پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 11:09AM by PIB Delhi
ہندوستانی علمی نظام کے شعبے (آئی کے ایس ڈویژن)، وزارت تعلیم، حکومت ہند اور سی ایس آئی آر کی روایتی علوم سے وابستہ ’ٹریڈیشنل نالج ڈیجیٹل لائبریری‘ (سی ایس آئی آر-ٹی کے ڈی ایل) یونٹ نے آج روایتی علم، تخلیقی و اختراعی حقوق، روایتی علم پر عوام کے حقوق اور روایتی علم کی ڈیجیٹل لائبریری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔
اس مفاہمت نامے پر پروفیسر گنتی ایس مورتی، پروفیسر، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اندور اور وزارتِ تعلیم کے شعبۂ ہندوستانی علمی نظام کے قومی رابطہ کار اور ڈاکٹر وشوجننی جے ستّیگیری، سائنس دان-ایچ اور سربراہ، سی ایس آئی آر-ٹی کے ڈی ایل یونٹ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رگھو راما بھٹہ، کنٹرولر آف ایڈمنسٹریشن، شعبۂ ہندوستانی علمی نظام اور دونوں اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
یہ معاہدہ 29 جون 2023 کو طے پانے والے اس مفاہمت نامے کو مزید آگے بڑھاتا ہے، جس پر سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور سی ایس آئی آر کے ڈائریکٹر جنرل اور سائنسی و صنعتی تحقیق کے محکمے (ڈی ایس آئی آر) کے سکریٹری ڈاکٹر این کالیسیلوی کی موجودگی میں دستخط کیے گئے تھے۔

گزشتہ مفاہمت نامےکے تحت دونوں اداروں نے روایتی علم، تخلیقی و اختراعی حقوق اور روایتی علم پر عوام کے حقوق کے موضوعات پر مشترکہ طور پر 11 ورکشاپس منعقد کیں۔ ان ورکشاپس سے طلبہ، تحقیقی اسکالرز، اساتذہ، سائنس دانوں، فوجی اہلکاروں، یوگا کے تربیت کاروں اور پروجیکٹ سے وابستہ افراد سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے استفادہ کیا۔ ان ورکشاپس میں تمل ناڈو، کرناٹک، مہاراشٹر، اتر پردیش، مغربی بنگال، دہلی، پنجاب، جموں و کشمیر، کیرالہ، گجرات، آندھرا پردیش، راجستھان، پڈوچیری اور چھتیس گڑھ سمیت کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے شرکاء نے حصہ لیا۔
اس اشتراک کے تحت تعلیمی اور تربیتی پروگرام، سیمینار، ویبینار، کانفرنسیں، نمائشیں اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر مشترکہ اشاعتیں بھی شامل رہی ہیں۔ ان تمام سرگرمیوں کا خاص مقصد ہندوستان کے روایتی علوم کے بارے میں بیداری اور سمجھ بوجھ کو فروغ دینا اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس موقع پر پروفیسر گنتی ایس مورتی نے دونوں اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور اس تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مقاصد اور ہندوستانی علمی روایت پر مبنی ’آتم نربھر بھارت‘ کے وژن کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ہندوستانی تعلیمی نظام اور روایتی علم سے متعلق تخلیقی و اختراعی حقوق کے مختلف پہلوؤں، خصوصاً پیٹنٹ، حقِ اشاعت اور جغرافیائی اشاروں کے بارے میں رہنمائی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے روایتی علم کے حامل افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے علم کے اصل ماخذ اور علم برداروں کو مناسب طور پر تسلیم کرنے کا مضبوط نظام تیار کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے روایتی علم کے تحفظ کے لیے مناسب قانونی طریقۂ کار تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔
سی ایس آئی آر-ٹی کے ڈی ایل یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر وشوجننی جے ستّیگیری نے کہا کہ اس تعاون کے تحت منعقد کی گئی ورکشاپس کو نوجوان اساتذہ، طلبہ اور شراکت اداروں کی جانب سے حوصلہ افزا ردعمل حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری ہندوستان کے روایتی علم کو اپنانے، اس پر تحقیق و ترقی کرنے اور اس کی بنیاد پر اختراع کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی اہم رول ادا کرے گی۔
انہوں نے روایتی علم کے حامل افراد کو اس سے حاصل ہونے والے فوائد میں منصفانہ حصہ دینے اور ملک کے بیش قیمت علمی ورثے کو محفوظ رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ اسے موجودہ دور کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جاسکے اور آنے والی نسلوں تک پہنچایا جاسکے۔
دونوں اداروں نے تعلیم، تحقیق، اختراع اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے ہندوستان کے روایتی علمی نظام کو نئی زندگی دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس شراکت داری کا مقصد ’بھارتیہ گیان سریتا‘ اور ٹریڈیشنل نالج ڈیجیٹل لائبریری کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان کے روایتی علم کے تحفظ، اس کے حقوق کی حفاظت اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے، تاکہ وکست بھارت 2047 کے قومی وژن کی تکمیل میں تعاون فراہم کیا جاسکے۔
****
ش ح۔ ش ب ۔ ص ج
U. No-7877