناب گوئل

جناب پیوش گوئل نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تر شراکت داری کے لیے پانچ نکاتی ’ٹرسٹ‘ (ٹی آر یو ایس ٹی) ایجنڈے کا خاکہ پیش کیا: قابل اعتماد سپلائی چین، ہنرمندی کا فروغ، بڑے شہروں سے آگے  ہندوستان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا، کھل کر اظہارخیال اور نتائج کا جائزہ لینے پر زور

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 9:11PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے آج نئی دہلی میں انڈو امریکن چیمبر آف کامرس (آئی اے سی سی) کے زیر اہتمام 23ویں ہند-امریکہ اقتصادی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہونے کے ناطے امریکہ سرمایہ، ٹیکنالوجی اور اختراع کی صلاحیت فراہم کرتا ہے، جبکہ ہندوستان پیمانہ، ہنر، مینوفیکچرنگ صلاحیت، مسابقتی قوت اور تیزی سے تبدیل ہوتی معیشت کا حامل ہے۔

جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان کی ڈیجیٹل تبدیلی ملک کو دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر وِکست  بھارت کے ہدف کی جانب آگے بڑھا رہی ہے۔ اس کا مقصد ایک ایسا ترقی یافتہ اور خوشحال ملک تشکیل دینا ہے جو 1.4  بلین ہندوستانیوں کو بہتر زندگی اور روشن مستقبل فراہم کرے۔

اس سال کے سربراہی اجلاس کے موضوع ’ایک مشترکہ مستقبل‘کا حوالہ دیتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ گزشتہ سال کے اجلاس کے موضوع ’مشترکہ مستقبل کی تشکیل‘سے آگے بڑھتے ہوئے اب یہ شراکت داری مشترکہ طور پر اس مستقبل کی ذمہ داری قبول کرنے اور اس کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان اور امریکہ کا مشترکہ مستقبل دونوں ممالک اور پوری دنیا کے لیے ایک نمایاں شناخت بن کر ابھرے گا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ دو متحرک جمہوریتیں ہیں جو عالمی منظرنامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ 4 جولائی کو امریکہ کے یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری عالمی فلاح و بہبود کی ایک قوت ہے اور اسے عالمی ترقی کا محرک بھی بننا چاہیے۔ انہوں نے امریکہ کو آزادی کے 250 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور امریکی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اعتماد ہندوستان کی بین الاقوامی شراکت داریوں کی بنیاد ہے، جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان ایک قابلِ اعتماد شراکت داری پیش کرتا ہے اور مشکل وقت میں بھی اپنے دوستوں کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ اعتماد آج دنیا کے سامنے ایک بنیادی سوال بن چکا ہے، وزیر موصوف نے کہا کہ کاروباری ادارے تیزی سے غیر مستحکم اور غیر یقینی عالمی ماحول میں کام کر رہے ہیں، جہاں دو جنگیں جاری ہیں اور مغربی ایشیا کا بحران اور روس-یوکرین جنگ بھی صورتحال کو متاثر کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو محض سپلائی چین نہیں بلکہ قابلِ اعتماد سپلائی چین کی ضرورت ہے، جہاں شراکت دار مشترکہ وژن رکھتے ہوں، قانون کی حکمرانی کا احترام کرتے ہوں اور معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی اعتماد پر مبنی سپلائی چین کی تشکیل میں ہندوستان اور امریکہ فطری شراکت دار ہیں۔

دوطرفہ اور کثیرجہتی روابط میں حالیہ پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دو روز قبل منیلا میں منعقدہ کواڈ سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے 2027 کے اوائل میں پہلے کواڈ بزنس لیڈرس فورم کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ انڈو امریکن چیمبر آف کامرس (آئی اے سی سی) اور دیگر تنظیمیں اس فورم میں ملک کی نمائندگی کے لیے ہندوستان کے سرکردہ کاروباری اداروں کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

