مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پی ایم سواندھی سمان ایوارڈز 2026 ریہڑی پٹری والےدکانداروں کی روزی روٹی کو مضبوط بنانےمیں کئےگئےشاندار کام کوتسلیم کرتاہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 11:06AM by PIB Delhi

شہری ترقی کا محکمہ وزارتِ ہاؤسنگ اور شہری امور(ایم او ایچ یو اے)، حکومتِ ہند،20نومبر 2026کو نئی دہلی کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں سواندھی سمان ایوارڈز 2026کا انعقاد کرے گا۔ یہ ایوارڈز مکانات اور شہری امور کے معزز مرکزی وزیر جناب منوہر لال کے ہاتھوں پیش کیے جائیں گے۔ اس موقع پر مکانات اور شہری امور کے معزز وزیر مملکت جناب توکھن ساہو مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے موجود رہیں گے۔

اس تقریب میں 52ایوارڈز اور5مخصوص اعزازات پیش کیے جائیں گے۔ ان کے ذریعے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، شہری مقامی اداروں(یو ایل بیز)، قرض فراہم کرنے والے اداروں اور شراکت دار تنظیموں کی ان نمایاں خدمات کا اعتراف کیا جائے گا، جو خوانچہ فروشوں کے ذریعۂ معاش کو مستحکم بنانے، مالی شمولیت کو فروغ دینے، ڈیجیٹل سہولیات کے استعمال کو وسعت دینے اور سماجی تحفظ کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں انجام دی گئی ہیں۔ اس اسکیم سے وابستہ مختلف متعلقہ فریقوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً600افراد کی اس تقریب میں شرکت متوقع ہے۔ ان ایوارڈز کے ذریعے درج ذیل زمروں میں نمایاں کارکردگی کا اعتراف کیا جائے گا:

  • ریاستیں/مرکز کے زیرِ انتظام علاقے: 16ریاستوں اور 3 مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو 27 ایوارڈز۔
  • شہری مقامی ادارے: 21 ایوارڈز۔
  • قرض فراہم کرنے والے ادارے: 4 ایوارڈز
  • اہم متعلقہ فریق5: مخصوص اعزازات

 

اسکیم کا خلاصہ

یکم جون 2020ء کو آغاز کے بعد سے پی ایم سواندھی اسکیم کے تحت تقریباً 81 لاکھ خوانچہ فروشوں کو 1.21 کروڑ سے زائد قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 20,000 کروڑ روپے ہے۔ اگست 2025ء میں حکومت نے اس اسکیم کی ازسرنو تشکیل کی اور اس پر عمل درآمد کی مدت مارچ 2030ء تک بڑھا دی۔ اس کے ساتھ ہی اسکیم کا دائرہ وسیع کرنے اور مالی شمولیت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اہم اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔ ان میں شامل ہیں:

  • خوانچہ فروشوں کی بدلتی ہوئی قرض کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قرض کی تینوں قسطوں کی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔
  • دوسری قسط کا قرض ادا کرنے والے اہل مستفیدین کے لیے یو پی آئی سے منسلک رو پے کریڈٹ کارڈ متعارف کرایا گیا ہے۔ جس کی قرض کی حد 30,000 روپے تک ہوگی۔
  • جغرافیائی دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے قانونی طور پر تسلیم شدہ شہروں کے علاوہ مردم شماری میں درج قصبوں اور شہری مضافاتی علاقوں کو بھی اس اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔

 

قرض کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ، یہ اسکیم ’سواندھی سے سمردھی‘ کے ذریعے خوانچہ فروشوں کے خاندانوں کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی فروغ دیتی ہے۔ اب تک 52 لاکھ سے زائد مستفید خاندانوں کی سماجی و اقتصادی پروفائلنگ مکمل کی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں مرکزی حکومت کی 8 فلاحی اسکیموں کے تحت 1.62 کروڑ سے زیادہ منظوریوں کا عمل مکمل ہوا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 50 اسٹریٹ فوڈ ہب قائم کرنے اور خوانچہ فروشوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے پروگراموں کے ذریعے خوانچہ فروشی کے نظام کو بھی مستحکم کیا جا رہا ہے۔ ان پروگراموں میں غذائی اشیا کے تحفظ اور صفائی ستھرائی سے متعلق تربیت بھی شامل ہے۔

***************

ش ح –م ح-ع د

U-No. 7878


(ریلیز آئی ڈی: 2338317) وزیٹر کاؤنٹر : 5