پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 4:24PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی 20 نومبر 2026 کو شام تقریباً 5 بج کر 30 منٹ پر نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے فورم کا افتتاح کریں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
20 سے 22 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والے اس فورم کا مقصد خطے کے مالا مال اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تہذیبی ورثے کا جشن منانا، عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور بین الثقافتی مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ پہل 2025 میں چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ ایس سی او سربراہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کی جانب سے ایس سی او کے تحت تہذیبی مکالمے کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز پر مبنی ہے۔ بعد ازاں ایس سی او کے بشکیک اعلامیے میں بھی اس تجویز کا خیرمقدم کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ‘‘تہذیبوں کے درمیان مکالمہ – ثقافتی شو’’ پیش کیا جائے گا، جس میں موسیقی، رقص، بصری قصہ گوئی اور بیانیے کو یکجا کیا جائے گا۔‘‘وسودھیو کٹمبکم – پوری دنیا ایک کنبہ ہے’’ کے موضوع پر مبنی یہ پیشکش ہندوستان اور یوریشیا کے درمیان ثقافتی روابط کو اجاگر کرے گی۔
اس فورم میں ہندوستان کے آثارِ قدیمہ، فنون اور ادبی ورثے کو اجاگر کرنے والی نمائشیں بھی پیش کی جائیں گی، جن کا عنوان ‘‘استِتو – ہمارے وجود کا جوہر’’ہے۔ اس نمائش میں 1200 قبل مسیح سے 1200 عیسوی تک کے آثارِ قدیمہ کی بنیاد پر دہلی کی تاریخ کو ایک منفرد اور جامع انداز میں پیش کیا جائے گا۔ اس میں کھدائی کے دوران ملنے والی باقیات، نوادرات، تعمیراتی اجزا اور دیگر اہم دریافتیں شامل ہوں گی۔ ‘‘مہابھارت اسکرول پویلین – اننت: مہابھارت کا ایک نایاب 18ویں صدی کا طومار’’ بھی نمائش کا حصہ ہوگا، جس میں ہندوستان کی عظیم رزمیہ اور فنکارانہ روایات کی عکاسی کرنے والا مصور طومار پیش کیا جائے گا۔
21 اور 22 نومبر کو چار موضوعاتی اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں دانشور، ماہرینِ تعلیم، متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور ثقافتی نمائندے شرکت کریں گے۔ ان اجلاس میں موسیقی اور فنونِ لطیفہ، ٹیکسٹائل، کھانوں اور روایتی کھیلوں سمیت ثقافتی اظہار کی مختلف صورتوں، فن اور فنِ تعمیر کی مشترکہ روایات، زبان و ادب کی روایات بشمول رسم الخط اور مخطوطات، نیز خانقاہی راستوں اور فلسفیانہ روایات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ف ر
U.NO.7907