امریکہ میں کاروباریوں کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ ماہ نیویارک کے دورے کے دوران انہوں نے ہندوستان کے ساتھ اپنے کاروباری روابط کو وسعت دینے میں کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا مشاہدہ کیا۔ کمپنیاں ہندوستان میں عالمی صلاحیت مراکز (گلوبل کیپبلٹی سینٹرز)، ڈیزائن اور اختراعی سرگرمیوں، تحقیق و ترقی کے کاموں، کاروباری عمل اور دفاتر قائم کرنے کے امکانات تلاش کر رہی تھیں۔ اس کی بنیادی وجہ ملک میں ہنرمند افرادی قوت کی وسیع دستیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصر اور اٹلی کے حالیہ دوروں کے دوران بھی ہندوستان کے ساتھ کاروباری روابط قائم کرنے کے لیے اسی طرح کا جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ مصری ہم منصبوں اور مصر کے وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اپنے حکام کو ترجیحی تجارتی معاہدے یا آزاد انہ تجارتی معاہدے کی شرائط کو حتمی شکل دینے کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت دی جائے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دی جا سکے۔

اٹلی کے نائب وزیر اعظم عزت مآب جناب انتونیو تاجانی کے ساتھ مشترکہ کاروباری فورم اور مشترکہ کاروباری کمیٹی کے اجلاسوں کا ذکر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ دونوں فریقوں نے تجارت کے لیے بلند حوصلہ اہداف حاصل کرنے کی کوشش کرنے کا عزم کیا ہے۔ فوری مقصد موجودہ 12  بلین ڈالر کی سطح سے دوطرفہ تجارت کو 2029 تک 20  بلین یورو تک پہنچانا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ 2027 کے کیلنڈر سال کی پہلی سہ ماہی یا پہلی ششماہی میں ہندوستان-یورپی یونین آزاد انہ تجارتی معاہدے کے نافذ ہونے کے بعد ہندوستان اور اٹلی کے درمیان تجارت کو 50 بلین یورو تک وسعت دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباریوں، درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو مزید بلند حوصلہ اہداف کے حصول کی ترغیب دی جانی چاہیے۔

ہندوستان کی برآمداتی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان نے رواں سال کے دوران ایک ٹریلین ڈالر کی برآمدات کا بلند حوصلہ  مند ہدف مقرر کیا ہے، جس کے لیے تقریباً 16 فیصد ترقی درکار ہے۔ اپریل سے ستمبر تک پہلے چھ ماہ کے دوران ملک پہلے ہی 480  بلین ڈالر کی برآمدات کر چکا ہے۔ گزشتہ سال ہندوستان کی برآمدات 863  بلین ڈالر کی اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں، جبکہ اکتوبر میں اشیاء اور خدمات کی ماہانہ برآمدات 90  بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ رواں سال کے اوائل میں جب حکومت نے برآمدات کا ہدف مقرر کرنے کے لیے صنعتوں اور برآمدات کے فروغ کی کونسلوں کے ساتھ مشاورت کی تھی، تو ہندوستان کے پاس 5 فیصد کی معمولی شرحِ نمو کا ہدف مقرر کرنے کا متبادل موجود تھا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اپریل-مئی کے دوران عالمی تجارت میں تقریباً 2 فیصد اضافے کا تخمینہ پیش کیا تھا۔ تاہم، صنعتی چیمبرز اور برآمد کنندگان نے اعتماد، قوت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجتماعی طور پر ایک ٹریلین ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، جو تقریباً 16 فیصد ترقی کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کامیابی کے حصول کے لیے بلند حوصلے اور چیلنجنگ اہداف کا تعین ناگزیر ہے۔

ہندوستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ آج خوانچہ فروش اور فائیو اسٹار ہوٹل، دونوں ہی یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) جیسے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام استعمال کرتے ہیں۔ اس سے ملک میں ڈیجیٹل   فرق کو  کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے حکومت کی فلاحی اسکیموں کے فوائد مستحقین تک پہنچانے میں جے اے ایم (جن دھن-آدھار-موبائل) سہ رخی نظام کے کردار کو بھی اجاگر کیا، جس کے ذریعے ادائیگیاں، وظائف اور پنشن براہِ راست اور بلا رکاوٹ بروقت مستحقین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جا رہی ہیں۔ نظام میں موجود خامیوں اور رقوم کے غیر ضروری اخراج کو روک کر ان اقدامات نے حکومت کو لاکھوں کروڑ روپے، یعنی   اربوں ڈالر کی بچت کرنے میں مدد دی ہے۔

