محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے ای پی ایف کے مرکزی ٹرسٹی بورڈ (سی بی ٹی) کے 240ویں اجلاس کی صدارت کی


سی بی ٹی نے ای پی ایف کے اراکین کے لیے منظم طریقے سے رقم نکالنے کے منصوبے (ایس ڈبلیو پی) کی منظوری دی، جس سے انہیں اپنی ریٹائرمنٹ کی بچت سے وقفے وقفے سے رقم حاصل کرنے کی سہولت ملے گی

بورڈ نے ای پی ایف سے رقم نکالنے کے ضوابط میں اہم رعایتوں کی منظوری دی: پی ایف کھاتے میں کم از کم بیلنس کی شرط 25 فیصد سے گھٹا کر 10 فیصد کی گئی اور مکمل رقم نکالنے کے لیے انتظار کی مدت 12 ماہ سے کم کرکے 2 ماہ کردی گئی

ای ڈی ایل آئی سے استثنیٰ کے ضوابط میں اصلاحات: اس اسکیم کے تحت اداروں کو راحت اور عبوری معاونت فراہم کی جائے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 4:59PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار اور امورِ نوجوانان و کھیل، ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے آج نئی دہلی میں ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) کے مرکزی ٹرسٹی بورڈ (سی بی ٹی) کے 240ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں شریک نائب چیئر پرسن ڈاکٹر چندر بھوشن کمار (سکریٹری، محنت و روزگار) اور رکن سکریٹری جناب رمیش کرشن مورتی (مرکزی پروویڈنٹ فنڈ کمشنر) کے علاوہ مرکزی و ریاستی حکومتوں، آجروں اور ملازمین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ کی تنظیم (ای پی ایف او) نے گزشتہ چند برسوں کے دوران سماجی تحفظ کی فراہمی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کئی اہم اصلاحات اور اختراعی اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ ان کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو دائرۂ کار میں شامل کرنا، دعووں کے تصفیے کو آسان بنانا اور خدمات کو ڈیجیٹل شکل دینا ہے۔ ان اقدامات میں لازمی ای پی ایف کوریج کے لیے اجرت کی حد 15,000 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے کرنا، جزوی رقم نکالنے کے ضوابط کو آسان بنانا اور رقم نکالنے کی حد میں نرمی کرنا، نیز سی آئی ٹی ای ایس 2.01 کا آغاز کرنا شامل ہیں۔ اصلاحات کے اسی جذبے کو مزید آگے بڑھانے کے مقصد سے ای پی ایف او نے آج ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کئی اہم تجاویز پیش کیں۔

بورڈ کے سامنے ای پی ایف او میں پنشن اصلاحات، پروویڈنٹ فنڈ میں لچک، سرمایہ کاری کے انتظام، حکمرانی، استثنیٰ کی پالیسی اور ڈیجیٹل تبدیلی سے متعلق درج ذیل ایجنڈا امور پیش کیے گئے:

  • ای پی ایف کے اراکین کے لیے منظم طریقے سے رقم نکالنے کے منصوبے (ایس ڈبلیو پی) کا آغاز: بورڈ نے منظم طریقے سے رقم نکالنے کا منصوبہ متعارف کرانے کی تجویز منظور کرلی ہے۔ اس کے تحت ریٹائر ہونے والے ای پی ایف اراکین اپنی جمع شدہ پروویڈنٹ فنڈ کی رقم یک مشت نکالنے کے بجائے وقفے وقفے سے قسطوں کی صورت میں حاصل کرسکیں گے۔

اس اصلاح کے تحت ریٹائر ہونے والے اراکین اپنی ترجیح کے مطابق جمع شدہ پروویڈنٹ فنڈ کی رقم باقاعدہ وقفوں سے، مثلاً ماہانہ، سہ ماہی یا ششماہی بنیاد پر نکال سکیں گے۔ اس سہولت سے اراکین کو وقفے وقفے سے آمدنی کا ایک منظم ذریعہ دستیاب ہوگا، جبکہ باقی ماندہ رقم پر منافع حاصل ہوتا رہے گا۔ اس طرح ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی آمدنی میں اضافہ کرنے اور پنشن کے فوائد میں مزید مدد ملے گی۔ یہ سہولت مکمل طور پر رضاکارانہ ہوگی اور اراکین پر رقم نکالنے کے لیے کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اس اختیار کی سہولت اہل کنبہ کے افراد اور مستفیدین کو بھی دی جاسکتی ہے، جس سے کنبے کو مزید لچک اور مالی تحفظ حاصل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد ریٹائرمنٹ کے بعد آمدنی کو مستحکم بنانا، دوبارہ سرمایہ کاری سے وابستہ خطرات کو کم کرنا، فنڈ کی پائیداری کو مستحکم کرنا اور گیگ و پلیٹ فارم کارکنوں تک سماجی تحفظ کی سہولتوں کی توسیع میں مدد دینا ہے۔