وزیر موصوف نے ملک کے ہر حصے میں کاروباری افراد اور اداروں تک جدید ٹیکنالوجی کے فوائد پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر ایڈیڈ ڈیزائن اور کمپیوٹر ایڈیڈ مینوفیکچرنگ(سی اے ڈی/ سی اے  ایم)، مشین لرننگ اور جدید مینوفیکچرنگ جیسی ٹیکنالوجیز ہندوستان کے دور دراز علاقوں تک بھی پہنچنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت، بین الاقوامی روابط اور ترجیحی تجارتی، آزاد انہ تجارتی اور دوطرفہ تجارتی معاہدوں کے فوائد چھوٹے سے چھوٹے کاروباری اداروں اور افراد تک پہنچنے چاہئیں۔ یہ فوائد بڑی کمپنیوں کی طرح  بہت چھوٹے ، چھوٹے اور درمیان درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ایز)، کسانوں، ماہی گیروں، وشوکرما کاریگروں، دستکاروں اور دستکاری و ہینڈلوم مصنوعات تیار کرنے والوں تک بھی پہنچنے چاہئیں۔

اس تناظر میں جناب گوئل نے حکومت کے ایکسپورٹ پروموشن مشن (برآمدات کے فروغ کے مشن) کو اجاگر کیا، جس کے تحت ملک کے ہر ضلع میں بڑے پیمانے پر رسائی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد پہلی مرتبہ برآمدات کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا، انہیں نئی منڈیوں تک رسائی کے قابل بنانا اور نئی مصنوعات کی برآمدات میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے وزیر موصوف نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور اختراع ایسے شعبے ہیں جن میں امریکہ نے بالخصوص جدید ترین ماڈلز کی تیاری میں نمایاں مہارت حاصل کی ہے۔ ہندوستان بھی مصنوعی ذہانت کے پورے نظام پر توجہ دے رہا ہے اور 1.4  بلین  لوگوں تک مصنوعی ذہانت کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انڈیا اے آئی مشن، اے آئی امپیکٹ سمٹ، سیمی کون 2 اور عالمی صلاحیت مراکز (گلوبل کیپبلٹی سینٹرز) کی ترقی، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں ہندوستان کی سرگرم شمولیت کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور مستقبل کی مہارتوں میں جدید ٹیکنالوجیز کو بتدریج زیادہ اہمیت حاصل ہوگی۔ صحت کی دیکھ بھال اور دواسازی کے شعبوں کو بھی مصنوعی ذہانت اور بڑے لسانی ماڈلز (لارج لینگویج ماڈلز) پر مبنی ایجنٹس سے فائدہ پہنچے گا، جس سے صحت کی خدمات اور ادویات کی فراہمی زیادہ دانشمندانہ اور مؤثر بن سکے گی۔ نئی دریافتیں مزید سستی ہوں گی، جبکہ بایوٹیکنالوجی، طبی آلات اور کلینیکل تحقیق ایسے شعبے ہوں گے جن میں ہندوستان عالمی تکنیکی اختراع اور ترقی میں صفِ اول میں شامل ہوگا۔

ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پانچ نکاتی لائحۂ عمل پیش کرتے ہوئے جناب گوئل نے اپنی تجاویز کو ’ٹرسٹ‘ (ٹی آر یو ایس ٹی) کے مخفف کے ذریعے بیان کیا۔

پہلے حرف ’ٹی‘ کے تحت انہوں نے سپلائی چین کو مستحکم اور قابلِ اعتماد سپلائی چین میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔

حرف ’آر‘ کے تحت انہوں نے دوست اور شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر افرادی قوت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے دوہری ڈگری پروگراموں اور تعلیمی شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ امیٹی یونیورسٹی اور اس کی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نیدرلینڈز میں یونیورسٹی کے وسیع کیمپس کا دورہ کرنے کے خواہش مند تھے، لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مصر میں ایک بڑے گروپ کی جانب سے امیٹی اور دیگر ہندوستانی  یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کرنے میں ظاہر کی گئی دلچسپی کا بھی ذکر کیا، تاکہ ہندوستانی تعلیم کو مصر تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے یونیورسٹی پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں فوری طور پر ان کے ساتھ رابطہ قائم کرے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنی  یونیورسٹیوں کے ذریعے باصلاحیت افرادی قوت کے فروغ کے لیے اہم شراکت داریاں قائم کی ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ امریکہ کی بعض  یونیورسٹیوں کے ساتھ انہیں ہندوستان لانے کے امکانات تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور امریکی  یونیورسٹیوں اور طلبہ کو اپنے تعلیمی پروگراموں کے حصے کے طور پر ہندوستان کو بھی ایک اہم مقام کے طور پر اختیار کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی ترقی میں ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے ممالک کا کردار بتدریج زیادہ اہم ہوتا جائے گا۔ ہندوستانی  یونیورسٹیوں اور کالجوں سے واقفیت ترقی یافتہ ممالک کے طلبہ کو ترقی پذیر ممالک کی ثقافت اور نظامِ کار کو سمجھنے میں مدد دے گی، جس سے وہ مستقبل میں اپنے ممالک، معیشتوں، کام کی جگہوں اور کاروباری اداروں میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔

حرف ’یو‘ کے تحت جناب گوئل نے بڑے میٹرو شہروں سے آگے بھارت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اپیل کی اور اس بات پر زور دیا کہ ترقی کو چند مخصوص علاقوں یا شہری مراکز تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 2014 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ہندوستان کے تمام حصوں، بالخصوص مشرقی اور شمالی ہندوستان میں مساوی ترقی پر زور دیا تھا، کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہ علاقے ترقی کے اپنے جائز حصے سے محروم رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے، جس کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے، بجلی، پانی کی سپلائی، انکیوبیشن مراکز اور معیاری تعلیم کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس خطے میں صنعتوں کو فروغ دینے کی کوششیں بھی کی گئی ہیں۔

اسی طرح بہار، جھارکھنڈ، اتر پردیش، آندھرا پردیش، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ سمیت مشرقی خطے میں بھی حالیہ برسوں کے دوران وسیع پیمانے پر تبدیلی اور ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔

حرف ’ایس‘ کے تحت وزیر موصوف نے تمام متعلقہ  شراکت داروں سے ایک دوسرے کے ساتھ کھل کر بات چیت کرنے اور انہیں درپیش رکاوٹوں اور مشکلات کی نشاندہی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مختلف محکمے اور ادارے کاروباری سرگرمیوں کی معاونت، ان کے مسائل حل کرنے اور ان کے کاروبار کو وسعت دے کر عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں۔

آخری حرف ’ٹی‘ کے تحت جناب گوئل نے تمام اقدامات کے نتائج کا مسلسل جائزہ لینے اور کارکردگی کے لیے جوابدہی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے انڈو امریکن چیمبر آف کامرس (آئی اے سی سی) سے اپیل کی کہ وہ حکومت کو جوابدہ بنائے، اس کے کام کی نگرانی کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ حکومت اور صنعت بہتر مستقبل اور ہندوستان-امریکہ کی مزید مضبوط شراکت داری کے لیے مل کر کام کرتے رہیں۔

وزیر موصوف نے آئی اے سی سی کے علاقائی چیمبرز کی جانب سے انجام دیے گئے کاموں کی ستائش کی اور تنظیم، اس کے علاقائی چیمبرز اور اراکین کے لیے مسلسل کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

****

 (ش ح ۔م ش۔ ش ب ن)

U. No.7950


(ریلیز آئی ڈی: 2338879) وزیٹر کاؤنٹر : 12