ایس ڈبلیو پی کے ذریعے اراکین اپنی ریٹائرمنٹ کی بچت کو ریٹائرمنٹ کے بعد منظم انداز میں رقم نکالنے کے ایک مستحکم اور قابلِ پیش گوئی سلسلے میں تبدیل کرسکیں گے، جبکہ جمع شدہ اصل رقم پر ان کی ملکیت بھی برقرار رہے گی۔ توقع ہے کہ ابتدائی مرحلے میں مجوزہ ایس ڈبلیو پی نظام سے 55 سال سے زیادہ عمر کے تقریباً 6.32 لاکھ ای پی ایف اراکین کو بنیادی طور پر فائدہ پہنچے گا، جن کے پروویڈنٹ فنڈ میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم جمع ہے۔ رقم کی ادائیگی کے دوران اگر کسی رکن کا انتقال ہوجاتا ہے تو نامزد شخص یا زیرِ کفالت فرد باقی ماندہ رقم نکال سکے گا یا وقفے وقفے سے ادائیگیاں حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھ سکے گا۔ اس اقدام سے اراکین کو آمدنی کا ایک لچکدار، باقاعدہ اور قابلِ اعتماد ذریعہ فراہم کرکے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے مالی تحفظ میں اضافہ ہوگا اور ان کے اہلِ خانہ کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ مذکورہ فوری مستفیدین کے علاوہ، توقع ہے کہ ایس ڈبلیو پی اسکیم مستقبل میں ریٹائر ہونے والے پروویڈنٹ فنڈ کے بہت سے دیگر اراکین کو بھی اپنی جانب متوجہ کرے گی، جو اپنی جمع شدہ پی ایف کی رقم سے ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی آمدنی حاصل کرنے کے خواہش مند ہوں گے۔

مزید برآں، لچک کو مزید فروغ دینے اور سب کے لیے سماجی تحفظ کے ہدف کی جانب پیش رفت کے لیے اس تجویز میں یونیورسل اکاؤنٹ نمبر (یو اے این) سے منسلک ایسے طریقۂ کار بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے تحت افراد اپنی مرضی سے براہِ راست اور تیسرے فریق کے ذریعے چھوٹی رقوم (مثلاً صارفین کی جانب سے دی جانے والی ٹِپس) بطور عطیہ جمع کراسکیں گے۔ یہ طریقۂ کار روایتی آجر کے تنخواہی نظام سے مکمل طور پر آزاد ہوں گے۔ وزارت کی منظوری کے بعد ای پی ایف اسکیم میں ضروری ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس سے متعلق انکم ٹیکس ایکٹ میں ترمیم کی تجویز وزارتِ خزانہ کے ساتھ زیرِ غور ہے۔

  • پی ایف کی کم از کم بیلنس کی شرط اور مکمل رقم نکالنے کے لیے انتظار کی مدت کا جائزہ: ای پی ایف اراکین کے طویل مدتی سماجی تحفظ کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بورڈ نے کم از کم بیلنس کی شرط اور رقم نکالنے کے لیے انتظار کی مدت سے متعلق دفعات کی منظوری دے دی۔ اس سے قبل اراکین کے کھاتے میں جمع ہونے والی رقم کا 25 فیصد حصہ کم از کم بیلنس کے طور پر مختص کرنے کی گنجائش رکھی گئی تھی، جسے رکن کے لیے ہر وقت برقرار رکھنا ضروری تھا۔ اب ای پی ایف کے لیے کم از کم بیلنس کی شرط کو موجودہ 25 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کردیا گیا ہے اور انتظار کی مدت بھی 12 ماہ سے گھٹا کر 2 ماہ کردی گئی ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ای پی ایف اراکین کے طویل مدتی سماجی تحفظ کے مفادات کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے انہیں مالی معاملات میں زیادہ لچک فراہم کرنا ہے۔
  • ای ڈی ایل آئی سے استثنیٰ کے معاملات میں راحت: بورڈ نے ای ڈی ایل آئی اسکیم، 2026 میں ترامیم کی منظوری دے دی، تاکہ استثنیٰ سے متعلق زیرِ التوا پرانے معاملات کو نمٹانے میں سہولت فراہم کی جاسکے اور اہل اداروں کو میعاد ختم ہوچکے استثنیٰ کی تجدید کے لیے چھ ماہ کی مہلت دی جاسکے۔ اس کے ساتھ ہی تصدیق شدہ عبوری مدت کے لیے عطیہ، سود اور جرمانے کے طور پر عائد ہرجانے سے بھی راحت فراہم کی جائے گی۔ اس سے اہل اداروں کو استثنیٰ کے زیرِ التوا اور میعاد ختم ہوچکے معاملات کے تصفیے میں سہولت ملے گی۔ اس مقصد کے لیے تجدید کی خاطر چھ ماہ کی مہلت کے ساتھ تصدیق شدہ عبوری مدت کے لیے عطیہ، سود اور جرمانے کے طور پر عائد ہرجانے میں رعایت دی جائے گی۔

مجوزہ ترامیم کا مقصد سابقہ ای ڈی ایل آئی اسکیم، 1976 کے تحت استثنیٰ سے متعلق طویل عرصے سے زیرِ التوا معاملات کو حل کرنا اور نئی اسکیم کی جانب منتقلی کے دوران اداروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔ اس سے ان اداروں کو مدد ملے گی جو اپنے ملازمین کے لیے گروپ بیمہ پالیسیاں برقرار رکھے ہوئے تھے، لیکن انتظامی اور طریقۂ کار سے متعلق دشواریوں کے باعث استثنیٰ یا اس کی تجدید کے رسمی مراحل مکمل نہیں کرسکے تھے۔

وہ ادارے جنہوں نے مسلسل گروپ بیمہ کوریج برقرار رکھی، جس کے تحت ملنے والے فوائد قانونی ای ڈی ایل آئی اسکیم کے مساوی یا اس سے بہتر تھے، اور جنہوں نے بیمے کے تحت اہل دعووں کا باقاعدہ تصفیہ بھی کیا، انہیں تصدیق کے بعد درمیانی مدت کے لیے عطیہ جمع کرانے کی ذمہ داری سے راحت دی جاسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں جرمانے کے طور پر عائد ہرجانے اور سود سے بھی تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔ یہ اقدام تعمیل سے متعلق دشواریوں کو کم کرنے، نئے قانونی نظام کی جانب منصفانہ منتقلی کو یقینی بنانے اور ملازمین کے بیمہ فوائد کا تحفظ کرتے ہوئے اداروں کو راحت فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

  • متبادل سرمایہ کاری فنڈز (اے آئی ایف) میں سرمایہ کاری: بورڈ نے اصولی طور پر اس تجویز کی منظوری دی کہ نئی جمع شدہ رقم کے 3 فیصد تک حصے کو اہل متبادل سرمایہ کاری فنڈز میں لگانے کی اجازت دی جائے۔ یہ سرمایہ کاری مجموعی سرمایہ کاری کی موجودہ مقررہ حد کے اندر رہتے ہوئے، ابتدائی طور پر حکومت کی پشت پناہی والے اداروں کے ذریعے کی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد مقررہ حفاظتی اقدامات اور سرمایہ کاری کی نگرانی کو یقینی بناتے ہوئے ای پی ایف او کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں تنوع پیدا کرنا ہے۔
  • ای پی ایف کی استثنائی حیثیت سے دست برداری یا اسے منسوخ کرنا:27اداروں کی جانب سے استثنائی حیثیت سے دست برداری اور چار اداروں کی استثنائی حیثیت منسوخ کرنے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ان معاملات کے تحت تقریباً 5,996 کروڑ روپے کی جمع شدہ پروویڈنٹ فنڈ کی رقم ای پی ایف او کو منتقل کی جائے گی، جس سے 1,44,437 اراکین کے کھاتے ای پی ایف او کے براہِ راست انتظامی کنٹرول میں آجائیں گے۔
  • سی آئی ٹی ای ایس 2.0 کا نفاذ: بورڈ کو سینٹرلائزڈ آئی ٹی این ایبلڈ سسٹم (سی آئی ٹی ای ایس) 2.0 کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ یہ سی ڈیک کے ذریعے تیار کردہ ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو یو اے این پر مبنی ہے اور ای پی ایف او کی خدمات کو جدید بنانے کے لیے وضع کیا گیا ہے۔ سی آئی ٹی ای ایس 2.0 کے نفاذ کے بعد دعووں کی خودکار کارروائی کی شرح، مجموعی طور پر نمٹائے گئے دعووں کے 39 فیصد سے بڑھ کر 71 فیصد ہوگئی ہے۔ پیشگی توثیق، زیادہ خودکاری اور رقم نکالنے کی آسان شرائط متعارف کرانے سے دعوے مسترد ہونے کی مجموعی شرح 23 فیصد سے کم ہوکر 7.82 فیصد رہ گئی ہے۔ دعووں کی مجموعی کارروائی اور ان کے تصفیے کا اوسط وقت بھی 11.15 دن سے گھٹ کر 2.57 دن رہ گیا ہے۔
  • ای پی ایف او کے مالی سال  27-2026 اور 28-2027 کے بجٹ تخمینے: بورڈ نے ای پی ایف، ای پی ایس اور ای ڈی ایل آئی اسکیموں کے تحت ای پی ایف او کے مالی سال 27-2026 کے نظرثانی شدہ تخمینوں اور مالی سال28-2027 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دی۔ ان تخمینوں میں متوقع وصولیوں، آمدنی اور اخراجات کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ ای پی ایف او کے فنڈز کی مؤثر مالی منصوبہ بندی اور انتظام کو یقینی بنایا جاسکے۔

سی بی ٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز ملک کے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم بنانے، ریٹائرمنٹ کی بچت تک رسائی میں زیادہ لچک فراہم کرنے، پنشن کے انتظام کو پائیدار بنانے، اراکین کی سرمایہ کاری کے تحفظ اور ای پی ایف اراکین و پنشن یافتگان کو ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے ای پی ایف او کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

***

ش ح۔ ا ک۔اش ق 

Urdu_Release_ 7911


(ریلیز آئی ڈی: 2338649) وزیٹر کاؤنٹر : 10